• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لوک سبھا انتخابات: کانگریس ’’پانچ نیائے‘‘ اپنے منشور میں شامل کرے گی

Updated: March 18, 2024, 5:55 PM IST | New Delhi

کانگریس نے بھارت جوڑونیائے یاترا کے دوران بارہا دہرائے گئے پانچ نیائے (انصاف) کو انتخابی منشورکاحصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ ہم اپنے منشورمیں پانچ نیائے کو شامل کریں گے جن میں خواتین، نوجوان، کسان، ملازمین اور قبائیلیوں کو ۲۵؍ حقوق کی گیارٹنی ہوگی۔ کانگریس اپنے منشور کے ذریعے انصاف کا پیغام دینے کی کوشش کرے گی۔

Rahul Gandhi and Priyanka Gandhi during Yatra. Photo: PTI
راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی یاتراکے دوران۔ تصویر: پی ٹی آئی

پانچ انصاف راہل گاندھی کی ۲؍ ماہ پر مشتمل بھارت جوڑو نیائے یاترا کا حصہ رہے اور اب کانگریس انہیں اپنے انتخابی منشورکا حصہ بھی بنائے گی۔ اس ضمن میں کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ ہم اپنے منشور میں ’’پانچ نیائے ‘‘(انصاف) کی گارنٹی دیں گے جس میں ۲۵؍ حقوق ہوں گے۔کانگریس اپنے منشور کے ساتھ انصاف کا پیغام دینے کی کوشش کرے گی جن میں عوام کیلئے سماجی، معاشی اور سیاسی انصاف شامل ہیں۔ 
راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا، جو منی پور سے شروع ہوئی تھی اور ممبئی میں ختم ہوئی ہے، نے ۵؍ نیائے اور ۲۵؍ حقوق کی گارنٹی دی ہے۔ جے رام رمیش نے مزید کہا کہ اس یاترا نے ۵؍ نیائے پر سوچنے اور ان پر گفتگو کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا ۔ 
خیال رہے کہ کانگریس نے اسی مدعے کو مد نظر رکھتے ہوئے یاترا کا نام بھی ’’نیائے‘‘ یعنی انصاف رکھا جس کے ذریعے راہل گاندھی نے  ملک کے عوام کیلئے سماجی، معاشی اور سیاسی انصاف کی فراہمی کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ یاترا کے دوران ’’کسان نیائے‘‘ جس میں چھتیس گڑھ کے امبیکاپور میں کانگریس نے کسانوں کو فصلوں کیلئے اقل ترین قیمت (ایم ایس ی ) کی قانونی گارنٹی دینے کا وعدہ کیا تھا،  رانچی میں ’’حصہ داری نیائے‘‘ (حکومت میں حصہ)، بنسوارہ میں ’’یووانیائے‘‘ جن میں نوجوانوں کیلئے کچھ آمدنی اور لازمی اپرنٹس شپ شامل ہے، مہاراشٹر کے دھولے میں خواتین کیلئے ’’ناری نیائے‘‘ اور ممبئی کے دھاراوی میں ملازمین کیلئے ’’شارامک نیائے‘‘ بھی شامل ہیں۔کانگریس نے مہاراشٹر کے نندوربار میں ادی واسیوں کیلئے ’’ادی واسی سنکلپ ‘‘ بھی جاری کیا تھا۔
کانگریس نے جب وعدہ کیا کہ وہ اپرنٹس شپ کو قابل نفاذ حکم بنا دیں گے تب منسٹری آف اسکلس اینڈ انٹرپرینیورشپ نےپچھلے ہفتے ۸ء۱؍ کمپنیوں کو نوٹس جاری کیا جس میں انہوں نے اپرنٹس کی لازمی تعداد کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ 
اس ضمن میں ڈیٹا انالیٹکس ڈپارٹمنٹ اینڈ پروفیشنل کانگریس کے ہیڈ پروین چکرورتی نے کہا کہ  مجھے خوشی ہوئی کہ حکومت نے ۱۰؍ سال بعد ملازمت کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے ہمارے منشور کے آئیڈیا کو نقل کیا۔ کانگریس نے اپنے منشور میں مردم شماری کروانے کابھی وعدہ کیا ہے۔
کانگریسی لیڈران کا کہنا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے جب کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کے اعلان سے قبل قومی سطح پر انتخابی وعدے کئے ہیںجبکہ پارٹی نے یہ انتخابی وعدے اپنے ہیڈکوارٹرس میں نہیں بلکہ ریلی کے دوران کئے ہیں جو کانگریس کیلئے بڑی تبدیلی ہے۔نہ صرف یہ کہ گارنٹی بلکہ کانگریس کے لیڈران کے مطابق بھی یہ یاترا کامیاب ثابت ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK