• Tue, 14 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

اجین: مہاکال مندر میں آتشزدگی، پجاری سمیت ۱۴/ افراد جھلس گئے

Updated: March 25, 2024, 3:36 PM IST | Bhopal

مدھیہ پردیش کے اجین کے مہاکال مندر میں ہولی کے جشن کے موقع پر آتشزدگی کے سبب پجاریوں سمیت ۱۴؍ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ زخمیوں میں سے ۸؍ افراد کو اندور کے اسپتال داخل کیا گیا ہے جن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جبکہ دیگر کو ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادونےاسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور ان کیلئے ایک لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایکس کے ذریعے حادثے پر اظہار افسوس کیا۔

The family is gathered outside the ward. Photo: PTI
اہل خانہ وارڈ کے باہرجمع ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

حکام کے مطابق اترپردیش کے اجین کے مہاکال مندر میں بھسم آرتی کے دوران آتشزدگی کے سبب ۱۴؍ پجاری، جن میں ’’سیوک‘‘ بھی شامل ہیں، زخمی ہو گئے ہیں۔ اجین کے کلیکٹر نیرج کمار سنگھ نے حادثے کے تعلق سے بتایا کہ یہ حادثہ مندر کے گربا گرہا میں صبح ۵؍ بجکر ۵۰؍ منٹ پر پیش آیا ہے۔ حادثے کے سبب ۱۴؍ افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے متعدد افراد کا علاج ضلعی اسپتال میں جاری ہے جبکہ ۸؍ افراد کو اندور کے اسپتال میں علاج کیلئے بھرتی کیا گیا ہے۔ 
حادثے میں مجسٹریٹ کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ تفتیش ضلع پنچایت کے سی ای او مرینال مینا اور ایڈیشنل کلیکٹر انوکھول جین کی نگرانی میں انجام دی جائے گی اور تین دنوں کے اندر اس کی رپورٹ داخل کی جائے گی۔ آتشزدگی، پوجا کی تھالی میں ‘‘گلال‘‘ گرنے کے سبب پیش آئی جس میں کافور رکھا ہوا تھا۔ بعد ازیں آگ منزلے پر پھیل گئی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایکس پوسٹ میں حادثے کے تعلق سے لکھا ہے کہ اجین کے مہاکال ٹیمپل میں پیش آنے والا حادثہ دردناک تھا۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ ریاستی حکومت کی نگرانی میں مقامی انتظامیہ زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

بھوپال میں رپورٹرس سے بات چیت کرتے ہوئے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے کہا کہ گربا گرہا کیسلور دیواروں کو ہولی کے رنگوں سے محفوظ رکھنے کیلئے اس پرکپڑے دھانکے گئے تھےاور اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ آرتی تھالی پر گلال پھینکنے کے بعد آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا یا یہ گلال کا کسی کیمیکل پر ردعمل کا اظہار تھا۔
یادو نے اجین پہنچے کے بعد رپورٹرس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو ایک لاکھ کا معاوضہ اور ان کیلئے بہترین علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔انتظامیہ جدوجہد کر رہی ہے کہ آئندہ اس طرح کا کوئی حادثہ درپیش نہ آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اولین ترجیح زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنا ہے۔مہاکال کے فضل سے کوئی بھی فوت نہیں ہوا۔ ہولی کے رنگوں کے سبب ڈاکٹروں کو زخموں کی شناخت کرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی
حکام کے مطابق ٹیمپل میں لگے سی سی ٹی وی میں یہ حادثہ ریکارڈ ہوا ہے۔ پادری اشیش نے رپورٹرس کو بتایا کہ ہولی کے جشن پر گلال اڑانے کے بعد یہ حادثہ پیش آیاجس کے سبب پادر ی زخمی ہوئے اور انہیں ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا۔حکام کے مطابق ٹیمپل میں اس وقت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے لیکن کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔ 
اس درمیان ڈاکٹرونود بھنڈاری، جو اندور کے سری اوروبنو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایس اے آئی ایم ایس) کے صدر ہیں، نے خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ۸؍ افراد کو ان کے اسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے۔ انہیں ۳۵؍ تا۴۰؍ فیصد زخم آئے ہیں اور ان کی حالت نازک ہے۔
شہری ترقیات اور ہاؤسنگ کے وزیر کیلاش وجے وارگیا زخمیوں کی عیادت کیلئے ایس اے آئی ایم اسپتال پہنچے تھے۔
 مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ انہوں نے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ سے حادثے کے تعلق سے بات چیت کی ہے اور انتظامیہ سے زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK