• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کرلا: مدرڈیری کی زمین کی پیمائش کیخلاف زبردست احتجاج

Updated: July 27, 2024, 10:29 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مہاوکاس اگھاڑی اور اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ کمیٹی کے سیکڑوں کارکنان کااحتجاج ، کہا: یہ زمین اڈانی کو نہ دی جائے، یہاں کوئی دھاراوی واسی نہیں آئے گا۔افسران بیرنگ لوٹنےپر مجبور۔

Hundreds of people protested against the officers who came to encircle and measure the land of Madrideri in Kurla. Photo: INN
کرلا میں واقع مدرڈیری کی زمین کو گھیرنے اور ناپنے کیلئے آنے والے افسران کے خلاف سیکڑوں افراد نےاحتجاج کیا۔ تصویر : آئی این این

کرلا،نہرو نگر سوالی ہوٹل کے قریب اڈانی کے  دھاراوی پروجیکٹ کی خاطر بی ایم سی افسران اور دیگر شعبے کے  اہلکارمدرڈیری کی زمین ناپنے اور اسے گھیرنے کیلئے جمعہ کی صبح پہنچے تھے۔ دھاراوی بچاؤ اور ممبئی بچاؤ آندولن کرنے والے سیکڑوں کارکنان بھی وہاں پہنچ‌ گئے اور انہوں نے اس کی زبردست مخالفت کی اور نعرے بازی کی جس کی وجہ سے بی ایم سی افسران کو لوٹنے پر مجبور ہونا پڑا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہم میں سے کوئی دھاراوی سے باہر جانے کو تیار نہیں پھر بھی زبردستی کی جارہی ہے۔ مدرڈیری کی زمین کیوں اڈانی کو دی جا رہی ہے؟ یہ زمین کرلا والوں کی ترقی کے لئے استعمال کی جانی چاہئے۔
 واضح ہوکہ سیکڑوں ایکڑ زمین جو اڈانی کو دھاراوی ری ڈیولپمنٹ کے نام پر دی گئی ہے اس میں کرلا کی مدر ڈیری کی زمین بھی ہے، اس کی مخالفت پہلے سے ہی شروع کردی گئی ہے مگر حکومت کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی۔ احتجاج کے دوران سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شیوسینا کے سابق رکن اسمبلی بابو راؤ مانے نے کہا کہ کوئی بھی دھاراوی واسی دھاراوی چھوڑنا نہیں چاہتا ہے پھر بھی ہم کو اجاڑ کر کرلا، ملنڈ، مانخورد، وکھرولی اور دہیسر بھیجنے کی کوشش کی جارہی ہے، اسی کے خلاف ہم سب یہ لڑائی لڑرہے ہیں۔
 شیوسینا لیڈر ڈاکٹر مہیش پیڈنیکر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ایک طرف بے پناہ دولت، حکومت کی سرپرستی اور طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے تو دوسری جانب غریب اور دھاراوی واسیوں کے اتحاد کی طاقت ہے، امید ہے کہ ہم سب تمام جگہوں پر اسی طرح مل کر لڑیں گے اور دھاراوی واسی ہی جیتیں گے اور انہیں ان کے حق سے کوئی محروم نہیں کرسکے گا‌۔
 کسان لیڈر ایڈوکیٹ راجندر کورڈے نے کہا کہ جب دھاراوی کے پاس اپنی زمین ہے تو مدرڈیری کی ۱۸؍ایکڑ زمین اور ملنڈ، وکھرولی اور دیگر علاقوں کی ۱۵۰۰؍ایکڑ سے زائد زمین مزید کیوں چاہئے۔ آخر ایک اڈانی پر ہی اتنی نوازشات کیوں؟ اسی سے صاف ہوجاتا ہے کہ دھاراوی پروجیکٹ سے زیادہ اڈانی کو فائدہ پہنچانا حکومت کا مقصد ہے۔
عام آدمی پارٹی کے رکن ایڈوکیٹ سندیپ کٹکے نے کہا کہ اڈانی کو صرف ہر علاقے میں زمین ہی دی جا رہی لیکن اتنی ساری زمینیں کیوں چاہئے یہ نہیں بتایا جا رہا ہے اور نہ ہی کوئی پلان بتایا جارہا ہے، صرف پورے ممبئی کی زمین دینا ہے لیکن یہ ’بھرشٹاچار‘ ہم لوگ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کانگریس لیڈر سبھاش بھالے راؤ نے اس موقع پر کہا کہ مودانی (مودی اور اڈانی کا مخفف) سے لڑنے کیلئے راہل گاندھی اور ورشاگایکواڑ ڈٹے ہوئے ہیں۔ اڈانی کی سازش کو ہم سب بے نقاب کریں گے اور دھاراوی واسی اپنی جنگ ضرور جیتیں گے۔
 کامریڈ نصیرالحق نے کہاکہ اڈانیہٹاؤ دھاراوی  بچاؤ اور ممبئی بچاؤ کمیٹی نے جمعہ کو اتحاد کا  شاندار مظاہرہ کیا۔ سیکڑوں مظاہرین میدان میں آئے اور بی ایم سی افسران کو بھاگنا پڑا۔ ہم سب اسی طاقت اور ایکتا  کے ساتھ آئندہ بھی لڑیں گے اور جیتیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK