کوکن کی زیادہ تر ندیاں خطرے کے نشانات عبور کر چکی ہیں۔ ناگوٹھنہ اور کھیڑ میں سیلابی پانی داخل۔ نظام زندگی درہم برہم۔ سڑکیں تالابوں میں تبدیل۔ دھان کے کھیتوں میں پانی بھر گیا، نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ ضلع انتظامیہ الرٹ موڈ پر۔ کوکن ریلوے روٹ پر چٹان کھسکنے سے سروسیز متاثر۔
اتوار کو بھی موسلادھار بارش کے سبب رتناگیری ضلع کے چپلون میں ایک علاقہ زیرآب دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر : آئی این این
کوکن کے رائے گڑھ ، رتناگیری اور سندھودرگ اضلاع میں گزشتہ۲؍ دنوں سے جاری موسلا دھار بارش سے معمولات زندگی زندگی درہم برہم ہیں۔ وکن کی زیادہ تر ندیاں خطرے کے نشانات عبور کر چکی ہیں۔ رائے گڑھ ضلع کی امبا، کنڈلیکا ساوتری اور رتناگیری ضلع کے کھیڑ میں واقع جگبو ڑی ندی میں سیلاب آچکا ہے۔ ناگوٹھنہ، مہاڈ، چپلون، کھیڑ، سنگمیشور، راجہ پور اور روہا، پولادپور کے علاقے سیلابی پانی سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ کئی مقامات پر سیلابی پانی مکانوں میں داخل ہو نے سے کھانے پینے کی اشیاء اور گھریلو ساز وسامان تباہ و برباد ہوگئے ہیں اور دیگر اشیاء ضروریہ بھی سیلابی پانی کی نذر ہوگئے ہیں۔
ناگوٹھنہ شہر میں سیلاب کی صورتحال
امبا ندی میں سطح تیزی سے بڑھ گئی ہے اور اتوار کی صبح یہ خطرے کے نشان کو عبور کرگئی۔ یہاں بارش کا سلسلہ جاری ہے اور شہر کے بعض علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہوگیا ہے۔ اس باعث شہر کی طرف جانے والی تینوں اہم سڑکیں بند ہوگئیں اور ایس ٹی بس اسٹیشن سیلابی پانی سے بھر گیا، ایس ٹی ٹریفک کو ہائی وے کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ ندی کے کنارے چھوٹے بڑے دکانداروں کا کاروبار بری طرح متاثر ہوا۔ گزشتہ کچھ دنوں سے مسلسل بارش کے علاوہ، ہفتہ کی رات شہر کے ساتھ ساتھ پہاڑوں کی چوٹیوں پر ہونیوالی بارش کی وجہ سے امبا ندی اتوار خطرے کی سطح کو عبور کر گئی۔ ، کولی واڑہ، محلہ، مارکیٹ، ہوٹل لیک ویو اور گورنمنٹ ریسٹ ہاؤس کے علاقے کے ساتھ ساتھ چھترپتی شیواجی مہاراج چوک میں پانی بھر گیا۔ اسکے علاوہ ناگوٹھنہ کی۳؍ اہم سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔ بس اسٹیشن میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے پرائمری ہیلتھ سنٹر پر ایک عارضی بس اسٹاپ دیا گیا۔ مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کھیڈ شہر میں جگبوڈی ندی کا پانی داخل
کوکن کے رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھو درگ اضلاع میں سنیچر سے شدید بارش ہو رہی ہے، کوکن کی تمام ندیوں میں طغیانی ہے، اسلئے کئی سڑکیں ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔ اتوار کھیڑ شہر میں جگبوڑی ندی کا سیلابی پانی داخل ہوگیا۔ لوگوں کا بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا۔ جگبوڑی ندی کے پانی کے بہاؤ کی وجہ سے سیلاب کےخدشہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے انتظامیہ چوکنا ہے۔
روہا کی کنڈلیکا ندی بھی خطرے کے نشان کے اوپر
کنڈلیکا میں طغیانی اور موسلادھار بارش کے سبب اطراف کے دھان کے کھیتوں میں پانی بھر گیا ہے۔ رائے گڑھ ضلع کے روہا تعلقہ سمیت دیہی علاقوں میں سنیچر اور اتوار کو ہونے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے پہاڑوں کی چوٹیوں سے بہہ کر آنے والے پانی کی وجہ سے یہاں کے ندیوں اور نالوں میں طغیانی ہے۔ ناگوٹھنہ کی امبا ندی کی مسلسل بہنے کی وجہ سے روہا کی کنڈلیکا ندی خطرے کی سطح کو عبور کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ روہا شہر اور اشٹمی میں احتیاط کے طور پر پرانے پل کو اتوار کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ میونسپل کونسل کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اہلکاروں نے سائرن بجا کر شہریوں اور ندی کنارے رہنے والوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی۔
رائے گڑھ ضلع انتظامیہ الرٹ موڈپر
محکمہ موسمیات نے رائے گڑھ ضلع میں جولائی کے آخر تک بھاری بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ جس کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ نے سیلاب زدہ دیہاتوں پر زیادہ توجہ مرکوز کی ہے۔
۱۵؍گائوں کا زمینی رابطہ ٹوٹ
موسلا دھار بارش کے سبب ممبئی گوا شاہراہ نمبر ۶۶ پرویر ریلوے اسٹیشن کے پاس سب وے پر پانی بھر جانے سے ویر ٹول سے امبیت کی جانب جانے والا راستہ مکمل طور پر بند ہو گیا۔ جس کی وجہ سے ۱۵ گائوں کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔