• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لدھیانہ کی عدالت میں دھماکہ ، ۲؍ ہلاک ،متعدد زخمی وزیراعلیٰ نے افسوسناک قراردیا

Updated: December 24, 2021, 7:32 AM IST | Ludhiana

پنجاب میں اسمبلی انتخابات کے عین موقع پرگولڈن ٹیمپل میں بے حرمتی کے معاملے میں ایک شخص کو پیٹ پیٹ کر قتل کئے جانے کے بعد لدھیانہ کورٹ کمپلیکس کی تیسری منزل پرجمعرات کو زبردست دھماکہ ہواجس میں۲؍ افراد کی موت ہوگئی

Police and security personnel inspect the site of the blast in Ludhiana court. (PTI)
لدھیانہ کورٹ میںدھماکے کی جگہ پرپولیس اور سیکوریٹی اہلکار معائنہ کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

پنجاب میں اسمبلی انتخابات کے عین  موقع پرگولڈن ٹیمپل میں بے حرمتی   کے معاملے میں ایک شخص کو پیٹ پیٹ کر قتل کئے جانے کے بعد لدھیانہ کورٹ کمپلیکس کی تیسری منزل پرجمعرات کو زبردست دھماکہ ہواجس میں۲؍ افراد کی موت ہوگئی جبکہ متعدد زخمی  ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق  دھماکہ کمپلیکس کی تیسری منزل کے باتھ روم میں ہوا اور دھماکے سے باتھ روم کی دیوار گر گئی اور دیوار کا ملبہ نیچے کھڑی گاڑیوں پر گرا جس سے اس کے شیشے ٹوٹ گئے۔واقعے کے بعدعلاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس افسر گرپریت بھلر نے بتایا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ دھماکہ ہوا تھا یا نہیں۔  انہوں نے شہریوں سے تحمل رکھنے اور عدالت کا رخ نہ کرنے کی اپیل کی  ہے۔ معاملے کی  جانچ  کی جارہی ہے۔
 دوسری جانب  بم دھماکے کے پیش نظر ضلع اور سیشن جج روپندر جیت چہل نے پولیس افسران  سے عدالتوں میں سخت حفاظتی انتظامات کرنے کی  اپیل کی  ہے۔چہل نے پولیس اور انتظامیہ کے افسران کے ساتھ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکوریٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں تاکہ جوڈیشل افسران، ملازمین اور درخواست گزاروں میں بم دھماکے کی وجہ سے خوف کی فضا پیدا نہ ہو۔  اس میٹنگ میںپولیس کے اعلیٰ حکام موجود تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضلع عدالتوں میں سیکوریٹی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
’ ملک دشمن طاقتیں پنجاب کا امن خراب کرنے پر تلی ہوئی ہیں‘
  پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت چنی نے لدھیانہ کورٹ کمپلیکس میں جمعرات کو سہ پہر ہوئے بم دھماکے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن طاقتیں پنجاب کے امن اور فرقہ وارانہ ماحول کو خراب کرنا چاہتی ہیں لیکن یہ طاقتیں اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔
 اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے چنی نے لدھیانہ روانہ ہونے سے قبل یہاں کہا کہ جیسے جیسے اسمبلی انتخابات قریب آرہے ہیں، ہر روز کوئی نہ کوئی واقعہ ہو رہا ہے۔ یہ قوتیں جان لیں کہ ایسی حرکتیں کرنے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔ پنجاب میں عظیم قربانیوں کے بعد امن اور خوشگوار ماحول دیکھنے کو ملا ہے۔ دہشت گردی نے پنجاب کو برسوں تک ترقی کی دوڑ میں پیچھے دھکیل دیا۔ سب کو متحد ہو کر ایسی گھناؤنی حرکتوں کی کھل کر مذمت کرنی چاہئے۔
سابق وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کا بھی اظہار غم 
  لدھیانہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے۲؍ افراد کی موت پر غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی اور پنجاب پولیس سے کہا کہ وہ معاملے کی تہہ تک جائے تاکہ حقیقت سامنے آسکے۔
 اکالی دل کے سربراہ سکھبیر بادل نے دھماکے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال  انتہائی بد تر ہوگئی ہے۔ آئے روز نئے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ چنی حکومت پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے پاس چند مہینوں سے صرف ایک ہی کام ہے کہ بادل خاندان کو کیسے نقصان پہنچایا جائے۔ حکومت نے پولیس کو ہمارے پیچھے لگا دیا ہے۔ حکومت کی توجہ عوام کے تحفظ پر ہوتی تو ایسے واقعات رونما نہ ہوتے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK