مقامی افراد اور شیوسینا(شندے) کے لیڈر نے میونسپل کارپوریشن آفس کے سامنے احتجاج کیا ۔ پولیس نےفرقہ وارانہ کشیدگی کا اندیشہ ظاہر کیا تھا
EPAPER
Updated: June 11, 2024, 11:24 PM IST | sajid Shaikh | Mumbai
مقامی افراد اور شیوسینا(شندے) کے لیڈر نے میونسپل کارپوریشن آفس کے سامنے احتجاج کیا ۔ پولیس نےفرقہ وارانہ کشیدگی کا اندیشہ ظاہر کیا تھا
عیدالاضحی کے پیش نظر میرابھائندر میونسپل کارپوریشن (ایم بی ایم سی )نے میرابھائندر میں ۲؍ جگہوں پر بڑے جانوروں کی قربانی کیلئے عارضی مذبح کی اجازت دی تھی جن میں اتن کے علاوہ کاشی گاؤں کے ماشاچا پاڑہ میں گوہر شاہ بابا درگاہ کے قریب خالی زمین بھی شامل تھی مگر مقامی افراد کی مخالفت کے بعد شہری انتظامیہ نے اپنی جانب سے جاری کی گئی اجازت منسوخ کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق کاشی میرا کے رضوان ایوب خان نے ۲۲؍مئی ۲۰۲۴ء کو میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کو بقرعید کے موقع پر ۱۷؍ جون سے ۱۹ ؍ جون ۲۰۲۴ ءتک عارضی مذبح کے لئے درخواست دی تھی جسے میونسپل کمشنر سنجے کاٹکر نے ۲۸ ؍مئی ۲۰۲۴ ءکو منظوری دی تھی اور اس ضمن میں ۵ ؍جون ۲۰۲۴ء کو باقاعدہ منظوری کا خط جاری کیا گیا تھا جس میں سخت شرائط رکھی گئی تھی جن میں اجازت دی گئی جگہ کے علاوہ کسی اور مقام پر قربانی نہ کرنے ،قربانی کے سلسلے میں حکومت کی ہدایات اور مہاراشٹر اینیمل پروٹیکشن ایکٹ ۱۹۷۶ء کو ملحوظ رکھنے، مہاراشٹر اینیمل پروٹیکشن( ترمیمی ) ایکٹ ۱۹۹۵ء پر عمل درآمد کرنے ،مذبح کے اطراف کم از کم ۸ ؍فٹ چٹائی کی دیوار لگانے، نقل و حمل کے دوران گوشت کو مکمل طور پر ڈھانپنے جیسی ہدایات دی گئی تھیں۔
میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد مقامی افراد میں اس کے خلاف ناراضگی پیدا ہو گئی ۔ شیوسینا( شندے ) کے مقامی لیڈر رام بھون شرما نے اس کی پُرزور مخالفت کی ۔ انہوں نے اس کے خلاف میونسپل کمشنر کو مکتوب لکھا اور بڑی تعداد میں مقامی افراد کے ساتھ میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر پر احتجاج بھی کیا ۔ رام بھون شرما نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب مجھے پتہ چلاکہ کاشی میرا کےماشاچا پاڑہ میں درگاہ کے قریب ڈپٹی میونسپل کمشنر روی پوار نے عارضی مذبح کی اجازت دی ہے تو ہم نے اس کی مخالف کی۔ اتنے برسوں میں کاشی میرا میں کبھی اس کی اجازت نہیں دی گئی ۔اس معاملے میں عوامی نمائندوں اور پولیس کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ علاوہ ازیں درگاہ کے ٹرسٹی بلال پٹیل نے بھی اس کی مخالفت کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس عارضی مذبح سے فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلنے کا اندیشہ ہے کیونکہ درگاہ کے قریب دھاراوی ماتا کا مندر بھی ہے۔ وہاں مذبح کی اجازت دینا مناسب نہیں ہے۔
میرابھائندر میونسپل کارپوریشن نے احتجاج کے پیش نظر عارضی مذبح کی اجازت منسوخ کر دی۔ ۱۰ ؍ جون ۲۰۲۴ ءکو رضوان ایوب خان کو لکھے اپنے خط میں شہری انتظامیہ نے منسوخی کیلئے کاشی میرا پولیس اسٹیشن کی رپورٹ کا حوالہ دیا جس میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے اندیشے کا ذکر کیا گیا ہے ۔