الیکٹریکل سب اسٹیشن میں آگ لگنے سے بجلی منقطع ، بیرون ملک پروازیں بری طرح متاثر، کئی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ لاکھوں مسافروں کو دشواریاں۔
EPAPER
Updated: March 22, 2025, 10:13 AM IST | London
الیکٹریکل سب اسٹیشن میں آگ لگنے سے بجلی منقطع ، بیرون ملک پروازیں بری طرح متاثر، کئی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ لاکھوں مسافروں کو دشواریاں۔
انگلینڈ کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے قریب الیکٹریکل سب اسٹیشن میں بھیانک آتشزدگی سے بجلی منقطع ہو گئی ۔ اس واقعے سے تمام پروازوں کے نظام الاوقات میں خلل پیدا ہو گیا ہے۔ لندن فائر بریگیڈ نے کہا کہ تقریباً ۷۰؍فائر مین لندن کے مغرب میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہیں ۔ ہیتھرو ایئرپورٹ پر بڑے پیمانے پر بجلی بند ہے۔ یہ یورپ کا مصروف ترین اور دنیا کا پانچواں مصروف ترین ایئرپورٹ ہے۔ فائر بریگیڈ نے کہا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ رڈار۲۴؍ کے مطابق کئی پروازوں کا رخ پہلے ہی دیگر ایئرپورٹس کی طرف موڑا جا رہا تھا جن میں قنطاس ایئرویز نے اپنی پرواز پرتھ سے پیرس اور یونائیٹڈ ایئر لائنز نے نیویارک کی پرواز شینن، آئرلینڈ کیلئے روانہ کردی ۔امریکہ سے آنے والی بعض پروازیں فضا ہی میں واپس موڑ دی گئیں ۔سان فرانسسکو سے یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز کو لندن کے بجائے واشنگٹن ڈی سی میں اترنا تھا۔ برٹش ایئرویز اور ورجن اٹلانٹک نے بھی پروازوں کا رخ قریبی گیٹ وِک کی طرف موڑ دیا۔
ہیتھرو ایئرپورٹ نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ’’اپنے مسافروں کی حفاظت کیلئے ہیتھرو۲۱؍ مارچ (جمعہ )کو رات ۱۲؍ بجے تک بند رہے گا۔ مسافروں کو ایئرپورٹ کی طرف سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
کئی گھروں اور کاروبار بجلی سے محروم ہو گئے۔ فائر بریگیڈ نے کہاکہ فائر فائٹرس نے۲۹؍افراد کوجائےحادثہ سے محفوظ مقام پر پہنچایا ہے اور احتیاطاً ۲۰۰؍میٹر کا علاقہ داخلے کیلئے بند کر دیا گیا ہے جبکہ تقریباً ۱۵۰؍ افراد کو نکال لیا گیا ہے۔
ہیتھرو کے ایک ترجمان نے ایک ای میل میں رائٹرس کو بتایا کہ آگ بجھانے والا عملہ حادثے کا جواب دے رہا تھا لیکن اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی کہ بجلی کب بحال ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں ایئرپورٹ کے امور میں خلل پڑسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آئی پی ایل ۱۸؍ کے افتتاحی میچ میں کولکاتا اور بنگلور مد مقابل
پورے یورپ میں ہوائی ٹریفک کنٹرول آپریشنز کا انتظام کرنے والے یورو کنٹرول نے اپنی آپریشنز ویب سائٹ پر کہا ہے کہ ہیتھرو میں بجلی منقطع ہونے کے باعث کسی کو آنے کی اجازت نہیں ہے اور پروازوں کے رخ موڑنے کے منصوبے ہیں۔
ہیتھرو ۲؍ رن وے والا دنیا کا مصروف ترین ایئرپورٹ ہے جہاں روزانہ تقریباً ایک ہزار ۳۰۰؍ طیاروں کی پرواز اور لینڈنگ ہوتی ہے۔فلائٹ رڈار ۲۴؍ کے ترجمان ایان پیٹچینک نے کہاکہ اس حادثے سے تمام دنیا میں ایئر لائنز کے آپریشنز میں خلل پیدا ہو گا۔
برطانوی وزیرتوانائی ایڈ ملی بینڈ نے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر آتشزدگی کو ’تباہ کن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاور سب اسٹیشن میں ایئرپورٹ کا بیک اپ پاور جنریٹر بھی آگ کی لپیٹ میں آ گیاہے۔ یورپ کا مصروف ترین ہیتھرو ایئرپورٹ جہاں سے جمعہ کو ۲؍ لاکھ ۹۰؍ ہزار مسافروں کو پرواز کرنا تھا، گزشتہ رات کی آتشزدگی کے باعث آدھی رات تک بند رہے گا۔
ملی بینڈ نے جمعہ کو اسکائی نیوز کو بتایاکہ ’’بیک اپ میکانزم موجود ہے لیکن بھیانک آگ کے پیشِ نظر ایسا لگتا ہے کہ بیک اپ میکانزم بھی متاثر ہوا ہے۔ ایک بیک اپ جنریٹر تھا لیکن وہ بھی آگ سے متاثر ہوا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ حادثہ کتنا غیر معمولی تھا۔‘‘انہوں نے کہاکہ نیشنل گرڈ ایک اور بیک اپ سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے بجلی کی بحالی کیلئے کام کر رہا ہے۔ حکومت یہ سمجھنے کی کوشش کررہی ہے کہ آگ کس وجہ سے لگی اور کیا مستقبل میں برطانیہ کے انفراسٹرکچر کیلئے اس سے کوئی سبق سیکھا جا سکتا ہے۔