• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کچھ تو لوگ کہیں گے، لوگوں کا کام ہے کہنا: شتروگھن سنہا

Updated: June 26, 2024, 12:45 PM IST | Agency | Mumbai

اپنی بیٹی سوناکشی سنہا کی ظہیر اقبال سے شادی پر ٹرول کرنے والےشرانگیزوں کو شتروکا کرارا جواب۔

Sonakshi Sinha with her father Shatrughan Sinha and husband Zaheer Iqbal. Photo: INN
سوناکشی سنہا اپنے والد شتروگھن سنہا اور شوہر ظہیر اقبال کے ساتھ۔ تصویر : آئی این این

 اداکارہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔ مختلف مذاہب سےتعلق رکھنے کے سبب دونوں کی شادی آسان نہیں تھی لیکن دونوں اپنے فیصلے پر ڈٹے رہے۔ ظہیر اور سوناکشی نے بالآخر شادی کرکے اپنے پیار بھرے رشتے کو نیا نام دیا ہے۔ سوناکشی کی ظہیر اقبال سے شادی سے فرقہ پرست عناصر میں برہمی تھی۔ ایسے عناصر سیما حیدر کی سچن مینا سے شادی کو تو ’سچی محبت ‘قرار دے رہے تھےلیکن سوناکشی ا ور ظہیرکی شادی کو ’لوجہاد‘ کا نام دے رہےتھے۔ انہی عناصر نے سوناکشی کے والد، مشہور اداکار اور ٹی ایم سی لیڈر شتروگھن سنہا کو بھی گھیرا تھا اور انہیں ٹرول کیاجارہا تھا لیکن شترونے اب سب کو ’ خاموش ‘ کرتے ہوئے اپنی چپی توڑی ہے۔ 
شتروگھن سنہا نے کیا کہا ؟
 شتروگھن سنہا نے ان عناصر کو کرارا جواب دیا ہے جنہوں نے ان کی بیٹی کی شادی کی مخالفت کی اور اس پرشر انگیز تبصرے کئے۔ شترونے سوناکشی اور ظہیر کی شادی کے بعد ٹائمز ناؤ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ’’آنند بخشی صاحب نے ایسے پیشہ ور مخالفین کے بارے میں لکھا ہے، ’کچھ تو لوگ کہیں گے، لوگوں کا کام ہے کہنا‘... اس میں مزید اضافہ کرنا چاہوں گا کہ کہنے والے اگر بے کار ہیں تو کہنا ہی ان کیلئے کام بن جاتا ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ `میری بیٹی نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔ شتروگھن سنہا نے بتایا کہ’’شادی ۲؍ لوگوں کے درمیان ایک بہت ذاتی نوعیت کا فیصلہ ہوتا ہے۔ کسی کو بھی اس میں مداخلت یا تبصرہ کرنے کا حق نہیں ہے۔ میں احتجاج کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ جاؤ، اپنی زندگی جیو۔ زندگی میں کچھ کارآمد کرو، بس اور کچھ نہیں کہنا۔ ‘‘ 
سوناکشی کو بہار میں داخل نہ ہونے کی دھمکی
 سوناکشی سنہا کی شادی کے بعد ان کے اوران کے والد شتروگھن سنہا کے خلاف بہار میں احتجاج کیا گیا۔ بہار میں `ہندو شیو بھوانی سینا نے سوناکشی اور ان کے والد کے خلاف پوسٹر لگائے جس پرلکھا گیا کہ’’ یہ شادی ` ’لو جہاد‘ کو بڑھاوا دینے والی ہے اور ملک کو اسلامی بنانے کی سازش ہے۔ ‘‘ اس کے علاوہ پوسٹر میں یہ بھی لکھا گیا کہ شتروگھن سنہا کی بیٹی کو بہار میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ واضح رہےکہ سنہا خاندان کا بہار سے گہرا تعلق ہے۔ شتروگھن سنہا بہار میں پیدا ہوئے۔ وہ بہار میں ہی پلے بڑھے۔ شتروگھن سنہا کے تین بچے بیٹی سوناکشی سنہا اور بیٹے لو سنہا اور کش سنہا کی پیدائش بھی پٹنہ میں ہوئی۔ سوناکشی اور ظہیر نے۲۳؍جون کو کورٹ میرج کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK