کویت کے عباسیہ علاقے کی ایک عمارت میں رہنے والے ایک ہندوستانی خاندا ن کےچاروں افراد اس وقت دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے جب ان کے فلیٹ کے ائر کنڈیشن میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی، میاں بیوی اور ان کے دو بچے کیرالا میں چھٹیا ں گزار کے اسی دن کویت لوٹے تھے۔
EPAPER
Updated: July 21, 2024, 10:06 AM IST | Kuwait
کویت کے عباسیہ علاقے کی ایک عمارت میں رہنے والے ایک ہندوستانی خاندا ن کےچاروں افراد اس وقت دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے جب ان کے فلیٹ کے ائر کنڈیشن میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی، میاں بیوی اور ان کے دو بچے کیرالا میں چھٹیا ں گزار کے اسی دن کویت لوٹے تھے۔
کویت کے مقامی حکام نے بتایا کہ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے میا ں بیوی اور ان کے دو بچے اس وقت جاں بحق ہو گئے جب کویت سٹی کے ان کے فلیٹ میں آگ لگ گئی۔ یہ اندوہناک واقعہ جمعہ کی رات کواسی دن پیش آیا ،جس دن وہ کیرالا میں چھٹی گزار کر کویت لوٹے تھے۔عرب ٹائمس کےمطابق عباسیہ علاقے میں واقع عمارت کی دوسری منزل پر رہنے والے میتھیوس ملکل، ان کی بیوی لینی ابراہم، اور ان کے دونوں بچے جوکیرالا کےالپوزاکے نیرٹو پورم سے تعلق رکھتے تھے، رات آٹھ بجے کے قریب ائر کنڈیشن میں شارٹ سرکٹ سے لگی آگ کے سبب دم گھٹنے کی وجہ سے دم توڑ گئے۔
میتھیوس رائٹر میں ملازم تھا جبکہ لینی سرکاری اسپتال میں بطور نرس اپنی خدمت انجام دے رہی تھی، ان کے بچے کویت کے بھونس اسکول میں زیر تعلیم تھے۔ان کے ایک رشتہ دار نے بتایا کہ’’ وہ گزشتہ ۱۵؍ سال سے کویت میں مقیم تھے اور کیرالا میں تعطیلات گزار کے جمعرات کو کویت کیلئے روانہ ہو گئے تھے۔‘‘
کویت میں ہندوستانی سفارت خانہ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ جاں بحق ہونے والے ہندوستانی شہریوں کے کیرالا میں موجود رشتہ داروں کے رابطہ میں ہے اور مہلوکین کے باقیات کو جلد از جلد ہندوستان پہنچانے کو یقینی بنا نے کو کوشش کر رہے ہیں۔اخبار کے صحافی نے بتایا کہ جنرل فائر فورس کے کار گزار سربراہ خالد فہد جائے حادثہ پر موجود تھے ، انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ’’ ان کی ٹیم نے کامیابی کے ساتھ آگ پر قابو پا لیا، اور اسے عمارت میں مزید پھیلنے سے روک لیا۔‘‘
دریں اثنا کویت میں ہندوستانی سفارت خانہ نے ایکس پر میتھیوس اور ان کے اہل خانہ کی اندوناک موت پر ایک تعزیتی پیغام جا ری کیا، اور ان کے رشتہ داروں کو ہر قسم کی مدد کا یقین دلایا۔