• Mon, 24 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

خادم الحج اب ’حج انسپکٹر‘ کہلائیں گے۔۲۱۳؍امیدواروں کا انٹرویو لیا گیا

Updated: February 24, 2025, 10:49 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

۱۵۰؍حجاج پر ایک حج انسپکٹر کو روانہ کیا جائے گا۔یہ تمام حکومت کے ملازم ہوںگے یا خودمختاراداروں سے تعلق رکھتے ہوں گے۔عازمین حج کی بقیہ ۱۵۰۰؍ ویٹنگ لسٹ بھی کنفرم ہونے کی امید۔

Hajj inspectors for Hajj pilgrims will be selected next week. Photo: INN
عازمین حج کیلئے حج انسپکٹروں کا انتخاب آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔ تصویر: آئی این این

مرکزی حج کمیٹی کی نئی وضع کردہ اصطلاح کے بعد اب خادم الحج ’ حج انسپکٹر‘ کہلائیں گے۔ اس کے لئے ریاستی سطح پر ۳۰۰؍ درخواست دہندگان نے قسمت آزمائی تھی۔ ان میں سے کاغذات کی جانچ پڑتال اور آن لائن ٹسٹ لینے کے بعد ۲۱۳؍ کا گزشتہ روز انٹرویو لیا گیا اور ان میں سے۱۲۵؍ سے ۱۳۰؍ کا حتمی انتخاب آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔ ۱۵۰؍ عازمین پر ایک حج انسپکٹر ہوگا، اس لحاظ سے مہاراشٹر سے جانے والے عازمین کے لئے ۱۲۵؍ سے ۱۳۰؍حج انسپکٹروں کی ضرورت ہوگی۔ 
 دوسری جانب مثبت بات یہ ہے کہ خبر لکھے جانے تک ریاست بھر کے۱۸؍ہزار ۳۰۲؍ عازمین اپنے کاغذات، پاسپورٹ، رقومات اور دیگر مطلوبہ دستاویزات حج کمیٹی میں جمع کراچکے ہیں۔ ۱۵۰۰؍مزید ویٹنگ لسٹ بچی ہوئی ہے۔ امید ہے کہ ان سب کا بھی انتخاب ہوجائے گا۔ اس طرح حج ۲۰۲۵ء کیلئے ریاست بھر کے تقریباً ۲۳؍ ہزار درخواست دہندہ سبھی عازمین کا انتخاب ہوجائے گا۔ صرف وہی عازمین بچیں گے جنہوں نے منتخب ہوجانے کے باوجود کسی سبب حج پر جانے کا ارادہ ملتوی کیا ہے یا وقت مقررہ اور تاریخ میں توسیع کئے جانے کے باوجود رقم نہیں جمع کرائی اور مجبوراً ان کی جگہ دوسرے عازم کو موقع دیا گیا۔ 
 اس دفعہ جن حج انسپکٹروں کو بھیجا جائے گا، وہ تمام حکومت کے ملازم ہوں گے یا وہ خودمختار اداروں سے تعلق رکھتے ہوں گے، پرائیویٹ اداروں میں کام کرنے والوں کو موقع نہیں دیا گیا ہے۔ اس کی وجہ ان کی جواب دہی طے کرنا بتایا گیا ہے۔ 
 حج کمیٹی کے اس دعوے کے ساتھ یہ دیکھنا بھی اہم ہوگا کہ یہ حج انسپکٹر صحیح معنوں میں حجاج کی کس قدر رہنمائی اور ان کی خدمت کرتے ہیں ۔ اس سے قبل بار بار یہ شکایت ملتی رہی کہ خدام الحجاج نے سعودی عرب پہنچنے کے بعد اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی اور حاجی پریشان ہوتے رہے، وہ حجاج کو بے یارو مددگار چھوڑ کر ارکان کی ادائیگی میں مصروف ہوگئے۔ 
 ان حج انسپکٹروں سے انٹرویو کے دوران حج کی معلومات اور کس طرح ضرورت پڑنے پر وہ حجاج کی خدمت کریں گے، کس طرح اداروں یا افسران سے رابطہ قائم کریں گے، آگ لگنے کی صورت میں کیا کریں گے، لفٹ بند ہوجانے یا عازمین کو رہائش کا مسئلہ درپیش ہو تو کیا کریں گے وغیرہ پوچھا گیا۔ 
  انٹرویو لینے کے دوران حج کمیٹی کے چیئرمین آصف عثمان خان، نومنتخب ایگزیکٹیو آفیسر میگھنا گورو شندے، سیکشن آفیسر خدیجہ نائیکواڑے اورحج کمیٹی کے اراکین افضل داؤدانی، عرفان اسماعیل شیخ اور سلیم باغوان موجود تھے۔ 
 ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ حج انسپکٹروں کا انتخاب یا ویٹنگ لسٹ کنفرم ہونے کا عمل جیسے ہی حتمی شکل اختیار کرے گا، عازمین اور حج انسپکٹروں کو فوری طور پر آگاہ کرایا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK