اسرائیلی فوج لبنانی علاقوں پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔ حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل پرصبح سے ۱۶۵؍ راکٹ داغے گئے۔
EPAPER
Updated: November 25, 2024, 9:59 AM IST | Beirut
اسرائیلی فوج لبنانی علاقوں پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔ حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل پرصبح سے ۱۶۵؍ راکٹ داغے گئے۔
اسرائیلی فوج لبنانی علاقوں پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔ حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل پرصبح سے ۱۶۵؍ راکٹ داغے گئے۔ جنگ کے میدان میں بھی اسرائیلی افواج کے ساتھ جھڑپیں جاری ہیں ۔ اطلاع کے مطابق اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے قصبوں میں پیش قدمی کر رہی ہے۔ حالیہ میدانی پیش رفت میں ’العربیہ‘ نے اطلاع دی ہے کہ العامریہ میں لبنانی فوج کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا۔ البیاضہ سے گولہ باری کی گئی تھی۔ اس حملے میں ایک لبنانی فوجی کی موت ہوگئی جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
قومی خبر رساں ایجنسی نے شمع - طیر حرفا کے محور پر حزب اللہ کے جنگجوؤں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں میں شدت آنے کی اطلاع دی ہے۔ اسرائیلی فوج مذکورہ قصبوں پر بمباری کر رہی ہے اور جھڑپ والے علاقے پر اپنی جاسوسی اور ڈرون پروازیں تیز کر رہی ہیں۔ الخیام قصبہ میں اسرائیلی زمینی کارروائی کے آغاز کے بعد سے گزشتہ رات سب سے مشکل اور پرتشدد راتوں میں سے ایک رہی۔ اسرائیلی فوج نے الخیام میں اپنی دراندازی جاری رکھی۔ اسرائیلی فوج نے اس کے مختلف محلوں پر بمباری کی اور فوجی طیاروں نے ایک سے زیادہ پروازیں کیں۔ ان حملوں میں کئی محلوں میں املاک کو بڑا نقصان پہنچا۔ مغرب کی جانب ایک پورا محلہ دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ یاد رہےکہ علاقے کے کچھ رہائشیوں کو اسرائیلی فوج کی طرف سے فون کال موصول ہوئیں جس میں انہیں خبردار کیا گیا کہ وہ ان علاقوں میں نہ جائیں جہاں ان کے محل وقوع کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ ’دیر مار میماس‘کے علاقے میں اسرائیلی فوج نے خانقاہ مار میماس کے نیچے بمباری کی اور شہر کے آس پاس کی وادی اور پہاڑوں پر شقیف قلعہ اور دریائے اللیطیانی کے کنارے پر حملے کئے۔ اسرائیلی فوج نے الخردلی روڈ کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔
اتوار کو حزب اللہ نے تل ابیب کے ایک فوجی اڈے اور جنوبی اسرائیل میں ایک بحری اڈے پر بمباری کا دعویٰ کیا۔ حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے اتوار کی صبح اشدود بحری اڈے پر ڈرون سے حملہ کیا ہے۔ یہ اڈہ لبنان کی سرحد سے۱۵۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ ایک اور بیان میں کہا گیا کہ اتوار کی صبح ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا اور ساتھ ہی ساتھ تل ابیب شہر میں ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔
قبل ازیں لبنان سے تل ابیب اور وسطی اسرائیل پرطویل فاصلے تک مار کرنے والے ۵؍ میزائل داغے گئے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں سائرن بجنے لگے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ صرف ایک طویل فاصلے تک مار کرنے والا میزائل اسرائیل میں گرا اور باقی ۴؍ کو فضائی دفاع نے روک دیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے لبنان سے آنے والے ۲؍ ڈرون کو روکنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے۵؍ قصبوں کے مکینوں کو انخلاء کی وارننگ جاری کرتے ہوئے انہیں دریائے الاولی کے شمال کی طرف جانے کو کہا ہے۔