۱۵؍ سو فلیٹوں کے نامکمل ہونے، آکیوپینسی سرٹیفکیٹ نہ ہونے اور عنقریب الیکشن کے سبب امیدواروں کو قبضہ تاخیر سے دیا جائے گا۔ ۸؍ اکتوبر کوآن لائن لاٹری کا انعقاد کیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: October 04, 2024, 10:43 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
۱۵؍ سو فلیٹوں کے نامکمل ہونے، آکیوپینسی سرٹیفکیٹ نہ ہونے اور عنقریب الیکشن کے سبب امیدواروں کو قبضہ تاخیر سے دیا جائے گا۔ ۸؍ اکتوبر کوآن لائن لاٹری کا انعقاد کیا جائے گا۔
مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایئریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( مہاڈا ) کے ذریعہ شہر اور مضافات میں ۲؍ ہزار ۳۰؍ گھروں کو لاٹری کے ذریعہ دیئے جانے کا فیصلہ جلد بازی میں کیا گیا جس کی وجہ سے لاٹری میں نام آنے کے باوجود خوش قسمت درخواست گزاروں کو اس کا قبضہ تاخیر سے دیا جائےگا۔ مہاڈا نے کئی فلیٹوں کے نامکمل ہونے اورآکیوپینسی سرٹیفکیٹ (او سی)حاصل کئے بغیر لاٹری کیلئےدرخواستیں طلب کرنے اور لاٹری کے ذریعہ ناموں کے اعلان کی تاریخ کا تعین کر لیا تھا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق شہر اور مضافات میں مہاڈا کے جن ۲۰۳۰؍ گھروں کا ۸؍ اکتوبر کو لاٹری کے ذریعہ اعلان کیا جانے والا ہے، ان میں سے ۱۵۰۰؍ سےزیادہ فلیٹ ایسے ہیں جو اب تک مکمل نہیں ہوسکے ہیں۔ یہی نہیں مذکورہ بالا بلڈنگوں کا، آکیوپینسی سرٹیفکیٹ( او سی ) بھی حاصل نہیں کیاجاسکاہے۔ اس کے علاوہ ایک مسئلہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عنقریب ہونے والے اسمبلی الیکشن کے سبب بھی لاٹری کے ذریعہ خوش قسمت امیدوارو ں کے ناموں کا اعلان کرنے کے باوجود انہیں فوری طو رپر فلیٹ کی چابی یا اس کا قبضہ نہیں دیا جائے گا۔ گزشتہ سال حکومت نے صرف انہیں گھروں کی لاٹری کی تھی جو مکمل تیار تھے اور لاٹری کے بعد خوش قسمت امیدواروں کے نام کے اعلان کے ساتھ ہی انہیں فلیٹ کا قبضہ دے دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ شہر اور مضافات کے جن علاقوں میں مہاڈا لاٹری کے ذریعہ مکانات دےگی ان میں پوائی، گوریگاؤں ، ملاڈ، اندھیری، کرلا، وکھرولی، انٹاپ ہل، وڈالا اور تاردیو شامل ہیں ۔ مہاڈا کے ایک سینئر افسر نے لاٹری کے فوراً بعد خوش قسمت امیدوار کو فوری طور پر فلیٹ حوالے نہ کرنے کے۲؍ جواز پیش کئے ہیں۔
آفیسر کے بقول اسمبلی الیکشن سے قبل موجودہ حکومت رائے دہندگان کو اپنی طرف متوجہ کرنےکی حکمت عملی کے سبب ۸؍ اکتوبر کو لاٹری کے ذریعہ فلیٹ دیئے جانے کا اعلان کرنےپرمجبورکیاہے۔ وہیں اب نومبر میں الیکشن ہونا ہے اور اس سے قبل ضابطہ اخلاق کے نافذ ہونے سے بھی لاٹر ی ہونےکے باوجود فوری قبضہ نہیں دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دوسری وجہ یہ بھی ہے کہ جن ۱۵؍ سو فلیٹوں کا کام مکمل ہوئے بغیرانہیں لاٹری میں شامل کیا گیا ہے، اس کے پورا ہونے میں ابھی مزید ۳؍ ماہ کاوقت لگ سکتا ہے اس لئے بھی امیدواروں کو فوری قبضہ ملنا مشکل ہے۔