• Fri, 15 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کشمیر کے پہلے مسلم آئی اے ایس افسر محمد شفیع پنڈت کا انتقال، وزیر اعظم کا اظہارِ تعزیت

Updated: September 20, 2024, 12:01 PM IST | Agency | Srinagar

دہلی کے اسپتال میں آخری سانس لی، مودی نے کہا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی معاشرے کی بہتری کیلئے سرگرم رہے، جے رام رمیش نے انہیں دیرینہ دوست قراردیا۔

Kashmir`s first Muslim IAS officer late Muhammad Shafi Pandit. Photo: INN
کشمیر کے پہلے مسلم آئی اے ایس ا فسر محمدشفیع پنڈت مرحوم۔ تصویر : آئی این این

 کشمیر کے پہلے مسلم انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس (آئی اے ایس) افسر اور جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن (جے کے پی ایس سی) کے سابق چیئرمین محمد شفیع پنڈت جمعرات کو دہلی کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے۔ وہ ۸۰؍ برس کے تھے اور کافی وقت سے علیل تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق، محمد شفیع پنڈت گزشتہ ایک ماہ سے دہلی کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ 
 سری نگر کے سابق مئیر، جنید متو نے `ایکس پر پوسٹ میں کہا ’’میرے پیارے چچا، جے کے پی ایس سی کے سابق چیئرمین اور جموں و کشمیر کے سابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری محمد شفیع پنڈت کا طویل علالت کے بعد دہلی میں انتقال ہو گیا۔ ‘‘ان کی تجہیز وتکفین جمعرات کو سری نگر میں ہوئی۔ 
 محمد شفیع پنڈت۱۹۶۹ء میں سول سروسیز کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے کشمیر کے پہلے مسلمان تھے۔ انہوں نے اپنی ملازمت کے دوران ایک ایسے چیف سیکریٹری کا کردار ادا کیا جس کی مثال جموں و کشمیر میں کبھی نہیں دیکھی گئی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ کشمیر میں مختلف سوِل سوسائٹی سے وابستہ رہے۔ وزیر اعظم مودی نے سری نگر میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’مجھے اطلاع ملی ہے کہ کشمیر کے پہلے آئی اے ایس افسر محمد شفیع پنڈت کا انتقال ہو گیا۔ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی معاشرے کی بہتری کیلئے کام کرتے رہے۔ اس غم کی گھڑی میں ہماری دعائیں مرحوم کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ ‘‘
 سینئر کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا، ’’میرے دیرینہ دوست محمد شفیع پنڈت کا انتقال ہوا۔ وہ ۱۹۶۹ء کےبیچ کے آئی اے ایس افسر تھے اور جموں کشمیر اور مرکز میں کلیدی عہدوں پر فائز رہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے عوامی خدمت کیلئے اپنے آپ کو وقف کیا تھا۔ ‘‘
 جواہر لال یونیورسٹی کے اسکول آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین اور پروفیسر امتیابھ متو نے محمد شفیع پنڈت کو ممتاز سول سرونٹ اور شریف النفس شخصیت قرار دیا۔ ضلع مجسٹریٹ کولگام اطہر عامر خان نے کہا ’’میں گزشتہ نو برسوں سے ان کے ساتھ رابطے میں تھا۔ وہ ایک انتہائی منکسر المزاج اور سخی شخصیت کے مالک تھے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK