• Fri, 24 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

کرلا :مدر ڈیری کی زمین کے سروے کیخلاف زبردست احتجاج

Updated: January 23, 2025, 10:13 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

پولیس نےرکاوٹ کھڑی کرکے مدر ڈیری تک پہنچنے نہیں دیا تو مظاہرین راستے میںبیٹھ کرآندولن کرنے لگے۔ ’اڈانی ہٹاؤ،کرلا بچاؤ، بوٹنیکل گارڈن بناؤ‘ کے نعرے۔ ورشا گائیکواڑ او رمتعدد مظاہرین کو پولیس نے تحویل میں لیا

Varsha Gaikwad and other protesters are protesting against the survey. (Photo: Syed Sameer Abidi)
ورشا گائیکواڑاوردیگر مظاہرین سروے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔(تصویر: سیّد سمیر عابدی)

کرلا مدر ڈیری کی زمین اڈانی کو دینے اورجمعرات کو یہاں کئے جانے والے سروے کے خلاف کانگریس،شیوسینا (ادھو   ٹھاکرے) ، اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ آندولن اور مقامی افراد نے   صبح ۹؍ بجے ابھیودے بینک ، نہرو نگر (کرلا) میںاس کی مذمت کرتے ہوئے زبردست احتجاج کیا۔ اس دوران مظاہرین کی پولیس افسران سے بحث وتکراربھی ہوئی۔ اس زمین پر بوٹنیکل گارڈن بنانے کا عوام کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا مگراسےنظرانداز کرتے ہوئے زمین اڈانی کو دے دی گئی۔ اس کے خلاف شدید ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ 
 مظاہرین اپنے احتجاج کے ذریعے سروے رکوانا چاہتے تھے مگر پولیس نے مظاہرین کو مدر ڈیری تک پہنچنے نہیں دیا تو وہ راستے ہی میںبیٹھ گئےاورنعرے لگانے لگے۔اس کے بعد پولیس رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ  اور ایک درجن سے زائدمظاہرین کواپنی تحویل میں لے کر پولیس اسٹیشن لائی اور ضروری کاغذی کارروائی اور ضابطوں کی خانہ پُری کےبعدچھوڑ دیا گیا ۔ 
  ورشا گائیکواڑنے اس موقع پراڈانی گروپ کو حکومت کی جانب سے خاص فائدہ پہنچانے اور پولیس کے تحفظ میں سروے کیلئےدھاراوی آنے  والے افسران کو بھی ہدف تنقید بنایا اورکہاکہ ’’آخر کس طرح کی بھاشا بولی جارہی ہے ، جو لوگ سروے میںتعاون نہیںکررہے ہیں ان کو ڈرایا جارہا ہے اور اب تو حد یہ ہوگئی ہےکہ عوامی نمائندوں کو بھی نظرانداز کیاجارہاہے۔ سوال یہ ہےکہ مہاراشٹرمیںآخر کیا چل رہا ہے ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ’’ کرلا میں مدرڈیری کی زمین پر بوٹنیکل گارڈن بنایا جائے ۔یہ عام آدمی کا حق ہے کہ وہ پوچھے کہ اس کی بازآبادکاری کہاں کی جائے گی، اسے مکان دیا جائے گا یا نہیں، اگردیا جائے گا توکہاں اورکتنے اسکوائر فٹ کا ۔اسی طرح دھاراوی کی بازآبادکاری کے تئیں بلیوپرنٹ جاری کیا جانا چاہئے تھا اور اس سے متعلق تمام تفصیلات عوام کوبتاکرانہیںعتماد میں لینا چاہئے تھا مگر اس کے برخلاف اس تعلق سے پوچھنے پرلوگوں کونشانہ بنایا جارہاہے ، انہیں دھمکایاجارہاہے۔ اس لئے میںبھی انتباہ دینا چاہتی ہوں کہ نہ تویہ انداز چلے گا اورنہ ہی دھاندلی برداشت کی جائے گی ۔ ہم سب بھی آر پار کی لڑائی کےلئے تیار ہیں۔‘‘
 شیوسینا کے سابق کارپوریٹرپروین موجارکر نے کہاکہ ’’ یہ دھاندلی نہیںچلے گی ، عوام کے مطالبے کو پورا کرنا ہوگا اورمدرڈیری کی زمین پر کرلا واسیوں کاپہلا حق ہے ، انہیں اس کافائدہ ملنا چاہئے ۔‘‘ کامریڈ نصیرالحق نے کہاکہ ’’ اڈانی گروپ اوربی ایم سی کی جانب سے مدرڈیری کی زمین کا سروےخاموشی سے اور مقررہ وقت سے پہلے اس لئے کرایا گیا ا ور مظاہرین کو بزور طاقت وہاں تک اس لئےنہیں پہنچنے دیاگیا کیونکہ حکومت عام آدمی کی طاقت سے ڈرتی ہےاسی لئے پولیس کوآگےکرتی ہے ۔‘‘ 
 شیوسینا کےسابق رکن اسمبلی بابو راؤ مانے نے کہاکہ ’’ معلوم ہوا ہےکہ مدرڈیری کی زمین پر ۳۵؍ ہزار مکانات تعمیر کرکے دھاراوی واسیوں کویہاں منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے مگرکسی طرح یہ قابل قبول نہیں ہے ۔‘‘کرلا کی چلو ل نامی تنظیم جو مدر ڈیری کی زمین کے تعلق سے پہلے سے احتجاج کررہی ہے، کے فعال رکن کرن پہلوان نے کہاکہ ’’ ہم زورزبردستی اورپولیس کی گرفتاری سے ڈرنے والے نہیں ہیں، اس تعلق سےآوازبلند کرتے رہیں گے ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ہم سب کل بھی اڈانی کویہ زمین دینے کے مخالف تھے آج بھی ہیں اورآئندہ بھی رہیں گے۔ یہاں   بوٹنیکل گارڈن بنایا جائے ۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK