• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مدورائی: ریلوے کوچ میں آتشزدگی، ۱۰؍ افراد ہلاک، کانگریس لیڈران کا اظہار افسوس

Updated: August 26, 2023, 1:56 PM IST | Madurai

آج صبح ۵؍ بجکر ۱۵؍ منٹ پر لکھنؤ رامیشورم ٹرین کے یارڈ میں کھڑے کوچ میں اچانک آگ لگ گئی جس کے سبب ۱۰؍ افراد ہلاک ہوئے جبکہ ۷؍ زخمی ہیں۔ ملکارجن کھرگے ، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا نے اظہار افسوس کیا۔

Coach caught fire in Madurai. Photo: PTI
مدورائی میں آتشزدگی کا شکار ہونے والی کوچ۔ تصویر: پی ٹی آئی

آج علی الصباح مدورائی،تمل ناڈو میں ایک ریلوے کوچ میں آگ لگنے سے کم از کم۱۰؍ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مدورائی ریلوے اسٹیشن کے یارڈ میں کھڑا ریلوے کا ایک سلیپر کوچ ایک پرائیویٹ پارٹی کی طرف آئی آر سی ٹی سی کے ذریعے آن لائن بک کیا گیا تھا۔ غیر قانونی طور پر ایل پی جی سلنڈر لے جانے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ جنوبی ریلوے کے ترجمان نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ جنوبی ریلوے کے جنرل منیجر، مدورائی کے ڈویژنل ریلوے منیجر اور اعلیٰ حکام جائے وقوع پر ہیں۔ ریلوے ترجمان نے بتایا کہ ’’آج صبح ۵؍ بجکر ۱۵؍ منٹ پر ایک پرائیویٹ پارٹی کی جانب سے بک کئے گئے کوچ میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ یہ کوچ مدورائی یارڈ میں پارک کی گئی تھی۔ فائر انجنوں کو فوری طور پر طلب کیا گیا جو صبح ۵؍ بجکر ۴۵؍ منٹ پر پہنچے اور ۷؍ بجے تک آگ پر قابو پالیا گیا۔ کسی اور کوچ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اس حادثے میں ۱۰؍ افراد کے ہلاک ہونے کی خبر ہے جبکہ ۷؍ زخمی ہوئے ہیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس کوچ میں لکھنؤ سے۶۵؍ مسافروں کی ایک پرائیویٹ پارٹی تھی جو ٹرین نمبر ۱۶۷۳۰ (مدورائی پنالور ایکسپریس) کے ذریعے آج صبح ۳؍ بجکر ۴۷؍ منٹ پرمدورائی پہنچی تھی۔ پارٹی کوچ کو الگ کر کے مدورائی اسٹیبلنگ لائن پر کھڑا کر دیا گیا۔ جب کوچ پارک کی گئی تو پرائیویٹ پارٹی کوچ میں موجود کچھ پارٹی ممبران غیر قانونی طور پر اسمگل شدہ ایل پی جی سلنڈر کو چائے وغیرہ کی تیاری کیلئے استعمال کر رہے تھے جس کی وجہ سے کوچ میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی زیادہ تر مسافر کوچ سے باہر نکل گئے۔ کوچ کے الگ ہونے سے پہلے ہی کچھ مسافر پلیٹ فارم پر اتر چکے تھے۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ اس مسافر قافلے نے ۱۷؍ اگست کو لکھنؤ سے اپنا سفر شروع کیا تھا اور۱۶۸۲۴؍ ایکسپریس کے ذریعے کل چنئی لوٹنے والا تھا۔ اس کے بعد اسے وہیں سے لکھنؤ واپس آنا تھا۔واضح رہے کہ ریلوے کی طرف سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہر فوت شدہ کے لواحقین کو ۱۰؍ لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ادا کی جا رہی ہے۔


ملکارجن کھرگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی کا حادثہ پر اظہار افسوس
کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے، سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے لکھنؤ رامیشور ٹرین میں آگ لگنے کے واقعہ پر دکھ نیز متاثرین کے خاندانوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
کھرگے نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ لکھنؤرامیشورم ٹرین میں آگ لگنے سے کئی مسافروں کی موت کی خبر بہت افسوسناک ہے۔ سوگوار خاندانوں سے تعزیت۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔ کانگریس کارکنان سے درخواست ہے کہ وہ ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ لکھنؤرامیشورم ٹرین میں آتشزدگی سے کئی مسافروں کی موت کی خبر بہت افسوسناک ہے۔ میں سوگوار خاندان کے ارکان سے اپنی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ امید ہے کہ جو لوگ اس حادثے میں زخمی ہوئے ہیں ان کا بہتر علاج ہو گا اور جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔
پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ لکھنؤرامیشورم ٹرین میں آگ لگنے سے کئی مسافروں کی موت کی افسوسناک خبر موصول ہوئی۔ تمام سوگوار خاندانوں سے میری تعزیت۔ خدا ان کو دکھ کی اس گھڑی میں ہمت دے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK