• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مدھیہ پردیش :بھوپال ،اندور اور جبل پور میں مکمل پابندیاں

Updated: March 22, 2021, 10:45 AM IST | Agency | Bhopal

تینوں شہروں میں فی الحال۳۲؍ گھنٹوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن نافذ،ضروری خدمات پر مامور افرادکوآمدورفت کی چھوٹ،سڑکوں اور بازاروں میں خاموشی کا عالم،گزشتہ سال ۲۲؍مارچ کو لگائے گئے ’جنتا کرفیو ‘ کی یاد تازہ ،مدھیہ پردیش میں کورونا کے یومیہ مریضوں کی تعداد ۱۳۰۰؍ سے زائد

Madhya Pradesh Lockdown - Pic : PTI
مدھیہ پردیش کے شہر جبل پورمیںلاک ڈاؤن کے تازہ منظر۔(پی ٹی آئی

 مدھیہ پردیش میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات  کے پیش نظر تین اہم شہروں بھوپال، اندور اور جبل پور میں اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ۔ ان شہروں میں فی الحال۳۲؍ گھنٹوں کیلئے مکمل  پابندیاں عائد کرد ی گئی ہیں۔اس دوران ضروری خدمات پر مامور افرادکوآمدورفت کی چھوٹ دی گئی ہے، تاہم سڑکوں اور بازاروں میں خاموشی کا عالم  رہااورگزشتہ سال ۲۲؍مارچ کو لگائے گئے ’جنتا کرفیو ‘ کی   یاد تازہ ہوگئی ۔
 مدھیہ پردیش میں کورونا کے یومیہ مریضوں کی تعداد ۱۳۰۰؍ سے تجاوز کر چکی ہے۔ بھوپال میں سب سے زیادہ ۳۴۵؍نئے مریضوں کی تشخیص کی گئی ہے، وہیں اندور میں۳۱۷؍ اور جبل پور میں۱۱۶؍ مریض پائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست کے دیگر شہروں میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ حالات کی سنگینی کے پیش نظر مہاراشٹر سے آنے اور جانے والی بسوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
 کورونا انفیکشن کی روک تھام کے لئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔اندور، بھوپال اور جبل پور میں سنیچر کی رات۱۰؍ بجے سے پیر کی صبح۶؍بجے تک کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس ۳۲؍ گھنٹے کی تالا بندی کے پیش نظر سڑکوں پر سیکوریٹی فورس تعینات کی گئی ہے اور جگہ جگہ رکاوٹیں نصب کی گئی ہیں۔ ضروری خدمات تواتر سے جاری ہیں، وہیں عام لوگوں کی آمدو رفت پر پوری طرح پابندی ہے۔ریاستی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اندور، بھوپال اور جبل پور میں اتوار کے روز لاک ڈاؤن کے دوران سماجی تقریبات منعقد کرنے کے لئے انتظامیہ سے اجازت طلب کرنی ہوگی۔ تینوں شہروں میں آئندہ۳۱؍مارچ تک اسکول اور کالج بھی بند رہیں گے۔
کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے قومی پالیسی ضروری:کانگریس
 ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان کانگریس نے کہا ہے کہ ملک کورونا کی دوسری لہر کی زد میں ہے اور حکومت اس کو روکنے میں ناکام رہی ہے اس لئے وبا کو کنٹرول کرنے کےلئے قومی پالیسی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔کانگریس ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے اتوار کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفریس میں کہا کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر آگئی ہے یا آنے والی ہے اور یہ دعوی کئی ریٹنگ ایجنسیاں بھی کرچکی ہیں لیکن حکومت اسے روکنے کےلئے ضروری قدم اٹھانے میں کامیاب نہیں ہورہی ہے۔ 
 سنگھوی نے کہا کہ ملک میں کووِڈ کا ٹیکہ بن چکا ہے لیکن ٹیکہ کاری تیزی سے نہیں ہورہی ہے۔ یہی نہیں آرٹی پی سی آر کی ٹیسٹنگ  میں تاخیر ہورہی ہے۔حکومت کورونا کو روکنے میں کامیاب نہیں ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی ٹیکہ کاری کےلئے ایک قومی پالیسی بنائی جانی چاہئے۔ ملک میں کورونا کے معاملے تیزی سے اور مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ دہلی میں سنیچر کوکورونا کے۸۲۳؍ معاملے سامنے آئے جبکہ ستمبر میں اس سے کم معاملے تھے۔ اسی طرح  پنجاب میں۲۳۷۰؍معاملے سامنے آئے ہیں لیکن ستمبر میں جب کورونا بلندی پر تھا تو پنجاب میں ایک دن میں ۸۰۰؍ معاملے ہر روز آرہے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK