• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مادھوی پوری پر کروڑوں کی غیر قانونی کمائی کا نیا الزام

Updated: September 07, 2024, 7:38 AM IST | New Delhi

کانگریس نے انکشاف کیاکہ سیبی کی رکن بننے کےبعد جس کمپنی کی سیبی جانچ کررہی ہے،اسی کو اپنی ملکیت کرائے پر دیکر ۲ء۱۶؍ کروڑ کمائے

Pawan Kheda making revelations about Madhavi Puri Butch at the Congress headquarters.
پون کھیڑا کانگریس ہیڈ کوارٹرز میں مادھوی پوری بُچ کے تعلق سے انکشافات کرتے ہوئے۔

ہنڈن برگ کے الزامات میں اڈانی کو کلین چٹ دینی والی سیبی کی سربراہ ماھوی پوری بُچ  کے خلاف  یکے بعد دیگرے انکشافات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعہ کو کانگریس کے میڈیا شعبے کے انچارج پون کھیڑا نےبتایا کہ سیبی جس کمپنی کی جانچ کررہی ہے،اسی کمپنی  سےمادھوی پوری نے ۲۰۱۸ء سے ۲۰۲۴ء  کے دوران  ۲ء۱۶؍ کروڑ روپے کمائے ہیں۔ انہوں نے اسے نہ صرف غیر اخلاقی اور مفادات کے ٹکراؤ کا معاملہ قراردیا بلکہ کہا کہ یہ  ’’سیدھا سیدھا بدعنوانی کا معاملہ‘‘ہے۔  اس کے ساتھ ہی پون کھیڑا نے اس بات  کا اشارہ دیا کہ سیبی سربراہ کے خلاف انکشافات کا یہ سلسلہ ابھی جاری رہےگا۔ان کے مطابق ابھی جو کچھ بھی بتایا گیاہے وہ مکمل حقیقت کا عشر عشیر ہے۔
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے پارٹی ہیڈکوارٹرز میں  پریس کانفرنس  میں بتایاکہ مادھوی پوری بچ ۲۰۱۸ء تک سیبی کی کل وقتی ممبر بن چکی تھیں۔ کل وقتی ممبر بننے کے بعد انہوںنے  اپنی ایک جائیداد کرائے پر دی۔۱۹۔۲۰۱۸ءمیں انہیں ۷؍لاکھ روپے کا کرایہ ملا۔۱۹۔۲۰۲۰ء میں اسی پراپرٹی کیلئے  ۳۶؍ لاکھ روپے کا کرایہ وصول کیا، جو آئندہ  سال بڑھ کر۴۶؍ لاکھ روپے تک پہنچ گیا۔ کھیڑا نے کہا کہ ’’مادھوی پوری بچ نے جس کمپنی کو اپنی جائیداد کرائے پر دیکر کمائی کی وہ  اس کا نام کیرول انفو سروسیز لمیٹڈ ہے، جو  ووکھارٹ کمپنی کا ایک حصہ ہے۔ووکھارٹ  وہی کمپنی ہے جس سے متعلق شکایات سےسیبی مسلسل نمٹ رہی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’ یہ پوری طرح  بدعنوانی کا معاملہ ہے۔ مادھوی  پوری بچ  نےسیبی کا کل وقتی ممبر بننے کے بعد اپنا مکان ایک کمپنی کو کرایہ پر دیا۔وہ اب تک اس کمپنی سےدو کروڑ ۱۶؍لاکھ  روپے سے زیادہ کرایہ لے چکی ہیں۔اس لیے ہم جاننا چاہتے ہیں کہ انہوںنے یہ معلومات کہاں کہاں دی؟کیا یہ مناسب ہے کہ آپ اپنی جائیداد کسی ایسی کمپنی کو کرائے پر دیں جس کے ساتھ آپ معاملہ کر رہے ہیں۔‘‘
 انہوںنے وزیر اعظم مودی سے سوال ہے کہ’’کیا  ان کا مادھوی پوری کے ساتھ کوئی معاہدہ ہے کہ حکومت کسی بھی ایسی کمپنی میں مداخلت نہیں کرے گی جس کے ساتھ مادھوی کے کاروباری تعلقات ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے مادھوی بچ کوایسا کیا وردان دیا ہے  کہ وہ کچھ بھی کریں تو بھی انہیں معاف کردیاجاتا ہے۔‘‘کانگریس لیڈر نے کہا کہ’’ سیبی کی چیئرپرسن  سے متعلق یہ معاملہ بہت سنگین ہے۔ ہمیں ہر روزنئی معلومات مل رہی ہے۔ملک کے کروڑوں لوگ سیبی پر بھروسہ کرتے ہیں۔ اس پر سوالیہ نشان اٹھے تو عوامی سرمایہ کاری پرسوالیہ نشان لگ جائےگا۔‘‘ پون کھیڑا نے کہا کہ ’’وزیر اعظم کو ملک کی ساکھ کی فکر نہیں ہے، یہ ہماری سب سے بڑی تشویش  ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK