عشق، دھوکہ اور قتل کے معاملےمیں بھیونڈی پولیس نے مقتول کی محبوبہ اور اس کے ۴؍ساتھیوں کوگرفتارکرلیا۔
EPAPER
Updated: February 20, 2025, 3:17 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
عشق، دھوکہ اور قتل کے معاملےمیں بھیونڈی پولیس نے مقتول کی محبوبہ اور اس کے ۴؍ساتھیوں کوگرفتارکرلیا۔
یہاں پولیس نے ممبئی کے جوگیشوری علاقے ۲۲؍ سالہ اولا ڈرائیور اکرام قریشی کے قتل کے الزام میں اس کی محبوبہ سمیت ۵؍ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ بہیمانہ قتل اتر پردیش میں زمین کے خاندانی تنازع کے سبب ہوا۔ پولیس کی جانب سے موصولہ اطلاع کے مطابق ۱۷؍ جنوری کو جوگیشوری کے رہنے والے اولا ڈرائیوراکرام قریشی (۲۲) اپنی کرایے کی کار لے کر نکلا تھا۔ کچھ نامعلوم افراد نے بھیونڈی کے پوگاؤں علاقے میں تانسا پائپ لائن کے قریب اس پر لوہے کی سلاخ اور پتھروں سے حملہ کر کے بے دردی سے اسے قتل کر دیا اور لاش وہیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
بھیونڈی تعلقہ پولیس نے جب جائے وقوع کے آس پاس لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی تو اکرام قریشی ایک خاتون کے ساتھ جاتا ہوا نظر آیا تھا۔ پولیس نے تکنیکی تحقیقات کی بنیاد پر مشتبہ خاتون جسی تیواری کو حراست میں لے کر سختی سے پوچھ گچھ کی۔ دورانِ تفتیش اس نے قتل کی سازش سے پردہ اٹھایا اور ملزمان کے نام بتائے۔ ملزمہ سے تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ مقتول اکرام قریشی کا اتر پردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ کے علاقے حیدر پور میں اپنی زمین کے معاملے پر کچھ لوگوں سے تنازع تھا جو ۲۰۲۲ء سے چلا آ رہا تھا۔ اسی تنازع کے سبب قاتلوں نے ایک خطرناک سازش تیار کی جس میں محمد کیف قریشی، عصام الدین قریشی، سلمان خان اور سہیل احمد قریشی نے اپنی ساتھی جسی تیواری کی مدد لی۔ ملزم محمد کیف قریشی نے اپنی محبوبہ جسی تیواری کو اکرام قریشی کے قریب کیا اور اسے محبت کے جال میں پھنسانے کا منصوبہ بنایا۔ جسی تیواری نے اکرام سے جھوٹا پیار جتایا اور اسے ملاقات کیلئے بھیونڈی بلایا۔ جب اکرام محبوبہ کی باتوں میں آکر اس سے ملنے پہنچا تو وہ اسے کار میں بٹھا کر ایک سنسان مقام پر لے گئی جہاں پہلے سے چاروں ملزم گھات لگائے بیٹھے تھے۔ وہاں پہنچنے پر ان چاروں نے اکرام پر لوہے کی راڈ اور پتھروں سے حملہ کرکے اسے موت کے گھاٹ اتاردیا۔ اگرچہ واردات کے بعد کوئی سراغ نہیں ملا تھا لیکن پولیس نے مہارت سے معاملے کی تہہ تک پہنچ کر جسی تیواری کو گرفتار کر لیا اور اس کی نشاندہی پر چاروں دیگر ملزموں کو اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ سے حراست میں لے لیا۔
پولیس نے اس گھناؤنے قتل کے تمام پہلوؤں کی چھان بین مکمل کر لی ہے اور مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ مقتول اکرام قریشی کے اہلِ خانہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔