حج ۲۰۲۵ء کے معاہدہ پر دستخط کے ساتھ ساتھ اضافی کوٹہ پر گفتگو ہونے کی امید ، مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور ۵؍ دن کے سعودی دورے پر ہیں
EPAPER
Updated: January 11, 2025, 10:48 PM IST | New Delhi
حج ۲۰۲۵ء کے معاہدہ پر دستخط کے ساتھ ساتھ اضافی کوٹہ پر گفتگو ہونے کی امید ، مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور ۵؍ دن کے سعودی دورے پر ہیں
مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجوسنیچر کو سعودی عرب کے ۵؍ روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔ یہ دورہ ہندوستانی مسلمانوں کے تعلق سے بہت اہم ثابت ہونے والا ہےکیونکہ اس دورہ کا اصل مقصد ’حج۲۰۲۵ء‘ کے اس معاہدہ پر دستخط کرنا ہے جس میں عازمین حج کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ۲۰۲۵ء میں حج سفر کے لئے اس ۲؍ فریقی معاہدہ پر دستخط ہونے کا امکان ہے جس میں ہندوستان نے ۱۰؍ ہزار اضافی عازمین حج کے لئے اپنا کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کرن رجیجو کل ۱۲؍جنوری کو سعودی عرب کے وزیر توفیق بن فوزان الرابعہ سے ملاقات کرینگے۔ اس دوران دونوں لیڈران حج معاہدہ پر دستخط کر سکتے ہیں۔ کرن رجیجو نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر اس سعودی دورہ سے متعلق معلومات فراہم کی اور لکھا کہ ’’میں سعودی عرب جانے کے لئے پُرجوش ہوں۔ یہاں ہم اس سال کے حل کیلئے معاہدہ پر دستخط کریں گے اور دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان رشتوں کو اور بھی مضبوطی فراہم کریں گے۔‘‘ واضح رہے کہ اس دورے میں کرن رجیجو سعودی عرب کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ صالح الجاسیر سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ خدمات کو بہتر بنانے اور اس میں ہندوستان کے تعاون پر گفتگو ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ کرن رجیجو جدہ حج ٹرمنل کا بھی دورہ کریں گے جہاں حکومت ہند نے عازمین کی مدد کے لئے نئے دفتر کا افتتاح کیا ہے۔ وہ اس دفتر کا دورہ کریں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے ہندوستان کا حج کوٹہ ۲۰۲۵ء کے لئے ایک لاکھ ۷۵؍ ہزار ۲۵؍ عازمین طے کیا ہے جبکہ حکومت ہند اضافی ۱۰؍ہزار عازمین کیلئے کوٹہ بڑھانے کی گزارش کر رہی ہے۔ کرن رجیجو اسی سلسلے میں سعودی کا دورہ کر رہے ہیں اور وہ وہاں کی وزارت حج سے اس سلسلے میں خصوصی گفتگو بھی کرسکتے ہیں۔ ان کے علاوہ کچھ دیگر امور پر بھی ان کی نظر ہے۔ وہ مدینہ المنورہ کا دورہ بھی کریں گے جہاں مسجد قبا اور مسجد قبلتین کا دورہ بھی کریں گے۔اس دوران وہ سعودی شاہی کنبہ کے اراکین سے بھی ملاقات کریں گے جس میں شاہ محمد بن سلمان کے مشیر ولی عہد خالد الفیصل اور مکہ علاقہ کے گورنر ولی عہد سلمان بن سلطان شامل ہیں۔ وزارت اقلیتی امور کو امید ہے کہ کرن رجیجو کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں دور رس نتائج کا حامل ہو گا اور حج معاہدہ بھی بحسن و خوبی مکمل کرلیا جائے گا۔