• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کیجریوال نے تحریک اعتماد پیش کی ، آج بحث ہوگی

Updated: February 17, 2024, 10:19 AM IST | Agency | New Delhi

دہلی کے وزیراعلیٰ نے کہا’’ آبکاری پالیسی میں کوئی بدعنوانی نہیں ہوئی، اسکے باوجود بی جے پی مجھے اسکی آڑ میں گرفتار کرانا چاہتی ہے۔ ‘‘

Chief Minister Arvind Kejriwal presenting the motion of confidence in the Assembly on the occasion of the budget session. Photo: PTI
بجٹ سیشن کے موقع پر اسمبلی میں تحریک اعتماد پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اروندکیجریوال۔ تصویر:پی ٹی آئی

ایم ایل ایز کی خریدو فروخت کے الزامات اور آبکاری پالیسی میں ای ڈی کے سمن کے درمیان   دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکیجریوال نے اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کیلئے تحریک اعتماد کی تجویز پیش کی ہے۔ عام آدمی پارٹی کے سربراہ کی جانب سے جمعہ کو پیش کردہ تحریک اعتماد پر سنیچر کو بحث ہوگی۔ وزیراعلیٰ کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس ‘ پر لکھا کہ ’’ودھان سبھا میں آج میں وِشواس مت رکھوں گا(تحریک اعتمادپیش کروں گا)۔‘‘  وزیراعلیٰ کیجریوال کی جانب سے تجویز پیش کئے جانے کے بعد   اسپیکر رام نیواس گوئل نے سنیچر کواس پر بحث کرانےکا فیصلہ کیاہے۔
کیجریوال نے یہ الزامات لگائے
 جمعہ کو دہلی ودھان سبھا میں تحریک اعتماد کی تجویز پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نےمودی حکومت پر جم کر لفظی حملے کئے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں پارٹیاں توڑی جارہی ہیں اور جھوٹے معاملات میں پھنساکر حکومتیں گرائی جارہی ہیں۔ کیجریوال نےاراکین اسمبلی کی خریدوفروخت کے متعلق دعویٰ کیا کہ ’’میرے پاس عام آدمی پارٹی کے دو اراکین اسمبلی آئے اور انہوں نے بتایا کہ ان سے کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کو گرفتار کرلیں گے، ہم نے ۲۱؍ ایم ایل ایز کو منالیا ہے۔ ۲۵؍ کروڑ روپے دیں گے اور اپنے ٹکٹ سے انتخاب لڑوائیں گے ۔ ‘‘ کیجریوال نے یہ بھی کہا کہ ’’ہمیں پتہ چلا ہے کہ ایم ایل ایز سے انہوں نے (بی جے پی نے) رابطہ کیا ہے، یہ کئی آپریشن لوٹس کرچکے ہیں۔ ہماری جانکاری کے مطابق تمام ۲۱؍ اراکین اسمبلی نے انہیں  (بغاوت کرنے سے)منع کردیا ہے۔‘‘
 اروند کیجریوال نے آگے کہا کہ ’’آبکاری پالیسی میں کوئی بدعنوانی نہیں ہوئی ہے ، اس کے باوجود بی جے پی مجھے اس کی آڑ میں گرفتار کرانا چاہتی ہے ۔یہ شراب گھوٹالہ کوئی گھوٹالہ نہیں ہے ، یہ جھوٹا کیس کرکے صرف حکومت گرارہے ہیں، دہلی میں یہ پوری زندگی میں انتخاب نہیں جیت سکتے ہیں، لیکن ہمارا ایک بھی ایم ایل اے ٹوٹا نہیں ہے ، یہ ایوان ، کابینہ پر اعتماد رکھتا ہے۔‘‘
پہلے ایجنسی کے ذریعہ ڈرایا اب بینک اکاؤنٹ منجمد کئے :آتشی
 عام آدمی پارٹی نے پریس کانفرنس کرکے بی جے پی سے کارپوریٹ ہاؤس کے ذریعہ دئیے فنڈ کی جانکاری عام کرنے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی کانگریس کے بینک اکاؤنٹ فریز کرنے پر بھی اعتراض جتایا۔ ریاستی وزیر آتشی نے کہا کہ پہلے اپوزیشن کی پارٹیوں کو ایجنسی کے ذریعہ ڈرایا ،دھمکایا  اور اپوزیشن لیڈروں کو جیل ڈالا۔ اب عام انتخابات سے پہلے اپوزیشن پارٹیوں کا بینک اکاؤنٹ فریز ہوں گے۔ عام آدمی پارٹی کا بینک اکاؤنٹ بھی فریز ہوگا، یہ بی جے پی کی بڑی سازش ہے۔ 
 ودھان سبھا میں تحریک اعتمادلانے کے متعلق وزیرسوربھ بھاردواج نے کہا کہ جھارکھنڈ میں وزیراعلیٰ کو گرفتار کیا اور وہاں کی حکومت گرانے کی سازش رچی گئی۔ دہلی کے وزیراعلیٰ نے آج سوچ سمجھ کر ہی تحریک اعتماد پیش کرنے کی گزارش کی ہے۔
دراصل پچھلے دنوں عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا تھا کہ آپ کے اراکین اسمبلی میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش ہورہی ہے۔ اس معاملے میں آپ نے بی جے پی پر الزام لگائے تھے، جس کے بعد بی جے پی نے آپ کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا تھا۔ وہیں دہلی پولیس نے بھی اروند کیجریوال کو نوٹس دے کر ان الزامات کے متعلق ثبوت طلب کئے تھے۔
خیال رہےکہ  اس سے قبل اگست ۲۰۲۲ء اور مارچ ۲۰۲۳ء میں بھی آپ حکومت تحریک اعتماد پیش کرچکی ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK