• Mon, 06 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

کھادی کا کاروبار۱ء۵؍لاکھ کروڑ روپے تک پہنچا

Updated: July 29, 2024, 10:55 AM IST | New Delhi

وزیر اعظم نے من کی بات میں کھادی اور ہینڈلوم مصنوعات کو فروغ دینے کی اپیل کی اور کہا : ۷؍اگست کوہم ’نیشنل ہینڈلوم ڈے ‘ منائیں گے۔

In Man Ki Baat, Narendra Modi appealed to the people for the development of Khadi. Photo: INN.
من کی بات میں نریندر مودی نے عوام سے کھادی کی ترقی کیلئے اپیل کی۔ تصویر: آئی این این۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے کھادی اور ہینڈلوم مصنوعات خریدنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم وطنوں کے تعاون سے پہلی بار کھادی کا کاروبار ۱ء۵؍ لاکھ کروڑ روپے کو عبور کر گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ہریانہ کے روہتک ضلع میں ’اُنّتی سیلف ہیلپ گروپ‘ سے منسلک خواتین کی ہینڈلوم مصنوعات کی خاص طورپر تعریف کرتے ہوئے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ انہیں خریدیں اور فروغ دیں۔ 
وزیر اعظم نے اتوار کو اپنے ریڈیو پروگرام من کی بات میں کہا کہ ’’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ کھادی گرام اُدیوگ کا کاروبار پہلی مرتبہ ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کرگیا ہے۔ سوچئے، ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے! اور جانتے ہیں کھادی کی فروخت میں کتنا اضافہ ہوا ہے؟۴۰۰؍ فی صد۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ اس سے ملک میں بڑی تعداد میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیداہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صنعت سے سب سے زیادہ خواتین وابستہ ہیں، اس لئے سب سے زیادہ فائدہ بھی انہیں کو ہوگا۔ 
روہتک میں ہینڈلوم انڈسٹری سے وابستہ خواتین کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی محنت سے ان ڈھائی سو خواتین نے اپنی زندگی میں خوشحالی کے رنگ بھرے ہیں۔ ہینڈلوم کی صنعت سے وابستہ یہ خواتین پہلے چھوٹی دکانیں چلا کر اور چھوٹے چھوٹے کام کر کے اپنی روزی کماتی تھیں۔ بعد میں یہ انتی سیلف ہیلپ گروپ سے وابستہ ہوگئیں اور بلاک پرنٹنگ اور رنگنے کا کام شروع کیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’کپڑوں پر رنگوں کا جادو بکھیرنے والی یہ خواتین آج لاکھوں روپے کما رہی ہیں۔ ان کے بنائے ہوئے بیڈ کور، ساڑھیوں اور دوپٹوں کی مارکیٹ میں بہت زیادہ مانگ ہے اور انہیں پسند کیا جارہا ہے۔ ‘‘
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ روہتک کی ان خواتین کی طرح ملک کے مختلف حصوں میں کاریگر، ہینڈلوم کو مقبول بنانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ’’چاہے وہ ادیشہ کی `سنبلپوری ساڑھی ہو، مدھیہ پردیش کی `ماہیشوری ساڑی ہو، مہاراشٹر کی `پیٹھنی ہو یا ودربھ کی `ہینڈ بلاک پرنٹ ہو، ہماچل کے بھوٹیکو کی شالیں اور اونی کپڑے ہوں یا پھرجموں و کشمیر کی `کانی شالیں ہوں۔ ملک کے کونے کونے میں ہینڈلوم کاریگروں کا کام چھایا ہوا ہے۔ ‘‘
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ کچھ ہی دن بعد ۷؍ اگست کو ہم ’’نیشنل ہینڈلوم ڈے‘‘ منائیں گے۔ ان مصنوعات کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کئی پرائیویٹ کمپنیاں اور اسٹارٹ اپس بھی اے آئی کے ذریعے انہیں بڑھاوا دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ’’یہ اچھی بات ہے کہ بہت سے لوگ اپنے یہاں کی ایسی مقامی مصنوعات کو مقبول بنانے میں مصروف ہیں۔ آپ بھی ’اپنے ہیش ٹیگ مائی پروڈکٹ مائی پرائڈ‘ کے نام سے سوشل میڈیا پر اپنی مصنوعات کو اپ لوڈ کریں۔ آپ کی یہ چھوٹی سی کوشش، بہت سے لوگوں کی زندگیاں بدل دے گی۔ ‘‘لوگوں سے کھادی اور ہینڈلوم کی مصنوعات خریدنے کی اپیل کرتے ہوئےنریندر مودی نے کہاکہ ’’میری آپ سے ایک بار پھر درخواست ہےکہ آپ کے پاس مختلف قسم کے کپڑے ہوں گے اور اگر آپ نے اب تک کھادی کے کپڑے نہیں خریدے ہیں تو اس سال سے شروع کریں۔ اگست کا مہینہ آہی گیا ہے، آزادی کا مہینہ ہے، انقلاب کا مہینہ ہے۔ کھادی خریدنے کا اس سے بہتر موقع کیا ہو سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK