Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

مدنپورہ : پندرہ سو سالہ جشن آمد ِسرکارِدوجہاںؐ کی مناسبت سے اجلاس عام اور جشن امام اعظم ؒ

Updated: February 19, 2025, 10:21 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Madanpura

۱۵؍ ائمہ عظام کو ’رسول عربی ‘ایوارڈ سے نوازا گیا۔۴۵؍حفاظ او ر ۲۳؍قراء کی دستاربندی کی گئی۔ دارالعلوم حنفیہ رضویہ کے نائب ناظم کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کےشاگردوں نے انہیںایک لاکھ ۱۲؍ہزارروپے کاچیک پیش کیا اور ادارہ کی انتظامیہ کمیٹی کی جانب سےگولڈ میڈل دیا گیا۔

Qari Niaz Ahmad Qadri is being honored with an award in the gathering. Photo: INN
جلسہ دستار بندی میں قاری نیاز احمد قادری کو ایوارڈ سے نوازا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این

پندرہ سو سالہ جشن آمد ِ سرکار دوجہاں ؐ کی مناسبت سےسنی بڑی مسجد( مدن پورہ) میں اجلاس عام کے انعقاد کے ساتھ جشن امام اعظمؒ بھی منایا گیا۔ اس موقع پر ۱۵؍ ائمہ عظام کی خدمات کااعتراف کرتے ہوئے انہیں ’رسولِ عربی ‘ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ وہ ائمہ مساجد ہیں جو ایک ہی مسجد میں ۲۰؍ سال ۲۵؍ سال، ۳۰؍سال یا اس سے زائدمدت سے امامت وخطابت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی دارالعلوم اہلسنت حاجی آدم صدیق (مدنپورہ) اور دارالعلوم حنفیہ رضویہ (قلابہ) سے فارغ ہونے والے ۵۴؍ حفاظ اور۲۳؍ قراء کی دستار بندی کی گئی اور انہیں سند ِ فراغت سےنوازا گیا۔ 
 اس اجلاس میں بطورِ خاص دارالعلوم حنفیہ رضویہ کے نائب ناظم اورشعبۂ حفظ کے استادقاری نیازاحمدقادری کو اُن کے شاگردوں اور ابنائے دارالعلوم حنفیہ کی جانب سےایک لاکھ ۱۲؍ہزار روپے کاچیک دیا گیا اور دارالعلوم کی انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے قاری صاحب کی خدمات کے ۲۵؍سال (وہ ۲۸؍سال سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ) سے زائد عرصہ مکمل ہونے پرحسبِ روایت ِ سابقہ انہیں گولڈ میڈل دیا گیا، یہ ۱۰؍گرام سونے کا تھا۔ ادارۂ ہٰذا میں جو اساتذہ اپنی خدمات کے ۲۵؍سال مکمل کرتے ہیں ، ان کی خدمت میں گولڈ میڈل پیش کیا جاتا ہے۔ دریں اثناء سرکارِ مدنی ؐ کی تشریف آوری کی مناسبت سے جامعہ حنفیہ رضویہ (قلابہ) کے ناظم اعلیٰ اور نائب ناظم کو فیٹریٹ انٹرنیشنل ٹراویل سروسیز کے پروپرائٹر رضوان احمدکی جانب سےعمرہ کے لئے روانہ کئے جانے کا ٹکٹ بھی نمایاں کیا گیا۔ 
 دارالعلوم حنفیہ رضویہ کےتربیت یافتہ اُن ہونہار شاگردوں نے جو عروس البلاد ممبئی ہی نہیں ملک کے دیگر حصوں میں تدریسی خدمات اور امامت وخطابت کے فرائض انجا م دے رہے ہیں، اپنے مشفق استاذ کو اپنے منفرد اندازمیں یاد کیا جس کی تمام حاضرین نے ستائش کی اورانہیں دعائیہ کلمات سے نوازا۔ 
 ۱۲؍ربیع الاول ۱۴۴۷ہجری مطابق ۵؍ستمبر ۲۰۲۵ءکو محسن ِانسانیت کی دنیا میں تشریف آوری کو پندرہ سو سال مکمل ہورہے ہیں۔ رضا اکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری کے مطابق اس مبارک موقع کی مناسبت سے۵؍ ستمبر۲۰۲۵ء تک الگ الگ تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ 
 عروس البلادممبئی کے جن ۱۵؍ائمہ کرام کوایوارڈ سےنوازاگیا، ان میں مولانا سید عبدالجلیل، مفتی محمود اخترقادری، حافظ وقاری عبدالقادر رضوی، مولانا قاری عبدالرشید رحمانی، مولانا قاری عین الدین، مولانا فرید الزماں ، مولانا محمود عالم رشیدی، مولانا محمد یونس، مولانا عبدالجبار ماہر القادری، مفتی نعیم اختر، مولانا قاری مشتاق احمد تیغی، مولانا امان اللہ رضا، مولانا قاری محمد ایوب، مولانا ذاکر علی اور حافظ وقاری محمدجمیل شامل تھے۔ 
 اتوار کی شب میں سنّی بڑی مسجدمیں منعقدہ اجلاس عام اور جشنِ  امام اعظم ؒمیں مفتی محمد خالد رضا منظری نے امام اعظم ؒکے علمی کمالات، خداترسی، ذہانت وفطانت اورآپ کے تبحرِعلمی پر روشنی ڈالی جبکہ مفتی محمد زبیر برکاتی نے قرآن ِمقدس کی عظمت پرروشنی ڈالی اور حاملین قرآن کی فہرست میں اپنا نام درج کرانے والے حفاظ، قراء اوران کے اہل خانہ کومبارکباد پیش کی۔ نظامت کے فرائض مولانا جمال علیمی نے ادا کئے جبکہ دعا بانی ومہتمم ادارۂ ہٰذا حافظ عبدالقادر رضوی نے کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK