اسپتال کی صدسالہ تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ڈاکٹروں اورعملے کی ستائش کی۔
EPAPER
Updated: January 23, 2025, 10:34 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
اسپتال کی صدسالہ تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ڈاکٹروں اورعملے کی ستائش کی۔
کے ای ایم اسپتال کے صدسالہ تقریب کے تعلق سے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے بدھ کو اسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسپتال کی طبی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ ممبئی کے شہریوں کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوںیہ ہدایت بھی دی کہ کے ای ایم اسپتال میں کوئی مریض علاج سے محروم نہ ہو، اس کیلئے اسپتال میں مریضوں کے علاج کیلئے گنجائش بڑھائی جائے اور سبسکرپشن فری سسٹم نافذ کیا جائے۔
واضح رہےکہ مذکورہ اسپتال کی صدسالہ تقریب کی مناسبت سے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندےکےہاتھوں اسپتال کی ۲۰۲۴ء کی سالانہ رپورٹ پیش کرنےکےعلاوہ ۲۰۲۵ءکی ڈائری اور اسپتال کے سووینیر کا اجراء کیاگیا۔
اس موقع پر ایکناتھ شندے نے کہاکہ ’’ کے ای ایم اسپتال جس طرح مریضوںکی خدمت کررہاہے ،اس کی ستائش کرنا مشکل ہے۔ یہاں کے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر عملے کا جتنا شکریہ اداکیاجائے کم ہے۔ ان لوگوںکی وجہ سے ممبئی واسی صحت مند ہیں۔ کے ای ایم اسپتال گزشتہ ۹۹؍سال سے یہ ذمہ داری بڑی خوبی سے نبھارہاہے۔آج بھی یہ اسپتال ممبئی اور آس پاس کے مریضوںکی خدمت میں مصروف ہے۔جس طرح ہم اپنے گھر کے بزرگوںکااحترام کرتےہیںاور سمجھتے ہیں کہ وہ ہمارا سہارا ہیں اسی طرح یہ اسپتال ممبئی کے عوام کیلئے ایک سہارا ہے۔ اس اسپتال نے صحت کے شعبے میں نئی سمتیں اور بین الاقوامی معیار قائم کیا ہے۔ یہاں کے عملے نے اروناشانباگ نامی بے ہوش مریضہ کی ۴۱؍سال تک بے لوث خدمت کی جو ایک مثالی کارنامہ ہے۔ ‘‘انہوںنے بھی بتایاکہ’’ ہندوستان میں دل کا پہلا آپریشن ۱۹۶۸ء میں اسی اسپتال میں اور ۲۰۲۴ءمیں پہلاہارٹ ٹرانسپلانٹ بھی یہیں ہواتھا۔ ہندوستانی فضائیہ نے کووڈ ۱۹؍کے وبائی امراض کے دوران یہاں کے ڈاکٹروں اور عملے کی کوششوں کو سراہانے کیلئے ہوائی جہاز سے پھولوں کی بارش کی تھی۔ حال ہی میں دہلی میں اعضاء کے عطیہ کے تعلق سے اس اسپتال کے قابل ستائش کام کیلئے اعزاز سے نوازا گیا۔‘‘