Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

آگرہ میں رام جی لال کی رہائش گاہ پرکرنی سینا کا حملہ

Updated: March 27, 2025, 9:49 AM IST | Agra

تنظیم کے کارکنان کی ان کے گھر میں گھسنے کی کوشش ،پولیس کے ساتھ جھڑپ

Police are deployed outside Ramji Lal Saman`s residence in Agra. (PTI)
آگرہ میں رام جی لال سمن کی رہائش گاہ کے باہر پولیس تعینات ہے ۔(پی ٹی آئی )

کرنی سینا کے کارکنوں نے رانا سانگا (۱۵۲۸ء-۱۴۸۲ء)کو `’غدار‘ کہنے والے سماجوادی پارٹی کے  رکن پارلیمنٹ (راجیہ سبھا) رام جی لال سمن کے آگرہ کے گھر پر حملہ کیا۔مظاہرین نے ان کے گھر میں گھسنے کی کوشش کی جس کے بعد پولیس اور کرنی سینا کے درمیان شدید  جھڑپ بھی ہوئی ۔ اس جھڑپ میں کئی پولس اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ کرنی سینا کے کارکن بلڈوزر لے کر رام جی لال کی رہائش گاہ پہنچے۔ انہوں نے گاڑیوں کو بھاری نقصان پہنچایا۔ان کے خلاف ملک میں کئی مقامات پر احتجاج جاری ہے اورخاص طور پر راجپوت برادری میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
رام جی لال نے کیا کہا تھا؟
 واضح رہےکہ رام جی لال نے راجیہ سبھا میں کہا تھا کہ ’’ہندوستانی مسلمان بابر کو اپنا آئیڈیل نہیں مانتے۔ وہ پیغمبر اسلام اور صوفی روایت کی پیروی کرتے ہیں لیکن میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ بابر کو یہاں کون لایا؟ رانا سانگا نے ہی ابراہیم لودھی کو شکست دینے بابر کو ہندوستان آنے کی دعوت دی تھی۔ لہٰذا اگر مسلمانوں کو بابر کی اولاد کہا جاتا ہے تو ہندو غدار رانا سانگا کی اولاد ہونے چاہئیں۔ ہم بابر پر تنقید کرتے ہیں لیکن رانا سانگا پر تنقید کیوں نہیں کرتے؟‘‘منگل کو راجپوت تنظیم نے بھوپال میں ایس پی آفس کے باہر مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اور رام جی لال سمن کے پتلے جلائے ۔ تنازع بڑھنے کے بعد رام جی لال سمن نے کہا کہ میرے بیان سے سماج کے کچھ طبقات کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔حالانکہ میرا  ایساکوئی ارادہ نہیں تھا۔ مجھے اس سے تکلیف ہوتی ہے۔ میں تمام ذاتوں، طبقات اور برادریوں کا  پورااحترام کرتا ہوں۔
  اس تنازع پر اتر پردیش کے  وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کیا صرف وہی لوگ تاریخ جانتے ہیں جو جناح کی تعریف کرتے ہیں؟ یہ وہی لوگ ہیں جو بابر، اورنگزیب اور جناح کی تعریف کرتے ہیں۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ملک، ہندوستان کی وراثت اور ہندوستان کے عظیم آدمیوں کے تئیں ان کے جذبات کیا ہوں گے۔یوگی نے مزید کہا کہ یہ لوگ مہارانا پرتاپ، رانا سانگا، چھترپتی شیواجی مہاراج اور گرو گووند سنگھ کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK