• Sat, 05 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

خامنہ ای کا مسلم اتحاد پر زور، اسرائیل کو سخت انتباہ

Updated: October 05, 2024, 9:44 AM IST | Tehran

۵؍ سال بعدخطبہ دیا اور نمازِجمعہ کی امامت کی، بہت بڑے مجمع سے خطاب کے دوران مسلمانوں کی مشترکہ دفاعی لائن تیار کرنے کی تجویز پیش کی، کہا متحد ہوجائیں!

Iran`s Supreme Leader Ayatollah Khamenei addressing the crowd of thousands present after Friday prayers. (Photo: Courtesy of IRNA)
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نماز جمعہ کے بعد وہاں موجود ہزاروں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے۔(تصویر: بشکریہ اِرنا )

ایران کے رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای ۵؍ سال نہ صرف منظر عام پر آئے بلکہ انہوںنے  تہران کی مرکزی امام خمینی مسجد میں نمازِجمعہ کا خطبہ دیا ، نماز کی امامت کی اور اس کے بعد اپنے خطاب میں اسرائیل اور امریکہ کو سخت پیغام دیتے ہوئے پورے عالم اسلام سے متحد ہونے کی پرزور اور جذباتی اپیل کی ۔ انہوں نے ایران سے غزہ اور یمن سے افغانستان تک مسلم دفاعی لائن بنانے کی تجویز بھی پیش کی ۔  ان کی نماز جمعہ کی  امامت کرنے کی خبر  عام ہوتے ہی تہران کی جامع مسجد میں لاکھوں افراد پہنچ گئے تھے۔ ایک اندازے کے مطابق ۲؍ سے ۳؍ لاکھ لوگوں کا مجمع تھا جو ایران کے اقدامات کی حمایت میں اور اسرائیل کی مخالفت میں نعرے لگارہا تھا ۔   واضح  رہے کہ مسجد میں نمازِ جمعہ سے کئی گھنٹے پہلے ہی عوام کا ہجوم ہو گیا تھا ۔ ایرانی عوام اپنے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا خطبہ سننے اور ان کی اقتداء میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کے لئے بڑی تعداد میں پہنچے تھے ۔
اسماعیل ہانیہ اور حسن نصر اللہ کو خراج عقیدت 
 ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے حماس کے سربراہ اسماعیل  ہانیہ اور لبنان میں حسن نصر اللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت پر دونوں رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا۔  خامنہ ای نے نمازجمعہ میں سورہ العصر تلاوت کی اور حق پر صبر اور استقامت کے ساتھ ڈٹے رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے  جہاد کی اہمیت  بیان کرتے ہوئے کرۂ ارض پر اسلامی نظام کو عافیت کا واحد راستہ قرار دیا۔غور طلب ہے کہ انہوں نے اپنے خطاب میں فارسی کے ساتھ عربی کا بھی استعمال کیا۔ 
امریکہ اور اسرائیل مشترکہ دشمن 
  ایران کے سپریم لیڈر نے امریکہ اور اسرائیل کو امت مسلمہ کا مشترکہ دشمن قرار دیا اور مسلم اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مسلمان اتحاد اور اتفاق کے ساتھ طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کریں اور مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔ خامنہ ای نے اس کے ساتھ ہی  دشمن طاقتوں کو انتباہ بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کا دشمن ایک ہے اور اس کی پالیسی مسلمانوں میں تفرقہ ڈالنے کی ہے۔ ایران کا دشمن ،فلسطین، لبنان، عراق، مصر، شام اور یمن کا دشمن ہے۔انہوں نے کہاکہ جس طرح۷؍ اکتوبر کاحملہ جائز تھا اسی طرح ایران کا اسرائیل پر جوابی حملہ بھی  جائز ہے، ضرورت ہوئی تو ہم مستقبل میں بھی کارروائی کریں گے، ہم اسرائیل کو جواب دینے میں تاخیر نہیں کریں گے اور نہ ہی جلدبازی کا مظاہرہ کریں گے۔
مزاحمت ہمیشہ جاری رہے گی 
  خامنہ ای  نے کہاکہ خطے میں مزاحمت پیچھے نہیں ہٹے گی بلکہ یہ اسرائیلی حکومت کے جرائم کے خاتمے کا باعث بنے گی ۔ حماس کے سربراہ شہید اسماعیل ہانیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فلسطینی حق پر ہیں اور ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ دیگر مسلم ممالک بھی اپنا کردار ادا کریں۔اسرائیل کی ایران پر حملے کی دھمکیوں کے تناظر میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ہر ملک کو اپنے دفاع کا حق ہے۔ ہم حق دفاع کو استعمال کرتے ہوئے اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ 

iran israel Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK