وزیر اعلیٰ یوگی کی ہدایت کےمطابق جو بھی کار سے سیٹ بیلٹ اور بائک سے ہیلمٹ کے بغیر آئے گا، اسے دفتر میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: January 09, 2025, 10:47 AM IST | Agency | Lucknow
وزیر اعلیٰ یوگی کی ہدایت کےمطابق جو بھی کار سے سیٹ بیلٹ اور بائک سے ہیلمٹ کے بغیر آئے گا، اسے دفتر میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اگر آپ بائیک سے ہیلمٹ کے بغیر اور کار سے سیٹ بیلٹ پہنے بغیر سرکاری دفتر پہنچتے ہیں تو آپ کو داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ یہ قوانین اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں نافذ کئے گئے ہیں۔ سرکاری دفاتر کیلئے یہ ہدایات وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی طرف سے ریاست میں روڈ سیفٹی سے متعلق منعقدہ حالیہ میٹنگ کے بعد جاری کی گئی ہیں۔
اس کے ساتھ ہی میٹنگ میں کہا گیا کہ اب کسی بھی پیٹرول پمپ پر ہیلمٹ کےبغیر آنے والے موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول نہیں دیا جائے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ اب ’’نو ہیلمٹ نو فیول‘‘نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ اسکول کی گاڑیوں سےمتعلق بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ تمام اسکولوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی ’کیریکٹر ویری فکیشن ‘کرائیں۔
اس کے علاوہ ایک دلچسپ ہدایت بھی دی گئی ہے۔ اگر کوئی بائک سوار بغیر ہیلمٹ اور کوئی سیٹ بیلٹ کے بغیر کار میں نظر آئے تو اسے چوراہے پر روک کر گلاب دیئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ انہیں روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل کرنے کو کہا جائے گا۔ اسکول کھولنے اور بند کرنے کے وقت ا سکول کی گاڑیوں کی چیک لسٹ کے مطابق چیکنگ کی جائے گی۔ اب اسکول گاڑیوں کا بھی چالان کیا جائے گا۔ یہ تمام ہدایات روڈ سیفٹی قوانین کی تعمیل کو یقینی بنانے کیلئے دی گئی ہیں۔ ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔ حکومت کےمطابق یہ فیصلے صرف عوام کے مفاد کیلئے کئے گئے ہیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔ حال ہی میں سڑک ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر یو پی میں سڑک حادثات میں ہونے والی اموات پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔