• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لوک سبھا الیکشن سے قبل ریکارڈ مقدار میں نقدی، منشیات اور شراب ضبط

Updated: April 16, 2024, 3:08 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

لوک سبھا انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن نے نقدی، شراب، منشیات کی صورت میں تاریخ کی سب سے بڑی مقدار ضبط کی ہے۔ اس میں راجستھان، گجرات، مہاراشٹر، تمل ناڈو اور کرناٹک شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے منصفانہ انتخاب کے اپنے وعدے کا اعادہ کیا۔

Election Commission Of India. Photo: INN
الیکشن کمیشن آف انڈیا۔ تصویر : آئی این این

الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز کہا کہ اس نے یکم مارچ سے اب تک ۴؍ ہزار ۶۵۰؍ کروڑ روپے کی نقدی، شراب، منشیات، قیمتی دھاتیں اور دیگر مفت چیزیں ضبط کی ہیں، جو لوک سبھا انتخابات کی تاریخ میں اب تک کی سب سےبڑی مقدار ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے اس طرح کی ضبطی انتخابات سے پہلے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے کی جاتی ہیں تاکہ انتخابی بدعنوانیوں کو روکا جا سکے اور پارٹیوں کیلئے برابری کے مقابلے کو یقینی بنایا جا سکے۔ 
پولنگ باڈی نے کہا کہ اس نے یکم ماارچ سے ۱۳؍اپریل کے درمیان ہر روز ۱۰۰؍کروڑ روپے سے زائد کی رقم ضبط کی ہے، جس میں سب سے زیادہ رقم بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں راجستھان اور گجرات سے ضبط کی گئی ہے۔ راجستھان سے پولنگ باڈی نے ۵ء۷۷۸؍کروڑ روپے جبکہ گجرات سے ۳ء۶۰۵؍ کروڑ روپے ضبط کئے ہیں۔ تمل ناڈو سے ۸ء۴۶۰کروڑ روپے اور مہاراشٹر سے ۳ء۴۳۱؍کروڑ روپے ضبط کئے گئے ہیں۔ 
سب سے زیادہ نقدی ۵ء۵۳؍ کروڑ روپے تمل ناڈو سے ضبط کی گئی ہے جبکہ سب سے زیادہ شراب جس کی مالیت ۳ء۱۲۴؍کروڑ روپے ہے کرناٹک میں پکڑی گئی ہے۔ سب سے زیادہ منشیات جس کی مالیت ۹ء۴۸۵؍کروڑ روپے ہے، گجرات سے ضبط کی گئی ہے اور سب سے زیادہ قیمتی دھاتیں جن کی مالیت ۷ء۷۸؍کروڑ روپے تھی تمل ناڈو سے ضبط کی گئی ہے۔ پولنگ باڈی نے راجستھان سے ۲ء۵۳۳؍کروڑ روپے کی مختلف قسم کی مفت چیزیں اور دیگر اشیاء ضبط کی ہیں۔ 
الیکشن کمیشن نے کہا کہ ’’یہ ۲۰۱۹ءمیں پورے لوک سبھا انتخابات کے دوران ضبط کئے گئے ۳۴۷۵؍کروڑ روپے سے زیادہ کا اضافہ ہے۔ ‘‘ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پکڑے جانے والوں میں سے ۴۵؍ فیصد منشیات اورنشہ آور شامل ہیں، جس پر کمیشن کی خصوصی نظر تھی۔ واضح رہے کہ لوک سبھا انتخابات ۱۹؍اپریل سے یکم جون کے درمیان سات مرحلوں میں ہوں گے اور نتائج کا اعلان ۴؍جون کو کیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK