• Sat, 26 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لبنان: اسرائیلی فوج کا فضائی حملہ ،۳؍صحافیوں کی موت

Updated: October 26, 2024, 9:55 AM IST | Beirut

صحافیوں کی تنظیم کی شدید مذمت ۔ لبنان کے وزیراطلاعات نے اسے جنگی جرم قرار دیا۔ حزب اللہ کے حملوں میں ۱۰؍ اسرائیلی ہلاک، درجنوں زخمی۔

A journalist shows a jacket at the site where Israel attacked. Photo: AP and PTI
ایک صحافی اس جگہ جیکٹ دکھاتے ہوئے جہاں اسرائیل نے حملہ کیا تھا۔ تصویر: اے پی اور پی ٹی آئی

لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں۳؍ صحافیوں کی موت ہوگئی۔ اسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق المیادین ٹی وی نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں صحافیوں کی رہائش گاہ پر اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والے ۳؍ صحافیوں میں ۲؍ ان کے ادارے سے وابستہ تھے۔ان صحافیوں کی شناخت المیادین ٹی وی کے کیمرہ آپریٹر غسان نجار اور براڈکاسٹ ٹیکنیشین محمد ردا کے طور پر ہوئی ہےجبکہ حزب اللہ کے المنار ٹی وی کے کیمرہ آپریٹر وسام قاسم کی بھی موت ہوگئی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک عمارت ملبے کا ڈھیر بن چکی ہے جس میں ایک کار دبی ہوئی جس پر پریس لکھا ہوا ہے۔
 صحافیوں کی تنظیم نے اسرائیلی فوج کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمارت پر فضائی حملے سے قبل کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی تھی۔لبنان کے وزیر اطلاعات زیاد ماکاری کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے۳؍صحافیوں کا قتل جنگی جرم ہے۔ حملے کی جگہ پر۱۸؍صحافی موجود تھے جو۷؍ میڈیا اداروں سے وابستہ تھے۔  ایران نے بھی صحافیوں پر حملے کی مذمت کی۔
 اسرائیل کی جانب سے صحافیوں کی ہلاکت پر اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیاہے۔ 
 حزب اللہ کا راکٹ حملہ،  اسرائیلی فوج کے ۵؍ اہلکار ہلاک ، فوجی اڈے پر ڈرون حملہ بھی کیا
لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں اسرائیلی فوج کے۵؍ اہلکار ہلاک اور ۱۹؍ زخمی ہوگئے جن میں سے۴؍کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہونے والوں میں میجر ڈین ماوری، آفیسر اومری لوتان، وارنٹ آفیسر ایڈان، سی پی ٹی ایلون صفرائی اور ماسٹر سارجنٹ ٹام سیگل شامل ہیں  ۔
 دریں اثناء اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فوجی ساز و سامان کی فراہمی کیلئے ’میٹنگ پوائنٹ‘ پر حزب اللہ نے راکٹ داغے جن میں سے ایک اُس عمارت پر لگا جہاں فوجی کھڑے تھے۔یہ راکٹ فوجیوں کو ساز و سامان فراہم کرنے والے لاجسٹک قافلے کے اراکین کو بھی لگےجس کی وجہ سے ۱۹؍ اہلکار زخمی ہوگئے جن میں سے۴؍کی حالت تشویشناک   ہے۔
الجزیرہ کی خبر کے مطابق گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران حزب اللہ کے حملے میں کم از کم ۱۰؍ اسرائیلی فوج ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ جمعہ کوحزب اللہ نے دعویٰ کیا کہ اس نے اسرائیلی فوجی اڈے پر ڈرون سے حملہ کیا۔ شمالی اسرائیل پر  راکٹ حملے میں ۲؍ افراد ہلاک ہوگئے۔  بڑے میزائل سے ایک علاقے کو بھی نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج کے ضاحیہ پرحملے
 گزشتہ رات اسرائیلی فوج نے جنوبی بیروت کے شہر ضاحيہ پر تین فضائی حملے کئےجس میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ مقامی میڈیا نے یہ اطلاع دی۔ اسرائیل کے پہلے دو فضائی حملوں میں بیروت کے علاقے شويفات العمروسيةکو نشانہ بنایا گیاجبکہ تیسرا اور آخری سب سے طاقتور حملہ حارة حريك پر کیا گیا۔  اسرائیل نے لوگوں کو ان علاقوں کو خالی کرنے کا انتباہ جاری کیا تھا جن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کے بعد ہی  اہداف پر فضائی حملے کئے گئے۔  دریں اثناء اسرائیلی حملوں کے بعد لبنان اور شام کی ۲؍ سرحدی گزرگاہیں جمعہ کو بند کر دی گئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK