۲؍سرکاری اسکیموں سے استفادہ اُٹھانےوالی خاتون سے لاڈلی بہن اسکیم کے ساڑھے ۷؍ ہزارروپے واپس لئے گئے۔ کانگریس کی تنقید،کہا ’’ اسکیم ووٹوں کیلئے شروع کی گئی تھی‘‘
EPAPER
Updated: January 05, 2025, 2:36 AM IST | Mumbai
۲؍سرکاری اسکیموں سے استفادہ اُٹھانےوالی خاتون سے لاڈلی بہن اسکیم کے ساڑھے ۷؍ ہزارروپے واپس لئے گئے۔ کانگریس کی تنقید،کہا ’’ اسکیم ووٹوں کیلئے شروع کی گئی تھی‘‘
لاڈلی بہن اسکیم کے اُصول اور ضابطے کی خلاف ورزی کرکے جن نااہل خواتین نے فائدہ اُٹھایاہے ان کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔جس کا آغاز دھولیہ کی ایک خاتون، جس نے ۲؍سرکاری اسکیموں سےاستفادہ کیاہے ،سے لاڈلی بہن اسکیم کے تحت حاصل کردہ ساڑھے ۷؍ہزار روپے کی واپسی سے کیاگیاہے۔
واضح رہےکہ ریاست کی مہایوتی حکومت کی جانب سے لاڈلی بہن اسکیم کےتحت خواتین کو ہر مہینے ۱۵۰۰؍روپے دینے کی اسکیم کیلئے متعدد قسم کے ضابطے اور معیار کی شرط عائد کی گئی تھیں لیکن ریاستی اسمبلی الیکشن کے قریب ہونےکی وجہ سے اس وقت سبھی کی درخواستیں قبول کرلی گئی تھیںمگر اب مہایوتی کی دوبارہ حکومت قائم ہونےکےبعد ان درخواستوںکی جانچ کرنےکا فیصلہ حکومت نے کیاہے۔وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے لاڈلی بہن اسکیم کا جائزہ لینےکے بعدخواتین اور اطفال کی ترقی کی وزیر ادیتی تٹکرے نے اسکیم کےتعلق سے موصول ہونےوالی درخواستوںکا جائزہ لینے کااعلان کیاہے۔ جس کےتحت اسکیم کیلئے نااہل دھولیہ کی ایک خاتون کی فراہم کردہ تفصیلات کےبعد اس خاتون سے لاڈلی بہن اسکیم کے ساڑھے ۷؍ہزارروپے واپس لئے گئے ہیں۔
لاڈلی بہن اسکیم کیلئے مطلوبہ شرائط کی خلاف ورزی کرکے استفادہ کرنےوالی خواتین کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔جوخواتین اسکیم کے معیارپر نہیں اُتریں گی انہیں نااہل قراردیاجائے گا۔ دھولیہ ، جلگائوں، وردھا، گڈچرولی اورپال گھر سے اس طرح کے نااہل درخواست گزاروں سے متعلق شکایتیں موصول ہوئی ہیں۔
دھولیہ کے ضلع کلکٹر جتندر پاپلکر کے مطابق’’یہاں کی ایک خاتون نے لاڈلی بہن اسکیم کے معیار کی خلاف ورزی کرکے ۵؍ مہینے میں ساڑھے ۷؍ہزار روپے حاصل کئے تھے۔ اس خاتون سے چالان بنا کر یہ رقم واپس وصول کر کےسرکاری خزانہ میں جمع کرائی گئی ہے۔سرکاری پالیسی کےمطابق ہم نے لاڈلی بہن اسکیم کیلئے درخواست دینےوالوںکی جانچ شروع کردی ہے۔‘‘
اس تعلق سے مزید استفسار کرنےکیلئے ادیتی تٹکرے کی پی اے شیتل پانڈہ کےموبائل فون پر متعدد مرتبہ رابطہ کرنےکی کوشش کی گئی لیکن بات نہیں ہوسکی۔