اس شہرکو پنویل سے جوڑنے کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔ لوکل ٹرین کیلئے ڈبل پٹریاں بچھائی جائیں گی۔ دونوں منصوبے کی تکمیل کی مدت مارچ ۲۰۲۵ء طے کی گئی ہے
EPAPER
Updated: December 17, 2022, 10:17 AM IST | Mumbai
اس شہرکو پنویل سے جوڑنے کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔ لوکل ٹرین کیلئے ڈبل پٹریاں بچھائی جائیں گی۔ دونوں منصوبے کی تکمیل کی مدت مارچ ۲۰۲۵ء طے کی گئی ہے
گلا ریل مرکزکرجت میں ہوگا! پنویل سے جڑنے والی ایک نئی لوکل لائن کے بعد شہر میں اس ریلوے ٹرمنس کو ’ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ ہب‘ کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ دونوں منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔ مرکزی وزیرریل اشوینی وشنو نے اس بارے میں کہا کہ کرجت جنکشن پر ملٹی ماڈل ہب، وزیر اعظم کے گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان (پی ایم جی ایس - این ایم پی ) کے تحت لوگوں، سامان اور خدمات کی نقل و حمل کیلئے، نقل و حمل کے ایک موڈ سے دوسرے تک مربوط اور ہموار رابطہ فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بنیادی ڈھانچے کے آخری میل کو جوڑنےکی سہولت فراہم کرے گا اور لوگوں کیلئے سفر کا وقت بھی بچے گا۔
اس بارے میں حکام نے بتایا کہ کرجت اور کھپولی سیکشن کے درمیان پلاسدھاری میں نیا گرین فیلڈ ’گتی شکتی ملٹی ماڈل کارگو ٹرمنل ‘ زیر تعمیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹرمنل سیمنٹ، غذائی اجناس کی اندرونی ٹریفکنگ اور کنٹینروں کی بیرونی ٹریفکنگ میں تیزی لائے گا نیز مال بردار ٹریفک کو فروغ دے گا۔ اس کے علاوہ ممبئی ریلوے وکاس کارپوریشن (ایم آر وی سی ) پنویل اور کرجت کے درمیان ایک نئی مضافاتی لائن بنائی جا رہی ہے۔ ایک سینئر ریلوے افسر کے مطابق ’’اس وقت یہ ریلوے لائن سامان اور چند طویل مسافتی ٹرینوں کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔ تاہم چونکہ نوی ممبئی، خاص طور پر پنویل اور اس کے آس پاس حالیہ برسوں میں قابل ذکر شہری کاری اور آبادی میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اس لئے کرجت کی طرف علاقہ بھی تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ پنویل کے راستے کرجت تک مضافاتی ٹرین خدمات بڑھانے کے مطالبے میں شدت آرہی ہے۔ اس لئے پروجیکٹ کو پنویل اور کرجت کے درمیان ڈبل لوکل ٹرین لائن مضافاتی راہداری کیلئے منظوری دی گئی ہے اور زمینی کام اور پلوں کا کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔
ایم آر وی سی کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر سبھاش چند گپتا نے کہا کہ ’’آئندہ پنویل- کرجت مضافاتی کوریڈور ممبئی سی ایس ایم ٹی سے کرجت تک کے سفر کے وقت میں کم از کم ۲۵؍ سے ۳۰؍منٹ تک کمی کرے گا۔ اس سے علاقے کی تیز رفتار اقتصادی ترقی ممکن ہو سکے گی۔‘‘
پنویل-کرجت مضافاتی لائن تقریباً ۲۹ء۶؍ کلومیٹر طویل ہے جس میں ۵؍اسٹیشن، ۳؍ سرنگیں، ۲؍ ریل فلائی اوور،۴۴؍ بڑے اور چھوٹے پل، سڑکوں کے نیچے بنائے جانے والے ۱۵؍پل اور ۷؍ روڈ اوور پل شامل ہیں۔ ایم آر وی سی کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل کی مدت مارچ ۲۰۲۵ء طے کی گئی ہے۔