Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاڈا کا ۳۴؍کالونیوں میں آپلا دواخانہ شروع کرنے کا معاہدہ

Updated: April 04, 2025, 11:03 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

’ ون روپی کلینک‘ کے اشتراک سے شروع ہونے والے دواخانوںمیںمشورے کی فیس ایک روپیہ ہوگی جبکہ طبی جانچ ۱۰؍روپےمیں کی جائے گی

Now, Apala Dawakhana will be started in Mahada colonies in different areas of the city. (File photo)
اب شہر کے مختلف علاقوں میں مہاڈا کی کالونیوں میں آپلا دواخانہ شروع کیا جائےگا۔(فائل فوٹو)

ریاستی ہائوسنگ منسٹر ایکناتھ شندے کی ہدایت پر مہاراشٹر ہائوسنگ اینڈایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (مہاڈا) نے ’ون روپی کلینک‘ کے اشتراک سے قلابہ،کف پریڈ،سائن ، باندرہ ،کرلا، وکھرولی اور دیگر علاقوںکی ۳۴؍ مہاڈاکالونیوں میں آپلادواخانہ اسکیم کے تحت ۴۰۰؍ مربع فٹ اراضی پر طبی شفاخانہ شروع کرنےکا معاہدہ کیاہے ۔ان دواخانوں میںایک روپے کنسلٹیشن فیس اور ۱۰؍ روپے میں طبی مثلاً خون اور ذیابیطس وغیرہ کی جانچ ہوگی۔ اس سے مذکورہ کالونیوں کے ہزاروں مکینوں کے علاوہ عام شہریوںکو علاج کرانےمیں آسانی ہوگی۔
 مہاڈا نے آپلادواخانہ اسکیم کے تحت ممبئی میں اپنے دائرہ اختیار کے تحت۳۴؍ رہائشی کالونیوں میں معمولی فیس پر صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے کیلئے ون روپی کلینک سے معاہدہ کیا ہے۔یہ کلینک صرف ایک روپے میں طبی مشورے دے گی جبکہ خون کے ٹیسٹ اور ذیابیطس کے معائنے سمیت تشخیصی خدمات ۱۰؍روپے میں دستیاب ہوں گی۔ریاست کے ہاؤسنگ منسٹر ایکناتھ شندے کی ہدایت پر شروع کی جانے والی مہم کا مقصدان علاقوں کے رہائشیوں کے ساتھ عام لوگوں تک طبی خدمات پہنچانا ہے۔
 واضح رہےکہ ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے  نے۲۰۲۳ءمیں بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط کرنےکیلئے آنجہانی بالاصاحب ٹھاکرے کے نام سے سرکاری طور پر’ ہندو ہردے سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے آپلا دواخانہ‘ متعارف کرایاتھا۔اس پروجیکٹ کابنیادی مقصد شہریوںکو ان کی رہائش گاہ کےقریب علاج کی مفت سہولیات مہیاکرناتھا۔یہاں بخار، پیٹ کے امراض، بلڈ پریشر اورذیابیطس جیسی بیماریوں کے علاج کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ آپلادواخانے میں خون کی جانچ ، ٹی بی کاٹیسٹ اور دیگر طبی جانچ کی سہولیات دسیتاب ہیں۔
 عموماً جن امرا ض کے علاج کیلئے سرکاری اسپتال جانے کی ضرورت پیش آتی ہے ،ان بیماریوں کا علاج گھر کے قریب کرنےکےمقصد کےتحت آپلا دواخانہ شروع کیاگیاتھا۔ ان دواخانوں میں ۵؍ عملے کی ایک چھوٹی ٹیم ہوتی ہے - ایک ڈاکٹر، ایک نرس، ایک فارماسسٹ، ایک لیب ٹیکنیشن اور ایک انتظامی رکن کی تقرری کی جاتی ہے۔آپلا دواخانہ میں علاج بالکل مفت ہوتاہے۔ یہاںمفت ادویات ، مشورے، علاج اور تشخیص کی سہولیات مہیاہیں۔ میڈیکل ہسٹری اور دیگر ضروری معلومات کو مریض کے آدھار نمبر کے ساتھ ڈیجیٹل طور پر محفوظ کیا جاتا ہے۔ ڈیجیٹل طور پر ریکارڈ کو برقرار رکھنا آسان ہے، کیونکہ اکثر مریض اپنے کیس پیپر لانا بھول جاتے ہیں۔یہاں علاج کیلئے آنے والے مریضوں کی اکثریت کا تعلق غریب طبقے سے ہوتاہے ، وہیں متوسط ​​طبقے کی آبادی بھی ان دواخانوں سے علاج کرواتی ہے۔یہاں بنیادی علاج کیاجاتاہے ، اگر کسی مریض کو ماہرڈاکٹر  سے مشورہ کرنے کی ضرورت ہو، تو اسےبراہ راست بڑے اسپتال جانے کا مشورہ دیاتھا۔اس پروجیکٹ کے تحت ممبئی سمیت ریاست کےدیگر اضلاع میں بھی مفت طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اسی پروجیکٹ کےمعرفت مہاڈا اور ون روپی کلینک نے مہاڈا کی کالونیوںمیں آپلا دواخانہ شروع کرنے کا معاہدہ کیاہے۔ 
 مہاڈا نے اس اسکیم کو نافذ کرنے کیلئےمیجک ڈیل ہیلتھ فار آل ،جس کے زیر نگرانی ون روپی کلینک مہم جاری ہے ،سے معاہدہ کیاہے۔مہاڈا کے ایک ترجمان کےمطابق مذکورہ معاہدہ مہاڈا کے صدر دفتر باندرہ میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر سنجیو جیسوال، مہاڈا کے اعلیٰ افسران اور سینئر حکام کے علاوہ ون روپی کلینک کے نمائندوںکی موجودگی میں کیاگیا۔ قلابہ ،کف پریڈ، چمبور، باندرہ ،کرلا، جوہو، کاندیولی، بوریولی، اندھیری ، سائن اور گھاٹ کوپرمیں مہاڈا کی کالونیوںمیں یہ دواخانے شروع کئے جائیں گے۔کلینک کیلئے کالونی میں ۴۰۰؍مربع فٹ جگہ مختص کی جائے گی۔ان کلینک کوقائم کرنے کا مقصد مہاڈاکالونی کےعلاوہ اطراف کے علاقوںمیں رہائش پزیرہزاروں عوام کو طبی امداد پہنچاناہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK