• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

چنڈی گڑھ ایئرپورٹ پر خاتون اہلکار نے کنگنا رناوت کو طمانچہ رسید کردیا

Updated: June 06, 2024, 10:00 PM IST | New Delhi

چنڈی گڑھ ایئرپورٹ پر اداکارہ اور سیاستداں کنگنا رناوت کو سی آئی ایس ایف کی ایک خاتون اہلکار نے مبینہ طور پر تھپڑ رسید کردیا۔ خبروں کے مطابق خاتون اہلکار کسانوں کے احتجاج کے متعلق کنگنا کے بیان سے برہم تھیں۔

Kangana Ranaut and female officials. Image: X
کنگنا رناوت اور خاتون اہلکار۔ تصویر: ایکس

حال ہی میں لوک سبھا انتخابات میں منڈی (ہماچل پردیش) سے ممبر آف پارلیمان منتخب ہونے والی اداکار کنگنا رناوت کو ایک سی آئی ایس ایف اہلکار نے چنڈی گڑھ ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر ایک زور دار تھپڑ جڑدیا۔اس واقعے کے بعد کانسٹبل کو معطل کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔خبروں کے مطابق چنڈی گڑھ ایئرپورٹ پر سی آئی ایس ایف خاتون آفیسر اور کنگنا رناوت کے درمیان کسی معاملے میں بحث ہوگئی تھی۔ ایئرپورٹ سیکوریٹی کے دوران جب کنگنا کو ان کا اسمارٹ فون ٹرے میں رکھنے کیلئے کہا گیا تو انہوں نے انکار کردیا اور خاتون اہلکار کو دھکا بھی دیا جس کے بعد اہلکار نے انہیں طمانچہ رسید کردیا۔کنگنا دہلی کیلئے دوپہر ۳؍ بجے وستارا کے طیارے سے پرواز کررہی تھیں۔

دہلی آنے کے بعد انہوں نے سی آئی ایس ایف کی ڈائریکٹر جنرل نینا سنگھ اور دیگر اہلکاروں کو اس واقعہ کے متعلق بتایا۔ مزید تحقیقات کے لیے سی آئی ایس ایف کے سینئر افسران پر مشتمل ایک انکوائری کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر نے اس واقعے کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے میڈیا کے ساتھ خیر خواہوں کے بھی فون آ رہے ہیں۔ مَیں بتانا چاہتی ہوں کہ میں بالکل ٹھیک ہوں۔‘‘ 

کنگنا نے کہا کہ یہ واقعہ چندی گڑھ ہوائی اڈے پر سیکوریٹی چیکنگ کے دوران پیش آیا، اور دعویٰ کیا کہ انہیں تھپڑ مارا گیا کیونکہ سی آئی ایس ایف کے اہلکاروں نے ’’کسانوں کے احتجاج کی حمایت‘‘ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’’جیسے ہی میں سیکوریٹی چیک سے باہر آئی، دوسرے کیبن میں سی آئی ایس ایف کی خاتون اہلکار میرے پاس آئی اور مجھے تھپڑ مار کر گالیاں دینے لگی۔ جب میں نے اس سے پوچھا کہ اس نے ایسا کیوں کیا، تو اس نے کہا کہ وہ کسانوں کی حامی ہیں۔ مَیں محفوظ ہوں لیکن مجھے پنجاب میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے بارے میں تشویش ہے۔‘‘ خبروں کے مطابق خاتون اہلکار کسانوں کے احتجاج کے متعلق کنگنا کے بیان سے برہم تھیں۔ کنگنا نے کسانوں کے متعلق کہا تھا کہ وہ ۲۰۰؍ روپے لے کر احتجاج میں شریک ہوئی ہیں جبکہ خاتون اہلکار کا کہنا ہے کہ اس احتجاج میں ان کی والدہ بھی شامل تھیں اس طرح کنگنا نے نہ صرف ان کی ماں بلکہ احتجاج میں شامل ہر کسان کی توہین کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK