شرد پوار نے بارامتی سے پوتے یوگیندر پوار کا پرچہ داخل کروایا، معمر لیڈر نے کہاکہ مہاراشٹر کے عوام پر برسراقتدار کی کوئی توجہ نہیںہے، اس لئے اب حکومت کو بدلنا بے حد ضروری ہے، جو کہ ہم بدل کر رہیں گے
EPAPER
Updated: October 28, 2024, 11:32 PM IST | Pune
شرد پوار نے بارامتی سے پوتے یوگیندر پوار کا پرچہ داخل کروایا، معمر لیڈر نے کہاکہ مہاراشٹر کے عوام پر برسراقتدار کی کوئی توجہ نہیںہے، اس لئے اب حکومت کو بدلنا بے حد ضروری ہے، جو کہ ہم بدل کر رہیں گے
این سی پی کے بانی شرد پوار نے ایک بار پھر مہاراشٹر میں اقتدار کی تبدیلی پرزوردیاہے۔ انہوں نے پونے کے بارامتی اسمبلی حلقے سے اپنے پوتے اور اجیت پوار کے بھتیجے یوگیندر پوار کا پرچہ ٔ نامزدگی داخل کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ ریاست میں عوامی مسائل حل کرنے کیلئے اقتدار میں تبدیلی لانا ضروری ہے اور مہا وکاس اگھاڑی کا اس الیکشن میں اصل مقصد اقتدار کی تبدیلی ہے۔ اس موقع پر معمر لیڈر نے مہاوکاس اگھاڑی کے اندر سیٹوں کیلئے جاری رسہ کشی پر بھی گفتگو کی۔
شرد پوار نے کہا’’ہمیں اقتدار میں تبدیلی کرنی ہوگی۔ مہاراشٹر کے عوام کے کئی مسائل ہیں، جو لوگ اس وقت اقتدار میں ہیں انہوں نے ان مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی۔ اس لئے اب عوام مہا وکاس اگھاڑی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔‘‘ سینئرلیڈر نے کہا’’ عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے برسراقتدار طبقہ پارٹیوں کو توڑنے پھوڑنے، دبائو ڈال کر اپنی طرف کرنے، نظریات کے خلاف جا کر کام کرنے پر مجبورکرنے میں مصروف رہا۔ یہ وہ ساری باتیں ہیں جنہیں لے کر ہم عوام کے سامنے جائیں گے ۔‘‘ انہوں نے کہا’’ تبدیلی کی خاطر عوام میں بیداری پیدا کرنا ہمارا مقصد ہے۔ میں مہا وکا س اگھاڑی کی طرف سے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم مہاراشٹر کے مفادات کیلئے جدوجہد کریں گے۔ کسانوں کے، بے روزگارروں کے ، خواتین اور دلت سماج کے مسائل پر خصوصی توجہ دیں گے۔‘‘
مہا وکاس اگھاڑی پوری طرح متحد ہے
اس دوران شرد پوار نے ان خبروںکو بھی مسترد کیا کہ مہا وکا س اگھاڑی کے اندر سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے کوئی اختلاف ہے۔پوار نے کہا ’’ بعض سیٹوں پر جو اختلافات ہیں انہیں جلد دور کر لیا جائے گا لیکن ہم پوری طرح متحد ہیں۔‘‘ یاد رہے کہ ممبئی میں مہاوکاس اگھاڑی کے ترجمانوں کےبیانات سے یہ اشارہ مل رہا ہے کہ تینوں اتحادی پارٹیاں سیٹوں کی تقسیم سے مطمئن نہیں ہیں۔ حتیٰ کہ کئی سیٹوںپر مہا وکاس اگھاڑی کی ۲؍ پارٹیوں نے آمنے سامنے امیدوار کھڑے کر دیئے ہیں۔ اس تعلق سے شرد پوار نے کہا ’’ مہا وکا اگھاڑی میں کچھ سیٹوں پر اتفاق نہیں ہو سکا ہے۔ ایسی صورت میں ہم نے جو پارٹیاں ان سیٹوں پر دعویٰ کر رہی ہیں انہیں فارم بھرنے کیلئے کہا ہے۔ ‘‘ پوار نے وضاحت کی کہ ’’ فارم بھرنے کا وقت ختم ہو رہا ہے جبکہ فارم واپس لینے کیلئے ابھی کافی وقت ہے۔ لہٰذا جب سیٹوں کے تعلق سے اتفاق رائے ہو جائے گا تو ان میں سے کوئی ایک پارٹی اپنا فارم واپس لے لے گی۔ یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ ‘‘
’’ ۵۷؍سال پہلے میں یہاں آیا تھا‘‘
یاد رہے کہ بارامتی شرد پوار کا آبائی علاقہ ہے اور وہ ۱۹۶۷؍ میں یہاں سے پہلی بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اسکے بعد وہ پہلے اسمبلی ،پھر پارلیمنٹ کیلئے مسلسل منتخب یہاں سے منتخب ہوتے رہے۔ ان کے یا ان کے گھرانے کا کوئی بھی شخص بارامتی سے کبھی الیکشن نہیں ہارا۔ اسی کا تذکرہ کرتے ہوئے شردپوار نے کہا ’’ مجھے یاد ہے میں ۵۷؍ سال قبل اپنے پہلے الیکشن کا فارم بھرنے اس جگہ آیا تھا۔ اسکے بعد سے لگاتار ۵۷؍ سال تک یہاں سےعوام نے مجھے منتخب کیا۔ ایک انسان کو مسلسل ۵۷؍ سال تک منتخب کرنے کی وجہ یہ تھی کہ میں نے عوام کے ساتھ اپنا لگائو برقرا رکھا۔ میں سیاست میں آنے والی نوجوان نسل کو بھی پیغام دینا چاہتا ہوں کہ عوام کیساتھ اپنی انسیت اور لگائو برقرار رکھیں۔ شرد پوار نے کہا ’’ اس بار ہم نے اگلی نسل کے یوگیند ر پوار کو موقع دیا ہے