• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لبنان: اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری، ۹؍افراد ہلاک، قدیم مسجدبھی تباہ

Updated: October 14, 2024, 10:07 AM IST | Beirut

۱۴؍افراد زخمی ۔ مسجدپر حملے سے شدید غم وغصہ ۔ حزب اللہ نے اسرائیل پر۳۲۰؍میزائل داغے۔ لبنانی جنگجوتنظیم کے ایک ممبر کو گرفتار کرنے کااسرائیلی فوج کا دعویٰ۔

A destroyed area in Lebanon where a mosque is also visible. Photo: PTI.
لبنان کا ایک تباہ شدہ علاقہ جہاں مسجد بھی نظر آرہی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی فوج نے مذہبی آزادی اور بین الااقوامی جنگی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک مسجد کو نشانہ بنایا۔ لبنان کے سرکاری میڈیا کے مطابق جنوبی علاقے کے گاؤں تبنیت میں اسرائیلی فوج نے بم برسائے جس میں ایک قدیم مسجد مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ اس سے مسلمانوں میں شدیدغم و غصہ پایا جارہا ہے۔ خوش قسمتی سے مسجد میں کوئی شخص موجود نہیں تھا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ جنوبی لبنان میں دو الگ الگ واقعات میں حزب اللہ کے ٹینک شکن میزائل سے۲؍فوجی شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ لبنان کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ اتوار کو ایک اسرائیلی فضائی حملے میں جنگ زدہ جنوب میں ایک مسجد تباہ ہو گئی۔ حالیہ ہفتوں میں ملک پر بمباری تیز کر دینے کے بعد یہ تازہ ترین اسرائیلی حملہ ہے۔ 
اسرائیلی فوج کی دراندازی کی کوششوں کے بعد جھڑپیں 
دریں اثناء حزب اللہ نے بتایاکہ اس کی اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ دو بار جھڑپ ہوئی جنہوں نے اتوار کو لبنان کے سرحدی گاؤں کے قریب دراندازی کی کوشش کی۔ حزب اللہ نے راتوں رات کئی دیگر حملوں کا دعویٰ کیا۔ 
تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی لڑائی کی اطلاع دیتے ہوئے حزب اللہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں پر دھماکہ خیز مواد پھینکا گیا اور لبنانی گاؤں رامیہ کے قریب دو بار انہوں نے دراندازی کی کوشش کی تو جھڑپ ہوئی۔ اس نے لبنان میں اور سرحد کے اسرائیلی جانب اسرائیلی فوجیوں پر حملوں کا بھی دعویٰ کیا۔ 
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لڑائی کے دوران سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب ڈرون سے اسرائیل کی کریات شمونہ بستی کی کئی جگہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ’العربیہ‘ کی خبر کے مطابق اسے موصول ہونے والی خصوصی تصاویر میں جنوبی لبنان سے میزائل حملے کے بعد کریات شمونہ میں دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ حملہ ایسے وقت کیا گیا جب جنوبی لبنان کے کئی قصبوں اور شہروں پر صبح سے اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ ’العربیہ‘ کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے شمال میں بترون ضلع کے دیر بیلا کے ساتھ ساتھ جبیل ضلع کے المعیصرہ کے علاقے پر تیسری بار حملہ کیا۔ دریں اثنا مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ بترون کے مضافات میں چھاپے میں بے گھر افراد کی رہائش گاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں شوف کے ساحل پر واقع برجا کے علاقے کو بھی نشانہ بنایا گیا جس سے ایک رہائشی عمارت کو نقصان پہنچا۔ 
اسرائیل کے حملے
لبنانی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ ۲؍ اسرائیلی فضائی حملوں میں ۹؍ افراد کی موت ہوگئی جبکہ ۲۸؍زخمی ہوگئے۔ ایک حملے میں بیروت کے شمال میں واقع ایک گاؤں کو نشانہ بنایا گیا اور دوسرا حملہ دارالحکومت کے جنوب میں واقع دوسرے گاؤں اور حزب اللہ کے گڑھ کے قریب کیا گیا۔ بیروت کے شمال میں تقریباً۳۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کیسروان کے المعیصرہ قصبے پر اسرائیل کے حملے میں ۵؍ افراد کی موت ہوگئی اور۱۴؍ دیگر زخمی ہوگئے۔ اسی طرح بیروت کے جنوب میں شوف کے علاقے میں برجا پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ۴؍ افراد ہلاک اور۱۴؍ زخمی ہوئے۔ 
اسرائیل پر میزائل داغے گئے 
اسرائیلی فوج نےبتایا کیا کہ حزب اللہ نے لبنان سے اسرائیل پر تقریباً۳۲۰؍گولے اور راکٹ داغے۔ یہ گولہ باری ایک ایسے وقت میں کی گئی جب یہودیوں کے مذہبی تہوار ’یوم کپور‘ کی وجہ سے ہفتے کو عام تعطیل تھی۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں یہ بھی کہا کہ یوم کپور کے دوران ہفتے کے آخر میں حزب اللہ کی طرف سے فائر کئے گئے تقریباً ۳۲۰؍ میزائل لبنان سے اسرائیل پرداغے گئے۔ 
قبل ازیں بتایا گیا کہ جنوبی لبنان سے داغے گئے تقریباً۳۵؍ میزائلوں کا پتہ چلا ہے جس میں سے کچھ کو روک لیا گیا تھاجبکہ ’العربیہ‘ کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ عکا اور اس کے گرد ونواح کی طرف داغے گئے تمام میزائلوں کو روکنے میں ناکام رہے اور وضاحت کی کہ ان میں سے کچھ کو الکریوت اور عکا میں روکا گیا تھا۔ 
حزب اللہ کےممبر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں اپنی زمینی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے حزب اللہ کے ایک ممبر کو پکڑ لیا ہے جو اس علاقے میں زیر زمین سرنگوں میں موجود تھا۔ حزب اللہ کے ممبر کو گرفتار کرنے کے بعد اسرائیلی فوج نے اس سے تفتیش شروع کر دی ہے اور اسے ایک تفتیشی عقوبت خانے میں منتقل کر دیا ہےجو سرحد کے قریب ہی اسرائیلی علاقے میں قائم کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK