• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

لوکو پائلٹ نے پٹری پر گرے شخص کو اٹھانے کیلئے گاڑی کو الٹی سمت چلایا

Updated: January 08, 2025, 3:34 PM IST | Agency | Nanded

تپوون ایکسپریس سے گرے مسافر کو اٹھاکر اسپتال پہنچایا گیا مگر بچایا نہیں جا سکا ، البتہ لوکو پائلٹ کے جذبے کی سبھی نے ستائش کی۔

Passengers and loco pilot gave evidence of awareness. Photo: INN
مسافروں اور لوکو پائلٹ نے بیداری کا ثبوت دیا۔ تصویر: آئی این این

ایک ٹرین جو ناسک سے  منماڑ کی طرف جا رہی تھی اچانک رک گئی۔ پھر الٹی سمت یعنی  پیچھے کی طرف چلنے لگی۔ ظاہر سی بات ہے کہ یہ منظر دیکھ کر لوگوں کو حیرانی ہوئی ہوگی۔ ٹرین میں بیٹھے ہوئے بہت سے لوگوں کو بھی اسکی خبر نہ تھی کہ کیا ہو رہا ہے لیکن ٹرین ۷۰۰؍ میٹر کے فاصلے تک یوں ہی چلتی رہی کیونکہ اسے ایک زخمی شخص کو  ڈھونڈ کرپٹری سے اٹھانا تھاجو اسی ٹرین سے گرا تھا ۔  حالانکہ  اسپتال پہنچانے کے بعد بھی اس شخص کی جان نہیں بچ سکی لیکن سبھی نے ٹرین کے لوکو پائلٹ (ڈرائیور) کے انسانی جذبےکی ستائش کی۔ 
ڈیویژنل ریلوے منیجر ایتی پانڈے کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق ممبئی سے ناندیڑ جانے والی تپوو ن ایکسپریس اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھی۔ منماڑ جنکشن آنے ہی والا تھا کہ کچھ لوگوں نے ٹرین کی الارم چین کھینچی۔  اس کی وجہ سے گاڑی روکنی پڑی۔ کچھ مسافر وں نے ٹرین میں موجود گارڈ ایس ایس کدم کے پاس پہنچ کر بتایا کہ گاڑی کے تیسرے نمبر کے کوچ سے ایک مسافر پٹری  پر گر گیا ہے۔ گارڈ نے گارڈ کے لوکو پائلٹ ایم ایس عالم سے رابطہ کیا۔ انہیں ساری بات بتائی۔ ایم ایس عالم کیلئے یہ ایک مشکل گھڑی تھی کیونکہ انہیں نے یوں گاڑی راستے میں روکنے کی اجازت ہے نہ ہی پیچھے کی طرف جانے کی۔
انہوں نے فوری طور پر کنٹرول روم میں اس کی اطلاع دی اور بتایا کہ وہ مسافر کو پٹری سے اٹھانے کیلئے گاڑی کو پیچھے کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ کنٹرول روم سے کچھ ہی دیر میں اس کی اجازت مل گئی۔ ادھر اس گاڑی کے پیچھے  ایک مال گاڑی چلی آرہی تھی۔ کنٹرول روم نے اس مال گاڑی کو سگنل دیا کہ وہ پہلے والے اسٹیشن ہی پر رک جائے جب تک کہ اگلا سگنل نہیں دیا جاتا۔ 
  باضابطہ سگنل ملنے کے بعد ایس ایم عالم نے گاڑی کو الٹی سمت یعنی منماڑ سے ناسک کی طرف چلایا۔ اس طرح ۷۰۰؍ میٹر چلنے کے بعد وہ زخمی شخص دکھائی دیا۔ فوری طور پر اس شخص کو اٹھاکر ٹرین میں ڈالا گیا۔ ٹرین منماڑ پہنچی جہاں ریلوے اہلکاروں نے ایمبولنس  تیار رکھی تھی۔ زخمی شخص کو اس ایمبولنس میں ڈال کر اسپتال پہنچایا گیا ۔ جبکہ اسے لانے والی تپوون ایکسپریس ناندیڑ کی طرف روانہ ہو گئی۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ایس ایم عالم اور ٹرین کے مسافروں کی یہ انسانیت اور بیداری کام  نہیں آسکی کیونکہ اسپتال میں زخمی شخص کا انتقال ہو گیا۔ اس کا نام سرور شیخ بتایا جا رہا ہے جو کہ اترپردیش  کا رہنے والا تھا۔  فی الحال یہ نہیں معلوم ہو سکا کہ سرور شیخ ٹرین سے نیچے کیسے گرا۔ ریلوے پولیس نے حادثاتی موت کو معاملہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ البتہ اس جذبے کیلئے ایس ایم عالم کی ستائش ہو رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK