• Thu, 06 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاڈا کوکن ڈویژن کے فلیٹوں اور پلاٹ کی نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں قرعہ اندازی

Updated: February 06, 2025, 12:11 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مہاڈا کے کوکن ڈویژن میں ۲؍ ہزار ۱۴۷؍ فلیٹوں اور ۱۱۷؍پلاٹس کی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں کاشی ناتھ گھانیکر ہال، تھانے میں ہوئی۔

Eknath Shinde. Picture: INN
ایکناتھ شندے۔ تصویر: آئی این این

مہاڈا کے کوکن ڈویژن میں ۲؍ ہزار ۱۴۷؍ فلیٹوں اور ۱۱۷؍پلاٹس کی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں کاشی ناتھ گھانیکر ہال، تھانے میں ہوئی۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ ’’ ہر عام آدمی اپنا گھر خریدنے کے خواب کے ساتھ جیتا ہے۔ اس خواب کو پورا کرنے کیلئے وہ بہت محنت کرتا ہے۔ مہاڈا  ایسے عام لوگوں کے اس خواب کو پورا کر رہا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اور تھانے ضلع کے نگراں وزیر ایکناتھ شندے نے زور دے کر کہا کہ حکومت عام آدمی کو سستا اور معیاری مکانات فراہم کرنے کیلئے اپنے  عہد کی پابندی ہے۔اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک، مہاڈا کے وائس چیئرمین اور سی ای او سنجیو جیسوال، ڈپٹی سی ای او انل وانکھیڈے، کوکن ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ بورڈ، ممبئی کی چیف آفیسر ریوتی گائکر، تھانے میونسپل کارپوریشن کےکمشنر سوربھ راؤ اور دیگر افسران موجود تھے۔ 
  نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ گزشتہ ہفتے پونے اور پمپری چنچواڑ میں مکانات کیلئے قرعہ اندازی ہوئی تھی۔ متعلقہ افراد کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ گھروں کے معیار میں کسی بھی طرح کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ جن کو آج گھر ملے، انہیں مبارک ہو اور مجھے یقین ہے کہ جن لوگوں کو نہیں ملے ،انہیں یہاں کے شفاف نظام کی وجہ سے اگلی لاٹری میں گھر ضرور ملیں گے۔ انہوںنے مزید کہا کہ ’’تھانے میں مختلف ترقیاتی کام جاری ہیں۔ میٹرو ، تزئین کاری، جھیل کی خوبصورتی کا کام جاری ہے اور ہم ٹریفک کے مسئلہ کو دور کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔  ڈھائی سال میں حکومت نے کئی تاریخی فیصلے لئے ہیں، اب ہم نئی ہاؤسنگ پالیسی بنا رہے ہیں۔ ہم اس ہاؤسنگ پالیسی میں بہت سی تبدیلیاں کر رہے ہیں۔ اس میں سستی رہائش، سستی کرائے کی رہائش اور بزرگوں کے لئے رہائش  گاہ شامل ہے۔ محنت کش خواتین کیلئے مکانات، طالبات کیلئے ہاسٹل، مل مزدوروں، کمپنیوں میں کام کرنے والوں کیلئے مکانات، پولیس، ڈبہ والوں اور صحافیوں کیلئے مکانات فراہم کئے جائیں گے۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم تھانے میں ایشیا کا سب سے بڑا کلسٹر بنا رہے ہیں۔ ۵؍مقامات پر کام بھی جاری ہے۔   کلسٹر ایک ’’شہر کے اندر ترقی یافتہ شہر‘‘ ہے۔ حکومت پائیدار ترقی کیلئےکوشاں ہے۔ وزیراعظم ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ۵؍برس میں ۸؍لاکھ گھر بنانے کا ہدف ہے۔ کچھ گھروں کی فراہمی کے بعد ہم ان کا دورہ کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK