Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

کشمیر: ماہ رمضان المبارک میں مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ،کیلا ۱۵۰؍ روپے درجن

Updated: March 17, 2025, 12:45 PM IST | Agency | Srinagar

وادی سے جڑنے والی اہم سڑکیں بند ہونے کے سبب قیمتیں بڑھی ہیں،پرائس کنٹرول کمیٹیاں قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے میں پوری طرح ناکام۔

A market in Srinagar. Photo: INN
سری نگر کا ایک مارکیٹ۔ تصویر: آئی این این

وادی کشمیر میں رمضان  کے مقدس مہینے میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کیا گیا ہے۔رمضان المبارک میں افطار کا اہم جز کھجور کی قیمت بھی آسمان کو چھو رہی   ہے۔اس وقت سرینگر میں ساگ ۸۰؍ روپیہ فی کلو، آلو ۴۰؍سے۵۰؍ روپیہ فی کلو، بینگن۸۰؍ روپیہ اور کھیرا۵۰؍ روپیہ کے حساب سے فروخت کئے جارہے ہیں۔یہی حال پھلوں کا بھی ہے، رمضان سے قبل ۸۰؍ روپیہ درجن ملنے والے کیلے اس وقت ڈیڑھ سو روپیہ درجن کے حساب سے بیچے جارہے ہیں۔
  رپورٹ کے مطابق گھی ، تازہ دودھ، دہی، مٹن، چاول کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ کیا گیا ہے۔گرچہ محکمہ فوڈ کے اہلکار چند مخصوص بازاروں میں قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کی خاطر دورے کر رہے ہیں لیکن مجموعی طور پر وادی کشمیر میں اس وقت مہنگائی کا دیوقابوسے باہرہو چکا ہے۔حکام کا کہنا ہےکہ وادی سے جڑنے والی اہم سڑکیںبند ہونے کے سبب مہنگائی  میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
 عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہو رہی ہیں۔ رمضان المبارک کے مہینے میں بھی چھوٹے بڑے تاجر لوگوں کو دو دو ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کے بارے میں سوچا بھی نہیں جا سکتا ۔ مقدس مہینے میں ہی پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے لوگ ذہنی کوفت کا شکار ہو گئے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سرینگر کے اہم بازاروں میں ریٹ لسٹ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں لیکن ضلعی انتظامیہ خاطیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لانے سے قاصر نظر آر ہا ہے۔
  عوام کی برہمی کا اندازہ اس سے ہوتا ہے کہ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے یہ مطالبہ تک کیا ہےکہ قصورواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں جیل میں ڈال دیاجائے۔عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK