Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’کشمیر کا بچہ بچہ سیاحوں پر حملے کی مذمت کرتا ہے ‘‘

Updated: April 25, 2025, 10:41 AM IST | Agency | Srinagar

کشمیری عوام سے لے کر لیڈران تک سبھی نے پہلگام حملے کی سختی سے مذمت کی، سیاحوں سے واپس آنے کی اپیل کی۔ کہا:عوام وادی کی ترقی اور امن چاہتے ہیں۔

Despite the terrorist attack, hundreds of tourists were present for the `gondola ride` in the famous tourist destination of Gulmarg. Photo: PTI
دہشت گردانہ حملے کے باوجود مشہور سیاحتی مقام گلمرگ کی ’گنڈولا رائڈ‘ کیلئے سیکڑوں سیاح موجود تھے۔ تصویر: پی ٹی آئی

جموں کشمیر کے مشہور  سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کی کشمیری لیڈروں اور مقامی شہریوں نے  سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اپیل کی ہے کہ وادی میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے یہاں سیاحتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔ 
مقامی افراد کی اپیل  
  مقامی لوگوںکا کہنا ہے کہ کشمیر کا بچہ بچہ سیاحوں اور کشمیر کے مہمانوں پر اس طرح کے بزدلانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہے۔ ایک طرف جہاں دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے مطالبے میں شدت آگئی ہے دوسری طرف وہیںکشمیری عوام کے خلوص و جذبے کی بھرپور ستائش بھی ہو رہی ہے۔ کشمیری عوام نے سیاحوں سے کشمیر نہ چھوڑنے اور فوراً واپس آنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنے سیاحوں کی حفاظت ہم خود کریں گے اس لئے کوئی بھی سیاح   نہ گھبرائے بلکہ ہم پر اعتماد کرے۔ ہم ان کا بھروسہ کسی بھی قیمت پر نہیں توڑیں گے ۔ ان دہشت گردانہ حملوں کی مذمت میں  ملک کے مسلمان بھی پیچھے نہیں ہیں۔ انہوں نےکھل کر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس سے لے کر مذمتی ریلیاں نکالنے  تک ان حملوں کی کھل کر مذمت کی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ اب جمعہ کو ملک بھر کی مساجد سے دہشت گردی کی مذمت میں پیغامات نشر کئے جائیں گے۔ 
غلام نبی آزاد کا مطالبہ 
  اس سلسلے میں سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے کہا کہ جموں کشمیر کا ہر بچہ اس بزدلانہ حملے کی مذمت کرتا ہے۔ یہ کشمیر کی روایت ہی نہیں ہے کہ وہ اپنے مہمانوں کے ساتھ ایسا سلوک کرے۔ یہ حرکتیں پاکستان کی جانب سے ہوتی ہیں ۔ اس لئے اب وقت آگیا ہے کہ اسے روکنے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ورنہ وہاںسے ایسے حملے آگے بھی ہوسکتے ہیں۔ میرا مرکز سے مطالبہ ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستان کا ناطقہ بند کرے۔
  جمعیۃ علماء ہند نے سخت مذمت کی 
 مسلمانوں کی اہم تنظیموں میںسے ایک جمعیۃ علماء ہند نے اس واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی کوششوں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک کینسر ہے جو اسلام کے پیغامِ امن کے سراسر خلاف ہے۔ اسے روکنے کے لئےحکومت کو ہر ممکن قدم اٹھانے چاہئیں۔ صدر جمعیۃ علماء مولانا ارشدمدنی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ سیاحوں پر حملے کے بعد جو رپورٹس سامنے آئی ہیں ان سے واضح ہو گیا ہے کہ عام کشمیری لوگ دہشت گردی کے خلاف ہیں اورحکومت کے ساتھ ہیں۔ وہ خطے میں امن و امان اورترقی چاہتے ہیں۔ حکومت کو  عام کشمیریوںکو اعتماد میں لے کر دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنی چاہئے۔  انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر جن لوگوں نے حملے کئے ہیں وہ اس مذہب کو بدنام کررہے ہیں۔ اسلام میں کہیں بھی بے گناہوں کو نشانہ بنانے کی بات نہیں ہے۔ہم ایسے لوگوں کو حیوان قرار دیتے ہیں۔ 
۵؍ لاکھ مساجد سے پیغام نشر ہو گا 
 آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے سربراہ امام عمر احمد الیاسی نے اعلان کیا کہ ہندوستان بھر کی ۵ء۵؍ لاکھ سے زائد مساجد میں اس جمعہ کو نمازِ جمعہ کے خطبے کے دوران دہشت گردی کے خلاف سخت پیغام دیا جائے گا اور پہلگام حملے کے متاثرین کے لئے دعائیں کی جائیں گی۔الیاسی نے پہلگام حملے کے تناظر میں منعقدہ بین مذاہب اجلاس کے بعد کہا کہ بے گناہوں کا قتل کسی بھی مذہب، بالخصوص اسلام کے اصولوں کے خلاف ہے۔ یہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ پہلگام کے متوفین اور ان کے اہل خانہ کے  لئے ملک بھر کی تمام مساجد میں دعائیں کی جائیں گی جبکہ امام صاحبان  جمعہ کے خطبے میں دہشت گردی کے خلاف واضح اور سخت پیغام دینے کی کوشش کریں گے۔امام عمیر الیاسی نے حکومت سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ خاطیوں کو فوری طور پر ڈھونڈ نکالا جائے اورقرار واقعی سزا دی جائے۔ ساتھ ہی کسی بھی دہشت گرد کو  ہندوستان کی سرزمین پر دفن کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK