Inquilab Logo

کسانوں کا الٹی میٹم، کسان لیڈروں کی رہائی کا مطالبہ

Updated: June 09, 2023, 6:59 AM IST | Chandigarh

ہریانہ اور پنجاب کے کئی علاقوں میں کسانوں کے مظاہرے جاری ، چڈھونی سمیت تمام لیڈروں کو رہا کرنے کا مطالبہ ، ۱۲؍ جون کو بڑے احتجاج کی تیاری

In the last few days, the farmers had to face water cannons during the protest. (PTI)
گزشتہ دنوں کسانوں کو احتجاج کے دوران پانی کی توپوں کا بھی سامنا کرنا پڑا ۔(پی ٹی آئی )

 ہریانہ میں گزشتہ دنوں کسانوں پر ہونے والے لاٹھی چارج کا معاملہ گرما گیا ہےکیوں کہ کسانوں نے لگاتار دوسرے دن ہریانہ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں نہ صرف احتجاج کیا بلکہ حکومت کو وارننگ بھی جاری کردی کہ اگر ان کے لیڈروں کو فوری طور پر رہا نہیں کیا گیا تو ۱۲؍ جون کو دونوں ریاستوں میں بہت بڑا احتجاج کیا جائے گا ۔اس سلسلے میں کسانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گرنام سنگھ چڈھونی سمیت تمام گرفتار شدہ کسان لیڈروں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان پر درج کیس واپس لئے جائیں ۔ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو دونوں ریاستوں کے تمام کسان سڑکو ں پر آجائیں گے ۔ 
ہریانہ اور پنجاب میں احتجاج 
 سورج مکھی کی فصل پر مناسب ایم ایس پی کا مطالبہ کررہے ہیں کسانوں پر ہونے والے لاٹھی چارج نے سبھی کو مشتعل کردیا ہے۔ گزشتہ روز جہاں کسانوں نے مختلف ٹول ناکوں پر احتجاج کرتے ہوئے انہیں ٹول فری کردیا وہیں جمعرات کو کسانوں نےکھل کر کئی شہروں میں احتجاج کیا۔ اس دوران انہوں نے سڑکیں جام کرنے کے علاوہ ضلع کلکٹریٹ اور دیگر سرکاری دفاتر کے سامنے زبردست احتجاج کیا۔ کسانوں کا مطالبہ تھا کہ سورج مکھی کی فصل پر ایم ایس پی میں اضافہ کیا جائے۔ ساتھ ہی گزشتہ روز گرفتار کئے گئے تمام کسان لیڈروں کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔ اس تعلق سے کچھ جگہوں پر پولیس اور کسانوں کے درمیان کہا سنی بھی ہوئی لیکن مجموعی طور پر یہ احتجاج پُر امن رہا کیوں کہ گزشتہ دنوں کی کارروائی کے بعد پولیس پر ہونے والی شدید تنقیدوں کے سبباس مرتبہ پولیس نے سختی نہیں دکھائی ۔ کسانوں نے بھی اس موقع پر کافی تحمل کا مظاہرہ کیا۔
کسانوں کا مطالبہ کیا ہے ؟
 کسان سورج مکھی کی فصل اور خاص طور پر اس کے بیجوں پرطے شدہ ایم ایس پی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت سورج مکھی کے بیج ۶۴۰۰؍ روپے فی کوینٹل کے حساب سے خریدے ۔ اس سے کم قیمت پرکسانوں کو بھاری نقصان ہو سکتا ہے جبکہ حکومت  ۶؍ ہزار روپے فی کوینٹل کے حساب سے دام لگارہی ہے جو کسانوں کے مطابق لاگت سے کافی کم ہے۔  
کسانوں کی وارننگ 
 منگل کو احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے کسان لیڈر گرنام سنگھ چڈھونی کے بیٹے اور کسان لیڈر ارشپال سنگھ نے مطالبہ کیا کہ ان کے والد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ ساتھ ہی حکومت طے شدہ ایم ایس پی کے حساب سے ۱۲؍ جون سے سورج مکھی کے بیج خریدنے کی شروعات کرے ورنہ سخت ترین احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے وارننگ  دی کہ ہریانہ اور پنجاب  دونوں سرکاروں کے پاس ۱۲؍ جون تک کا وقت ہے۔ اس کے بعدکسان اپنا آندولن نہایت تیز کردیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہریانہ سرکار اس معاملے میں ٹال مٹول سے کام لینے کی کوشش کررہی ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔
راکیش ٹکیت کا انتباہ
 مشہور کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے ایک مرتبہ پھر یہ انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر ہریانہ کے کسانوں کو  مناسب ایم ایس پی نہیں دی گئی تو کسانوں کی تمام تنظیمیں میدان میں اترنے کو مجبور ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ کے کسانوں نے بالکل مناسب اور انصاف پر مبنی مطالبہ کیا ہے۔ اس پر اگر انہیں لاٹھی کھانی پڑے تو یہ ملک کے لئے شرمناک ہے۔کسان اناج ملک کے لئے ہی پیدا کرتا ہے لیکن بی جے پی کی حکومتیں کسانوں کوملک کا دشمن سمجھ رہی ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ بی جے پی اور اس کی حکومتوں کو سبق سکھایا جائے۔ انہوںنے وارننگ دی کہ اگر جلد ہی کسانوں کے لئے ایم ایس پی کا فیصلہ نہیں کیا گیا تووہ بڑی تحریک چھیڑ دیں گے ۔
ریلی نکالی جاسکتی ہے 
 راکیش ٹکیت کے مطابق کسانوں کی بڑی تنظیمیں ۱۲؍ جون کو ملاقات کریں گی اور اس میں بڑی ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ ساتھ ہی  ایم ایس پی حاصل کرنے کے لئے حکمت عملی بھی بنائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت ہریانہ کے مختلف علاقوں میں دھرنے دئیے جارہے ہیں جو ۱۲؍ جون تک جاری رہیں گے ۔ اس کے بعد کروکشیتر میں بڑی ریلی ہو گی جو ایم ایس پی دلائو کے عنوان پر ہو گی۔ 

kisan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK