ضلع کے جن۵۴؍ گاؤں کے نام تبدیل کئےجائیں گے، ان میں مراد پور، حیدر پور، شمس آباد اور اسلام نگر شامل ہیں۔
EPAPER
Updated: February 12, 2025, 4:39 PM IST | Agency | Bhopal
ضلع کے جن۵۴؍ گاؤں کے نام تبدیل کئےجائیں گے، ان میں مراد پور، حیدر پور، شمس آباد اور اسلام نگر شامل ہیں۔
مدھیہ پردیش میں گاؤں کے نام بدلنے کا عمل جاری ہے۔ اس بار وزیر اعلیٰ موہن یادو نے دیواس ضلع کے۵۴؍ گاؤں کے نام بدلنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔
دیواس ضلع کے پیپلراواں گاؤں میں منعقدہ ایک پروگرام میں بی جے پی کے ضلع صدر رائے سنگھ سیندھو نے وزیر اعلیٰ موہن یادو کو گاؤں کے نام تبدیل کرنے کی فہرست دی۔ ضلعی صدر نے کہا کہ یہ تبدیلی عوام کا مطالبہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے اسٹیج ہی سے ضلعی صدر کی تجویز کو قبول کرتے ہوئے نام کی تبدیلی کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کلکٹر کو ہدایت دی ہے کہ وہ نام کی تبدیلی کیلئے ضروری کارروائی شروع کریں۔ اب ان دیہاتوں کے ناموں کی تبدیلی کا عمل انتظامی سطح پر کیا جائے گا۔دیواس ضلع کے جن۵۴؍ گاؤں کے نام تبدیل کئےجائیں گے، ان میں مراد پور، حیدر پور، شمس آباد اور اسلام نگر شامل ہیں۔ ضلع صدر نے ان دیہاتوں کے لئے نئے مجوزہ نام بھی دیئے ہیں، جیسے مراد پور کو بدل کر مرلی پور، حیدر پور کو ہیرا پور، شمس آباد کو شیام پور، اسماعیل کھیڑی کو ایشور پور، علی پور کو رام پور، نبی پور کو نیاپورہ اور مرزا پور کو میراپور کیا جائے گا ۔
بی جے پی کے ضلع صدر نے اس فیصلے کو غلامی کی علامتوں کو ختم کرنے اور ہندوستانی ثقافت کو دوبارہ زندہ کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے جب وزیر اعلیٰ نے اسٹیج سے گاؤں کے نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہو۔ جنوری کے شروع میں شاجاپور ضلع کے اپنے دورے میں وزیر اعلیٰ نے۱۱؍ گاؤں کے نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔اپنے اجین کے دورے میں بھی وزیر اعلیٰ نے تین گاؤں کے نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا جن میں مولانا، غزنی کھیڑی اور جہانگیر پور شامل ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ مولانا گاؤں کا نام لکھتے وقت قلم رک جاتا ہے، اس لئے اسے بدل کر وکرم نگر کر دیا جائےگا۔