• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لینا چنداورکر: معصوم سی نظر آنے والی ماضی کی ایک خوبصورت اداکارہ

Updated: August 29, 2024, 12:36 PM IST | New Delhi

لیناآرمی بیک گراؤنڈرکھتی ہیں۔ لینا چنداورکر کوکنی مراٹھی بولنے والے فوجی افسر سریناتھ چنداورکر کے یہاں ۲۹؍اگست ۱۹۵۰ءکو پیدا ہوئیں۔ انھیں فلموں میں سنیل دت لائے تھے۔ فلم

Actress Leena Chandavarkar. Photo: INN.
اداکارہ لینا چنداورکر۔ تصویر: آئی این این۔

چہرے پر معصومیت، آنکھوں میں خواب اور اداوں میں نزاکت… یہ اس خوبصورت اداکارہ کی خصوصیات تھیں جس نےاسکرین پر اپنی اداکاری سے لاکھوں ناظرین کے دل جیت لیے تھے۔ لیکن اس کی زندگی درد اور دکھ کی کہانیوں سے بھری ہوئی تھی۔ ۲۴؍سال کی عمر میں جب ان کی شادی ہوئی تو وہ اپنےشوہرکےساتھ کافی خوش تھیں لیکن صرف ایک سال کےبعد ۲۵؍سال کی عمر میں وہ بیوہ ہو گئیں۔ لوگوں کے طعنے سن کر خودکشی کے خیالات آنے لگے۔ خوش رہنےکے لیے وہ ایک بار پھر فلموں میں واپس آگئیں اور ایک فلم کرتے ہوئے انہیں اداکار سے پیار ہو گیا۔ ۳؍ شادی کرچکے اداکار اور سنگر کو دل دینے والی یہ اداکارہ لینا چنداورکر ہیں۔ 
’جانے کیوں لوگ محبت کیا کرتےہیں ‘ اور’ڈھل گیا دن ہو گئی شام‘ جیسے گانے ان پر فلمائےجاچکےہیں۔ ۶۰؍ اور۷۰؍کی دہائی کی مشہور اداکارہ لیناچنداورکر۶۰ء اور ۷۰ء کی دہائی کی مشہور اداکارہ ہیں جنہوں نے اس وقت کے تقریباً تمام سپراسٹارز کے ساتھ کام کیا ہے جن میں راجیش کھنہ، دھرمیندر، جتندر، سنجیو کمار، ونود کھنہ، دلیپ کمار، سنیل دت اور راج کمار شامل ہیں۔ 
لیناآرمی بیک گراؤنڈرکھتی ہیں۔ لینا چنداورکر کوکنی مراٹھی بولنے والے فوجی افسر سریناتھ چنداورکر کے یہاں ۲۹؍اگست ۱۹۵۰ءکو پیدا ہوئیں۔ انھیں فلموں میں سنیل دت لائے تھے۔ فلم تھی ’من کامیت‘۔ یہ فلم تونہیں چلی مگرلینا کو دیگر متعددفلمیں ملنے لگیں۔ شوخ چنچل سی لینا نےکئی کامیاب فلمیں دیں اور بڑے بڑےاسٹارز کے ساتھ کام کیا۔ وہ دلیپ کمار کی بہت بڑی فین رہی ہیں۔ اس لیے اُنکی یہ تمنّا تھی کہ دلیپ صاحب کے ساتھ بھی کام کریں اور اُنکی یہ تمنّا پوری بھی ہوئی۔ دلیپ کمار کے ساتھ لینا نے بیراگ فلم میں کام کیا۔ اپنے کریئر کے پیک پر انھوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنی پسند سے گوا کے وزیراعلیٰ کےبیٹے سدھارتھ بندودکر سے شادی کر لی مگر شادی کےصرف ۱۱؍ دن بعد ہی سدھارتھ کو اپنی ہی گن سے گولی لگ گئی اورساری خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئیں۔ سدھارتھ ۶؍، ۷؍مہینے اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد فوت ہو گئے۔ محض ۲۵؍ سال کی عمرمیں لینا بیوہ ہو گئی۔ لینا کو لگنے لگا کہ وہ مانگلک ہیں اس لیےاُنکے شوہر کی موت ہو گئی۔ مگر اُنکی ساس نے انھیں سمجھایا اور اُنکی حوصلہ افزائی کی۔ سدھارتھ کی موت کے بعد لینا ڈپریشن میں جانے لگی اور اُن میں جینےکی خواہش ختم ہونے لگی مگروالدین اور دوستوں کےسمجھانے پر وہ دوبارہ سے فلموں میں کام کرنے لگیں۔ تب اُنکی ملاقات گلوکار کشور کمار سے ہوئی۔ کشورکمار لینا کو دھیرے دھیرے واپس زندگی کی طرف لائے۔ دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا مگر دونوں کی عمر میں ۲۰؍ سال کا فرق تھا۔ اس لیے لینا کےوالدین اس شادی کے خلاف تھے مگر پھر بھی لینا نےکشور سے شادی کی۔ اُنکا ایک بیٹا بھی ہوا۔ لینا کہتی ہیں کہ سب مجھ سے کہتے تھے’’تم بہت خوبصورت ہواور میں نے کبھی یقین نہیں کیا مگر جب کشورکمار نے مجھ سے شادی کی، تب مُجھے لگا میں واقعی خوبصورت ہوں کیونکہ مجھ سےپہلے اُنکی جو۳؍ بیویاں تھیں، وہ بے حد خوبصورت تھیں۔ شادی کے ۷؍، ۸؍سال بعدکشور کمار کابھی انتقال ہوگیا۔ ۳۷؍ سال کی عمر میں لینا ایک بار پھر بیوہ ہو گئی۔ لینا کشور کمار کی پہلی بیوی روما اور اُنکے بیٹے امیت کےساتھ ہی رہتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK