• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

طوفانی بارش سے کلیان، شیل پھاٹا، بدلاپور اور ٹٹوالا کے نشیبی علاقے زیرآب

Updated: July 26, 2024, 10:51 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai

کلیان کھاڑی کے قریب رہنے والے ۱۵؍افراد کو فائربریگیڈ نے بچالیا۔ الہاس ندی کا پانی داخل ہونے سے موہلی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بند کردیا گیا۔

Houses near Kalyan Bay are seen under water. Photo: INN
کلیان کھاڑی کے قریب واقع مکانات زیرآب نظر آرہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

گزشتہ ۲؍ دن سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔بدھ کی رات۱۰ ؍بجے سے جمعرات کی شام ۴؍ بجے تک کلیان میں۱۴۰ ؍ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔طوفانی بارش کے سبب الہاس ندی اور والدھونی ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔شہری انتظامیہ نے دونوں ندیوں کے کناروں پر آباد مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔
کلیان، ڈومبیولی، شیل پھاٹا، ٹٹوالا اور شہاڈ کے نشیبی علاقوں   کےمکانات زیرآب آگئے جس سے مکینوں کا کافی نقصان ہوا ہے۔ کلیان کھاڑی  کی سطح آب میں اچانک اضافہ سے گھروں میں پھنس جانے والے  ۱۵ ؍ افراد کو کلیان فائر بریگیڈ عملہ نے بحفاظت باہر نکالا۔  موسلادھار بارش کی وجہ سے شہری انتظامیہ نے صبح   ہی میں اسکولوں اور کالجوں کو چھٹی دینے کا اعلان کردیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے بدھ کو تھانے ضلع میں اورینج الرٹ کا اعلان کیا تھا اور اسی رات سے  تیز بارش کا  سلسلہ شروع ہواجو جمعرات کی شام تک جاری رہا۔صبح کے اوقات میں کھاڑی، ریتی بندر اور قافلہ میں واقع گھروں میں کھاڑی کا پانی بھر جانے سے لوگوں کوفوری طور پر باہر نکالا گیا جبکہ  طویلوں میں پانی داخل ہونے کے بعد بھینسوں کو عیدگاہ روڈ پر باندھا گیا۔ والدھونی ندی کے کنارے شیواجی نگر کی چالیوں میں پانی داخل ہونے سے گھریلو سامان کو نقصان پہنچا۔
 کلیان مشرق کے آڈیولی اور ڈھوکلی کے نشیبی علاقوں کے مکانوں میں ۲ ؍سے ۳ ؍ فٹ پانی بھر گیا تھا۔ یہاں بیشتر مکین سامان کو محفوظ مقام پر منتقل کرتے نظر آئیں۔مکینوں نے الزام عائد کیا کہ غلط طریقہ سے بنائے  گئے نالے کی وجہ سے ان کے گھروں میں بارش کا پانی داخل ہوا۔ہر سال شہری انتظامیہ سے شکایت کرنے کے باوجود اس کا کوئی حل نہیں نکالا جاتا ہے۔
 کلیان ریلوے اسٹیشن، سیشن کورٹ،محمد علی چوک اور شیواجی چوک میں بھی گھٹنے تک پانی بھر گیا  تھا۔ یہاں گاڑی والوںکو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔کچھ دیر بعد میونسپل کارپوریشن کے ملازمین نے پمپ  لگا کر پانی کی نکاسی کی۔ کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ سٹی پارک تالاب کا منظر پیش کررہا تھا۔ چونکہ اس پروجیکٹ سے متصل ہی والدھونی ندی گزرتی ہے اس لئے ندی کی سطح آب میں اضافہ ہوتے ہی پانی سٹی پارک میں داخل ہوجاتا ہے۔
دریں اثناءکلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن کے موہلی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں الہاس ندی کا پانی داخل ہونے سے  اسے بند کردیا گیا۔اس ضمن میں محکمہ آب رسانی نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جب تک پانی کی سطح کم نہیں ہوگی، پلانٹ شروع نہیں ہوگا۔ اس کے نتیجہ میں ٹٹوالا،مانڈا، بنیلی، امبیولی، موہنے اور کلیان مغرب کے کچھ حصوں میں پانی   سپلائی متاثر رہے گی۔ الہاس ندی کی سطح آب میں اضافہ  ہونے سے کلیان-احمد نگر شاہراہ پر واقع رائتے پل  زیرآب آگیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کو مکمل طور پر بند کردیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK