• Fri, 15 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کولہاپور: الیکشن افسران بن کر آئے اور ۲۵؍ لاکھ روپے لوٹ کر چلے گئے

Updated: November 15, 2024, 12:17 PM IST | Agency | Kolhapur

کولہاپور میں ایک کاروباری کو ضابطہ اخلاق کے نام پر گاڑی کی تلاشی کے بہانے ۵؍ بدمعاشوں نے لوٹ لیا۔

People can also be robbed on the pretext of searching vehicles! Photo: INN
گاڑیوں کی تلاشی کے بہانے لوگوں کے ساتھ لوٹ مار بھی ہو سکتی ہے !۔ تصویر : آئی این این

جعلی الیکشن افسران کے ہاتھوں ایک تاجر کے لاکھوں روپے لوٹ لینے کا معاملہ کولہا پور میں سامنے آیا ہے۔ ۵؍ افراد نے ضابطہ اخلاق کے نام پر ایک تاجر کی گاڑی کی تلاشی لی اور اس میں موجود ۲۵؍ لاکھ روپے لے کر فرار ہو گئے۔ پولیس ملزمین کو تلاش کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ اسمبلی الیکشن کے پیش نظر ریاست بھر میں پولیس نے جگہ جگہ ناکہ بندی لگا رکھی ہے اور ہر ایک گاڑی کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ اسی کا فائدہ اٹھاکر کولہاپور میں سبھا ش ہارنے نامی ایک تاجر کو چند بدمعاشوں نے لوٹ لیا۔ اطلاع کے مطابق سبھاش ہارنے ٹراویل ایجنٹ کا کام کرتے ہیں۔ وہ پیر کے روز ہوئے کاروبار کی رقم لے کر کولہاپور میں بنگلور۔ پونے ہائی وے پر واقع تائوڑے ہوٹل پہنچے تھے۔ اسی دوران ۵؍ نوجوان ان کے پاس آئے اور کہنے لگے کہ اس وقت ضابطہ اخلاق نافذ ہے اور گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ ہمارے صاحب آپ کی گاڑی کی تلاشی لیں گے۔ سبھاش ہارنے کو ان پر کوئی شک نہیں ہوا۔ انہوں نے گاڑی کھول کر تلاشی لینے دی۔ ان لڑکوں کی نظر اس بیگ پر پڑی جس میں ۲۵؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار روپے رکھے ہوئے تھے۔ انہوں نے ہارنے سے کہا اس وقت ضابطہ اخلاق نافذ ہے آپ اپنے ساتھ اتنی بڑی رقم لے کر سفر نہیں کر سکتے ہم یہ پیسے ضبط کر رہے ہیں۔ یہ کہہ کر انہوں نے بیگ اور ہارنے کا موبائل لے لیا او ر موٹر سائیکل پر بیٹھ کر روانہ ہو گئے۔ ان کے جانے کے بعد سبھاش ہارنے کو خیال آیا کہ اگر یہ الیکشن افسر تھے تو وہ صرف بیگ لے کر کیوں گئے انہیں کیوں نہیں لے گئے؟ انہیں یہ سمجھنے میں زیادہ دیر نہیں لگی کہ انہیں لوٹ لیا گیا۔ انہوں نے فوراً گاندھی نگر پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کروائی۔ اتفاق سے یہ پورا واقعہ تائوڑے ہوٹل کے پاس لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ان بدمعاشوں کی شناخت کرنے اور انہیں ڈھونڈنے کی کوشش کر رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK