• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لوک سبھا الیکشن : وزیراعظم نریندر مودی نے وارانسی سے پرچہ نامزدگی داخل کیا

Updated: May 14, 2024, 2:50 PM IST | Varansi

لوک سبھا انتخابات کے ساتویں مرحلے کیلئے پرچہ نامزدگی کا آج آخری دن تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اس سیٹ پر ۲۰۱۴ء سے الیکشن لڑ اور جیت رہے ہیں۔ اس حلقے کو بی جے پی کا گڑھ کہا جاتا ہے۔ تاہم، ۲۰۱۴ء میں کانگریس کے امیدوار آر کے مشرا اس سیٹ پر بی جے پی کی حکمرانی ختم کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

Prime Minister Modi filing nomination papers. Photo: PTI
وزیر اعظم مودی پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اتر پردیش کے وارانسی حلقہ سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کیلئے پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم ۲۰۱۴ء سے اس نشست کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وارانسی کو بی جے پی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ ۱۹۹۱ء کے بعد سے پارٹی نے یہاں سے ۸؍ مرتبہ سیٹ جیتی ہے۔ تاہم، کانگریس کے آر کے مشرا ۲۰۰۴ء میں اس سلسلے کو توڑنے میں کامیاب رہے تھے۔ ۲۰۱۹ء میں مودی نے اس حلقے سے سماج وادی پارٹی کی شالنی یادو کے خلاف کم و بیش ۷؍ لاکھ ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔
امسال کے انتخابات کیلئے کانگریس نے وارانسی سے اپنے ریاستی صدر اجے رائے کو میدان میں اتارا ہے۔ پیر کو کامیڈین شیام رنگیلا، جو آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے ہیں، نے دعویٰ کیا کہ وہ تمام ضروری رسمی کارروائیاں مکمل کرنے کے باوجود پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے قاصر ہیں۔ واضح رہے کہ رنگیلا اپنے ویڈیوز میں مودی کی نقل کیلئے مشہور ہیں۔ 
الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں انہوں نے الزام لگایا کہ پرچہ نامزدگی کا عمل سست ہے اور امیدواروں کو ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر انتظار کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ رنگیلا نے یہ بھی کہا کہ کئی دوسرے امیدوار بھی وارانسی سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے قاصر تھے۔ تاہم، ضلع انتخابی افسر ایس راجلنگم نے کہا کہ دیگر امیدواروں بشمول کانگریس اور بہوجن سماج پارٹی کے امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’لوگوں کی ایک بڑی تعداد پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے آ رہی ہےہم کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کر رہے ہیں۔‘‘
راجلنگم نے مزید کہا کہ یہ حلقہ ایک ہائی پروفائل تھا کیونکہ وزیر اعظم اس سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں، اس لئے ہمیں سیکوریٹی کے مسائل پر بھی توجہ دینی چاہئے۔ منگل کو اس حلقے سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا آخری دن ہے، جہاں لوک سبھا انتخابات ساتویں اور آخری مرحلے میں یکم جون کو پولنگ ہوگی۔ نتائج کا اعلان ۴؍ جون کو ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK