کنڈکٹر کو گلے، کندھے اور کمر میں زخم آئے۔گزشتہ ۲؍دنوں میں چاقو زنی کی ۲؍واردات سے شہریوں میں تشویش
EPAPER
Updated: September 21, 2024, 9:52 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
کنڈکٹر کو گلے، کندھے اور کمر میں زخم آئے۔گزشتہ ۲؍دنوں میں چاقو زنی کی ۲؍واردات سے شہریوں میں تشویش
جمعرات کی شب مضافات کے دھاراوی علاقے میں ایک چور نے ایک بیسٹ بس کے کنڈکٹر کا پیسوں سے بھرا بیگ چھیننے کی کوشش کی تھی اور جب کنڈکٹر نے اسے پکڑ لیا تو ملزم نے اس پر چاقو سے حملہ کرکے شدید زخمی کردیا۔ اس سے قبل بدھ کو اسی طرح کی ایک دیگر واردات میں دادر میں ایک شخص نے ایک موٹر سائیکل چوری کرنے کی کوشش کی تھی اور جب بائیک کے مالک نےاسے پکڑنے کی کوشش کی تو چور نے اس پر چاقو سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا تھا۔ ۲۴؍ گھنٹوں کے وقفہ میں چوروں کے ذریعہ چاقو زنی کی ۲؍ واردات سے عوام میں تشویش پائی جارہی ہے۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق پائیدھونی سے وکھرولی جانے والی بس نمبر ۷؍ جمعرات کی شب تقریباً ۹؍ بج کر ۵؍ منٹ پر دھاراوی کے پیلا بنگلہ بس اسٹاپ پر پہنچی۔ یہاں ایک نوجوان بس میں چڑھ گیا اور بس کنڈکٹر اشوک کاشی ناتھ ڈگالے (۴۴) کا پیسوں کا بیگ چھیننے کی کوشش کرنے لگا۔ اس وقت اشوک نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا جس پر اس نے اپنے پاس موجود چاقو نکال کر ان پر حملہ کردیا جس کی وجہ سے ان کی گردن، داہنے کندھے، بائیں ران اور کمر پر شدید زخم آئے۔ کنڈکٹر کو زخمی کرنے کے بعد ملزم مبینہ طور پر ان کا ’ریڈ می‘ کمپنی کا ۱۵؍ ہزار روپے مالیت کا موبائیل فون چھین کر فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق اس واردات کی اطلاع ملتے ہی دھاراوی پولیس اسٹیشن میں بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت اقدام قتل اور دیگر جرائم کا کیس درج کرلیاگیا۔ تاہم اس مقام پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے سے کوئی مدد نہیں ملی نہ ہی کوئی چشم دید گواہ ملا جس کی وجہ سے ملزم کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
پولیس مقامی مخبروں سے پتہ چلا کہ یہ واردات مبینہ طور پر شعبان خان نام کے شخص نے انجام دی ہے۔ مزید تفتیش کے دوران شعبان کے دھاراوی کی کائولے چال میں موجود ہونے کی اطلاع ملی جس پر پولیس ٹیم نے وہاں سے ملزم کو واردات کے ۴؍ گھنٹوں میں گرفتار کرلیا۔
دادر میں بائیک مالک پرچاقو سے حملہ
اسی طرح کی ایک دیگر واردات بدھ کی شام دادر میں پیش آئی تھی جہاں ۳۴؍ سالہ کنال کُڈالے چترا سنیما ہال کے قریب کھانے کی کچھ اشیاء کا پارسل لینے ایک دکان پر گیا لیکن بائیک کی چابی ’اگنیشن‘ میں ہی بھول گیا تھا۔ پارسل لیتے ہوئے اس کی نظر اپنی گاڑی پر پڑی تو دیکھا ایک شخص اس کی گاڑی لے جانے کی کوشش کررہا تھا۔ اس نے ملزم کو پکڑ لیا تو اس نے بہانہ بنایا کہ وہ بینک کے لون ’ری کوری‘ ڈپارٹمنٹ سے ہے اور گاڑی کا لون ادا نہ کرنے کی وجہ سے گاڑی لے جارہا تھا۔ بہر حال جب کنال اس سے مزید پوچھ تاچھ کرنے لگا تو چور وہاں سے بھاگنے لگا اور جب بائیک کے مالک نے اس کا پیچھا کیا تو ملزم نے اس پر چاقو سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کر دیا۔ اس واردات کے بعد پولیس نے ملزم سونو چندرن کو۳؍ گھنٹوں میں گرفتار کرلیا۔