• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

موسلادھار بارش کے سبب لوکل ٹرین سروس متاثر۔ تھانے، کلیان، ڈومبیولی اور کسارا کے مسافروں کو دشواری

Updated: July 09, 2024, 10:54 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

لوکل ٹرینوں کے تھانے سے آگے نہیں جانے کا اعلان سن کر کچھ مسافروں نے گھر کی راہ لی جبکہ بیشتر مسافروں نے بس اور رکشوں کا سہارا لیا۔ کلیان ریلوے اسٹیشن پر اعلان کیا جارہا تھا کہ بہت ضروری ہونے پر ہی سفر کریں۔

A large number of passengers were waiting for the train at Thane railway station. Photo: PTI
تھانے ریلوے اسٹیشن پر بڑی تعداد میں مسافر ٹرین کا انتظا رکرتےہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

ممبئی اور مضافات ہوئی موسلادھار بارش کی وجہ سے تھانے،کلیان، ڈومبیولی، کرجت اور کسارا سے ممبئی جانے والے مسافروں کو زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر پٹریاں ڈوب جانے سے ٹرینوں کی سروس گھنٹوں متاثر رہی۔ لوکل ٹرینوں کے تھانے سے آگے نہیں جانے کا اعلان سن کر مسافروں نے گھر کی راہ لی جبکہ بیشتر مسافروں نے بس اور رکشوں کا سہارا لیا۔ کلیان ریلوے اسٹیشن پر تھوڑی تھوڑی دیر کے وقفہ سے اعلان کیا جارہا تھاکہ بہت ضروری ہونے پر ہی سفر کریں۔
 دوسری جانب سڑکوں پر معمول سے زائد گاڑیاں ہونے کی وجہ سے ممبئی، نوی ممبئی اور  تھانے کی سمت جانے والی سڑکیں مکمل طور پر جام تھیں۔ جالنہ وندے بھارت ایکسپریس کو کلیان ریلوے اسٹیشن پر ختم کردیا گیا۔
کرجت، کسارا، بدلاپور، امبرناتھ اور الہاس نگر سے آنے مسافر کلیان ریلوے اسٹیشن پر پھنس گئے۔ چونکہ لوکل ٹرینیں کلیان سے تھانے کے درمیان ہی چلائی جارہی تھیں اس لئے  بیشتر مسافروں نے گھر جانا پسند کیا۔ کچھ مسافروں نے بھیونڈی بائے پاس ہوتے ہوئے ممبئی پہنچنے کی کوشش کی نیز نوی ممبئی، پنویل کی طرف جانے والے مسافروں نے بس،رکشا اور ٹیکسی کا سہارا لیا۔اتوار کی طرح  پیر کو ایک بار پھر لوکل ٹرینوں سے سفر کرنے والے مسافروں کو زبردست پریشانی جھیلنی پڑی۔گزشتہ روز کلیان-کسارا روٹ ۷ گھنٹے تک بند ہونے سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اس درمیان کلیان بس ڈپو پر نوی ممبئی، پنویل، ناسک اور بھیونڈی بائے پاس جانے والے مسافروں کی کافی بھیڑ تھی جبکہ کے ڈی ایم ٹی  اور این ایم ٹی کی بسوں میں تل رکھنے کی جگہ نہیں تھی۔  ہمیشہ کی طرح بسوں میں ہجوم کو دیکھ کر رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں نے مسافروں سے من مانا کرایہ وصول کیا۔چند مسافر زائد کرایہ دینے بھی راضی ہوگئے مگر انہیں شیل پھاٹا روڈ اور بھیونڈی بائے پاس میں ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا۔ادھر ممبئی سے پونے اور ناسک کی سمت  جانے والی بیشتر گاڑیاں منسوخ یا تاخیر سے چلنے کی وجہ سے مسافروں نے ایس ٹی بسوں کا سہارا لیا لیکن یہ بسیں ناکافی ثابت ہوئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK