• Tue, 22 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کوکن مرکنٹائل بینک کی ۵۵؍ ویں منافع بخش سالانہ رپورٹ پیش

Updated: September 02, 2024, 10:40 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

چیئر مین نے تمام ممبران کو ۲۳-۲۰۲۲ء کی سالانہ رپورٹ پہلے ہی روانہ کرنے کی بھی اطلاع دی ساتھ ہی انہوں نے پیش کئے گئے منٹس پر شیئر اور اکاؤنٹ ہولڈروں سے اعتراضات اور مشورےبھی طلب کئے۔

Kokan Mercantile Bank. Photo: INN.
کوکن مرکنٹائل بینک۔ تصویر: آئی این این۔

کوکن مرکنٹائل کوآپریٹیو بینک لمیٹڈ نے اتوار کو کے سی کالج کے راما اینڈ سندری واتو مل ہال میں بینک کے موجودہ اور سابق ڈائریکٹروں، چیئرمین اور ہزاروں کی تعداد میں موجود اکاؤنٹ ہولڈروں کی موجودگی میں ۵۵؍ویں منافع بخش سالانہ رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر بینک کے چیئر مین آصف غلام محمد دادان نے مختصراً سالانہ رپورٹ کے منٹس پڑھ کر سنائے اور بینک کو ہونے والے منافع سے شیئر اور اکاؤنٹ ہولڈروں کو آگاہ کیا۔ 
کوکن بینک کے چیئر مین اور وائس چیئر مین اصغر محمد دبیر کے علاوہ ۵۵؍ ویں سالانہ رپورٹ کے الگ الگ پہلوؤں پر بینک کے ڈائریکٹر س مجیب سلیمان ملاّ، الطاف محمد قاضی، تسنیم محمد شریف قاضی، فریدہ رزاق قاضی، سمیر محمود ملاّ، ملند ہیرے من کڈالک، عبدالرشید عبدالطیف شیخ اور دیگر ڈائریکٹر وں نے روشنی ڈالی۔ چیئر مین نے تمام ممبران کو ۲۳-۲۰۲۲ء کی سالانہ رپورٹ پہلے ہی روانہ کرنے کی بھی اطلاع دی ساتھ ہی انہوں نے پیش کئے گئے منٹس پر شیئر اور اکاؤنٹ ہولڈروں سے اعتراضات اور مشورےبھی طلب کئے۔ بینک کی سالانہ میٹنگ اور تقریب کے دوران ایک ہزار سے زائد شیئر اور اکاؤنٹ ہولڈروں کو جہاں چیئر مین آصف دادان نے بینک کو ۹؍ کروڑ سے زائد منافع ہونے کی اطلاع دی وہیں ایک ہزار کروڑ سے زائد لون تقسیم کرنے، آر بی آئی کے ۴ء۸۰تک این پی اے رِڈیوس کرنے کے علاوہ بیسٹ این پی کا ایوارڈ ملنے کی تفصیلات بھی فراہم کیں ساتھ ہی ڈائریکٹروں کی رپورٹ، آڈٹ شدہ بیلنس شیٹ، منافع اور نقصان کا حساب اور آڈیٹرس کی رپورٹ بھی پیش کی ۔ الگ الگ منٹس پیش کرتے ہوئے شیئر ہولڈروں کی رائے طلب کی گئی۔ ان کے اعتراضات اور مشورہ کو سننے اور اس کا جواب دینے کے بعد اسے منظور کیا جاتا رہا۔ 
پروگرام کے دوران شیئر ہولڈروں اور اکاؤنٹ ہولڈروں نے چیئرمین اور دیگر ڈائریکٹروں کے ذریعہ سنائے گئے اور تحریری طور پر دیئے گئے منٹس پر چند اعتراضات بھی کئے تھے۔ اس موقع پرچند شیئر اور اکاؤنٹ ہولڈروں نے لون لئے بغیر شیئر ہولڈر نہ بنا نے پر اعتراض کیا تھا جس کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ بینک کے مالی منافع اور آر بی آئی کی گائیڈ لائن کے مطابق ہی یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے این آر آئی اکاؤنٹ بند کرنے کے ضمن میں پوچھے گئے سوال پر جلد ہی اسے بحال کرنے کا بھی یقین دلایا ہے۔ چیئر مین نے بینک ممبران کے مشورے اور اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ بہت سے ایسے کھاتہ دار ہیں جنہوں نے اپنے اکاؤنٹ میں محض ۱۰۰؍ روپے رکھے ہیں اور برسوں سے اسے آپریٹ نہیں کیا ہے۔ انہوں نے ممبران بڑھانے میں تعاون کرنے کی بھی اپیل کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK