• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’لاڈلی بہن تو ٹھیک ہے لیکن بے روزگار نوجوانوں کیلئے لاڈلا بھائی اسکیم بھی لائی جائے‘‘

Updated: June 28, 2024, 12:08 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ادھو ٹھاکرے کا مطالبہ ، شندے سرکار سےاسکیموں کی تفصیلی رپورٹ مانگی۔

Uddhav Thackeray speaking. Along with his son Aditya Thackeray. Photo: PTI
ادھو ٹھاکرے خطاب کرتے ہوئے۔ ساتھ میں ان کے فرزند آدتیہ ٹھاکرے۔ تصویر: پی ٹی آئی

مہایوتی کی ریاستی حکومت کا آخری اسمبلی اجلاس جمعرات سے شروع ہو گیا ۔ اس اجلاس میںاپوزیش پارٹیاں خصوصاً مہا وکاس اگھاڑی کے لیڈر پہلے ہی دن جارحانہ تیوروں میں نظر آئے۔اپوزیشن کی جانب سے یہ اندیشہ ظاہر کیاگیا ہے کہ جمعہ کو پیش کئے جانے والے ریاستی بجٹ میں حکومت کی جانب سے عوام کو خوش کرنے کیلئے متعدد اسکیموں کے’ لالی پاپ‘ دئیے جاسکتے ہیں لیکن یہ خرچ کب ہوں گے؟ یہ اہم سوال ہے کیونکہ مذکورہ حکومت کے پاس صرف ۳؍ ہی ماہ  باقی ہیں۔  اس سلسلے میں سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شندے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل انجن سرکار کو ’لیٖک‘ حکومت قرار دیا  اور یہ مطالبہ کیاکہ لڑکیوں کیلئے ’’لاڈکی(لاڈلی) بہن اسکیم  تو ٹھیک ہے، وہ ضرور لائیں لیکن  لڑکوں کیلئے ’’لاڈکا بھاؤ(لاڈلا بھائی)‘‘ اسکیم کا بھی اعلان کیا جائے کیوں کہ اس وقت مہاراشٹر سمیت پورے ملک میں بے روزگاری عروج پر ہے اور ایسے میں ہمیں اپنی ریاست کے نوجوانوں کو کچھ تو راحت پہنچانی چاہئے۔کسانوں کے تئیں بھی حکومت کو ناکام بتاتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ محض امراؤتی ضلع میں روزانہ ایک کسان خودکشی کر رہا ہے۔  
اسمبلی  اجلاس میں مہا وکاس اگھاڑی کی حکمت عملی پر گفتگو کرنے کے لئےشیو سینا سربراہ  ادھو ٹھاکرے نے اجلاس کے پہلے دن کی کارروائی کے بعد قانون ساز کونسل میں  اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے کی سرکاری رہائش گاہ ’شیوالے‘ پر پریس کانفرنس کا انعقاد کیا تھا۔ اس پریس کانفرنس نے ادھو نےکہا کہ یہ حکومت اعلانات کی ’گاجر‘ اور ’مولی ‘دینے والی لیٖک‘ حکومت ہے۔اس کےاقتدار میں تعمیر کئےگئے نئے رام مندر کی چھت لیک ہو رہی ہے جبکہ ’نیٹ‘ اور دیگر مقابلہ جاتی امتحانات کے پرچےلیٖک  ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ ریاستی حکومت لڑکیوں کیلئے ’’لاڈکی بہن‘‘ اسکیم شروع کرنے والی ہےلیکن ہمارا  مطالبہ ہے کہ ریاست میں بے روزگاری عروج پر ہے  اس لئے لڑکیوں کے ساتھ ساتھ لڑکوں کیلئے ’’لاڈکا  بھاؤ ‘‘اسکیم بھی لائی جائے۔ ادھو ٹھاکرے کے مطابق ریاست میں بے روزگاری کتنا سنگین مسئلہ ہے اس کااندازہ  اس بات سے لگایا جاسکتا ہےکہ پولیس محکمے کی  ۱۷؍ ہزار اسامیوں  کے لئے ۱۷؍ لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

 ادھو ٹھاکرے نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی میعاد ختم ہونے میں محض ۳ ؍ ماہ کا عرصہ باقی ہے اس لئے اگر عوام کو خوش کرنے کیلئے بجٹ میں اعلانات کئے جاتے ہیں تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان پر عمل کب ہوگا؟ ان اعلانات کے  ساتھ حکومت کو یہ بھی بتاناچاہئے کہ ان کی گزشتہ اسکیموں کا اعلان کیا تھا  اور ان  پر اب تک کتنا عمل ہوا ہے۔ ریاست میں منشیات کی سپلائی کے تعلق سے ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ منشیات کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے لیکن  اس معاملے میں حکومت سنجیدہ نہیں۔  للت مودی کا کیا ہوا کچھ نہیں معلوم ۔پونے پب، بار اور اسکول  اور کالج وںکے باہر  دکانوں پر منشیات فروخت ہورہی  ہیں۔ اس کیلئے پونے کمشنر کو معطل کیاجانا چاہئے اور  اس سنگین مسئلہ پر کل جماعتی میٹنگ بلائی جانی چاہئے۔ منشیات کی سپلائی کے خلاف آخری کڑی تک کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔مراٹھا اور او بی سی سماج کے درمیان تنازع کے تعلق سے ادھو ٹھاکرے نے کہاکہ کسی سماج کے ساتھ نا انصافی نہ ہو حکومت کو ایسا حل نکالنا چاہئے۔ ادھو ٹھاکرے سے مہاوکاس اگھاڑی کے چہرے کے تعلق سے پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ پہلے مہا یوتی کا چہرہ طے ہو جانے دو اس کے بعد مہا وکاس اگھاڑی کا چہرہ ظاہر کیاجائے گا۔اس بارے میں فی الحال ہمیں کوئی جلد بازی نہیں کرنی ہے۔ ہم مہایوتی کے اقدامات کا انتظار کررہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK