• Thu, 30 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

کھار گھر تبلیغی اجتماع کی تیاریاں مکمل، شرکاء کیلئے۷؍اہم ہدایات

Updated: January 29, 2025, 12:40 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

نگرانی اورصاف صفائی کیلئے ۳؍ہزار رضا کار تعینات کئے جائینگے، حفاظتی انتظامات کے تعلق سے ڈی سی پی کے ہمراہ میٹنگ۔

Focuses installed for lighting on the assembly hall. Picture: Inquilab
اجتماع گاہ پرروشنی کیلئےلگائے گئے فوکس۔ تصویر:انقلاب

نوی ممبئی کھارگھر نوی جمعہ۳۱؍جنوری سے شروع ہونے والے سہ روزہ تبلیغی اجتماع کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ شہر و مضافات اورملک کی الگ الگ ریاستوں سے بڑی تعداد میں شرکاء کی آمد کی امید ہے۔ اسی لئے تیاریاں بھی اسی لحاظ سے۳۵۰؍ ایکڑ وسیع وعریض قطعہ اراضی پر کی گئی ہیں۔ نمائندۂ انقلاب نے اجتماع گاہ میں نگرانی کرنے والے مولانا اسد قاسمی سے استفسار کیا تو انہوں نے بتایا کہ شرکاء اجتماع کی سہولت کی غرض سے ۷؍ اہم نکات پران کی توجہ مبذول کرائی جارہی ہے تاکہ خود ان کو اور ان کے ذریعے دوسروں کو آسانی ہو اور یکسوئی کے ساتھ علماء اور مبلغین وامیر جماعت کے پیغامات کوسماعت کرسکیں۔ 
وہ ۷؍اہم نکات جن پر توجہ دلائی گئی ہے
(۱) تمام شرکاء اجتماع سے درخواست ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ جیسے لوکل ٹرین، بس، ٹیکسی اور آٹو رکشہ کا ہی استعمال کریں (۲) شرکاء اجتماع کی سہولت کی خاطر بیلاپور، کھارگھر اور پنویل ریلوے اسٹیشنوں سے اجتماع گاہ تک تینوں دنوں میں خصوصی سرکاری بسیں اورآٹو رکشہ چلائی جائیں گی(۳) جو لوگ پرائیویٹ بسوں سے آئیں گے وہ اجتماع گاہ پہنچنے کے بعد بسوں کو پارکنگ میں نہ لے جائیں بلکہ واپس بھیج دیں اور اجتماع کے آخری د ن اتوار کو فجر کے بعد سے ظہر تک بسیں اجتماع گاہ (زون پی ۷)پارکنگ میں منگوائیں (۴) جولوگ پرائیویٹ گاڑیوں سے آئیں گے، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اجتماع ختم ہونے کے بعد واپسی میں جلد بازی نہ کریں اورجب تک اجازت نہ مل جائے اس وقت تک رُکے رہیں (۵) اجتماع گاہ میں جمعہ کی نماز ۲؍بجے ہوگی (۶) اتوار کو اجتماع کےآخری دن مغرب کے بعد بیان اوردعا کے بعد فوراً عشاء کی نمازادا کی جائے گی۔ اُس وقت واپسی کی ترتیب یہ ہوگی کہ پہلےپیدل والے نکلیں گے، اس کےبعد دو پہیے کی گاڑیاں پھر کاریں نکلیں گی، اخیر میں بسیں روانہ ہوں گی۔ اس لئے گزارش ہے کہ واپسی میں عجلت نہ کریں (۷) اجتماع گاہ میں حسب ِ ضرورت نقد رقم ساتھ رکھیں، آن لائن ادائیگی نہیں ہوگی۔ سوال کرنے پر اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ زبردست بھیڑ بھاڑ کی وجہ سےنیٹ ورک کام نہیں کرے گا۔ 
 مولانا اسد قاسمی نے یہ بھی بتایاکہ’’ نظام الدین تبلیغی مرکز سے امیر جماعت مولانا سعد کاندھلوی کے ہمراہ ۶۰؍علماء وذمہ داران کا قافلہ ہوگا جو جمعرات کو ممبئی پہنچے گا۔ اس قافلے میں مولانا عبدالستار، مولانا جمشید، بھائی مرسلین اور دیگر ذمہ داران شامل ہیں۔ اجتماع میں سکیوریٹی انتظامات کے تعلق سے ڈپٹی پولیس کمشنر کے ہمراہ تفصیل کے ساتھ میٹنگ کی گئی اور خاص طور پر حفاظتی انتظامات پر بات چیت کی گئی کہ کس طرح نگرانی رکھی جائے تاکہ کوئی اندیشہ نہ رہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK