• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

مہاوکاس اگھاڑی کمر بستہ، سیٹوں کی تقسیم مکمل

Updated: April 10, 2024, 12:40 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے مل کر لڑنے کا عزم، شیو سینا ۲۱؍ ، کانگریس ۱۷؍ اور این سی پی ۱۰؍ سیٹوں پر لڑےگی، تمام سیٹوں پر اتفاق رائے۔

Uddhav Thackeray addressing the media. Sharad Pawar and Nana Patole can also be seen together. Photo: PTI
ادھو ٹھاکرے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے۔ ساتھ میں شرد پوار اور نانا پٹولے بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

طویل انتظار اور اختلافات کی متعدد خبروں کے بعد آخر کار گڈی پاڑوا  پر مہا وکاس اگھاڑی (انڈیا اتحاد)  نے نہ صرف سیٹوں کی تقسیم کا اعلان کردیا بلکہ مل کر مقابلہ کرنے اور بی جے پی کو ہر قیمت پر اقتدار سے بے دخل کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ انڈیا اتحاد کے لیڈروں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں لوک سبھا انتخابات میں مہاراشٹر کی ۴۸؍  حلقوں کے لئے سیٹوں کی تقسیم کااعلان کر دیا گیا۔ اعلان کے مطابق مہاو کاس اگھاڑی کی تین بڑی پارٹیاں کانگریس ۱۷؍ سیٹوں پر ، این سی پی (شرد  پوار) ۱۰؍ سیٹوں پر اور شیو سینا (ادھو ) ۲۱؍ سیٹوں پر  انتخاب لڑے گی ۔ اس سمجھوتے کے مطابق ممبئی کی ۶؍ پارلیمانی سیٹوں میں سے ۴؍ سیٹوں پر شیو سینا اور ۲ ؍سیٹوں پر کانگریس اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔ اسی طرح جو خبریں آرہی تھی کہ ممبئی نارتھ، بھیونڈی  اور سانگلی کی سیٹوں پر  اتفاق رائے نہیں بن پارہا تھا تو اس کی گتھی بھی سلجھ گئی ہے۔ اب ممبئی نارتھ سے کانگریس، بھیونڈی سےاین سی پی اور سانگلی کی سیٹ سے شیو سینا امیدوار میدان میں اترے گا۔  

یہ بھی پڑھئے: وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کو دہلی ہائی کورٹ سے بھی راحت نہیں ملی،گرفتاری کو چیلنج کرنے والی عرضی خارج

ممبئی کے شیوالیہ ہال میں منعقدہ اس پریس کانفرنس میں  این سی پی سربراہ شرد پوار ، شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے، کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے،  سینئر لیڈر پرتھوی راج چوہان، بالا صاحب تھورات، رکن پارلیمان اور انڈیا اتحاد کے ترجمان سنجے راؤت، جینت پاٹل، سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ،عام آدمی پارٹی کے لیڈر دھننجے شندے، مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے لیڈر، سماجوادی گن راجیہ پارٹی کے رکن اسمبلی کپل پاٹل اور مہا وکاس اگھاڑی کے دیگر اتحادی موجود تھے۔ پریس کانفرنس میں شرد پوار نے کہا کہ سیٹوں کی تقسیم اتفاق رائے سے کی گئی ہے ۔ ہمارا عزم ہے کہ بی جے پی کو شکست دی جائے اور یہ ملک اور اس کا شاندار آئین محفوظ کیا جائے۔ہمیں یقین ہے کہ اس مرتبہ ملک کے عوام اور ریاست کے عوام ہم پر بھروسہ کریں گے اور ہمیں ووٹ دیں گے۔ جب یہ سوال پوچھا گیاکہ کچھ سیٹوں پر پارٹی کے فیصلہ سے و رکرس ناراض ہیںتو ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ الیکشن جیتنے کا واحد مقصد سامنے رکھنے کےبعد اپنی کچھ امیدوں سے سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے کیونکہ زیادہ اہم یہ ہے کہ ہم کیوں اور کس کیلئے الیکشن لڑ رہے ہیں ،لیکن اب کسی کے دل میں کوئی ناراضگی نہیں ہے سبھی لوگ مل جل کر الیکشن جیتنے کےکام میں لگ گئے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے نے یقین کااظہار کیاکہ اس بار بی جے پی کو جنتاتڑی پار کر ے گی۔
اس سلسلے میں کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہاکہ کانگریس کے ورکروں  اور ملک کے عوام نے  یہ نہیں بھولے ہیں کہ کس طرح بیمار ہونے کےباوجود سونیا گاندھی کو  ای ڈی آفس میں بلا کرگھنٹوں بٹھایا گیا اورکس طرح راہل گاندھی کو پریشان کیاگیا۔ اس بےعزتی کا بدلہ لینے کیلئے کانگریس پارٹی  نے بڑا دل کر کے سیٹوں کی تقسیم میں قربانی دی ہے۔ انہوں نے یقین دلایاکہ بھیونڈی، سانگلی اور دیگر جگہوں پر کانگریس کے ورکر مہا وکاس اگھاڑی کے امیدوار کو فتحیاب کرانے کیلئے پوری طاقت لگا دیں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ مہاوکاس اگھاڑی کے سبھی امیدوار جیتیں گے۔الیکشن کے پہلے مرحلے میں وردبھ میں ہمارے سبھی امیدوار فتحیاب ہوں گے۔
 نانا پٹولے  نے مزید کہا کہ مودی اور بی جے  پی نے عوام کے کام نہیں کئے اور ان کے پاس بتانے کو کچھ نہیں ہے اس لئے وہ مسلمانوں کو برا بھلا کہنے اور اپوزیشن کو نشانہ بنانے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے۔ جس طرح  بھگوان کے نام پر دے دے بابا کہہ کر بھیک مانگی جاتی ہے اسی طرح وہ مودی کےنام پر ووٹ مانگ رہے ہیں۔لیکن عوام انہیںووٹ نہیں دیں گے ۔واضح  رہے کہ  ادھو ٹھاکرے نے لوک سبھا انتخابات کیلئے پہلے ہی۲۱؍ امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ کچھ دن پہلے شیو سینا  نے ۴؍امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کی تھی۔ اس سے قبل انہوں نے ۱۷؍امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK